1
سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں موجود تمام جرائم کا اطلاق فوجی افسران پر ہی ہو گا۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے کیس کی سماعت کی، وزارتِ دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل شروع کردیئے۔
دوران سماعت جسٹس امین الدین خان نے خواجہ حارث سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ مناسب ہوگا کل تک اپنے دلائل مکمل کر لیں، کون سے مقدمات فوجی عدالتوں کو منتقل ہوئے اور کیوں ہوئے اس کو مختصر رکھیے گا، ججز کے اس حوالے سے سوالات ہوئے تو آخر میں اس کو بھی دیکھ لیں گے۔
وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے آرمی ایکٹ کی سیکشن(4) 59کو بھی کالعدم قرار دیا ہے جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں کہا کہ آرمی ایکٹ میں کئی جرائم کا ذکر بھی موجود ہے، ایکٹ کے مطابق تمام جرائم کا اطلاق فوجی افسران پر ہوگا۔
2
لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم سرما کی تعطیلات کے بعد سرکاری و نجی سکولوں میں آج سے تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا۔محکمہ تعلیم نے حالیہ سردی کی لہر کے پیش نظر چھٹیوں کے بعد سکولوں کے اوقات کار تبدیل کردئیے ، پنجاب بھر کے نجی و سرکاری سکولوں کی نئی ٹائمنگ جاری کر دی گئی ۔
محکمہ تعلیم کے مطابق پیر سے سکولوں کے اوقات کار 9 سے دوپہر 2 بجے تک ہوں گے جبکہ جمعہ کے روز سکول صبح 9 سے دوپہر 12 بجے تک کھلیں گے۔
3
خیبرپختونخوا کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔محکمہ اسٹیبلشمنٹ اور انتظامی امور خیبرپختونخوا نے اجلاس ملتوی ہونے کا اعلامیہ جاری کردیا۔اعلامیہ کے مطابق خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس اب 15 جنوری کو دو پہر ڈیڑھ بجے ہوگا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں کابینہ اراکین اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز شرکت کرینگے۔
4
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے کہتے تھے ان سے ہاتھ نہیں ملانا چاہتے یہ فارم 47والے ہیں، آج یہ خود سپیکر کو فون کر رہے ہیں کہ جلدی جلدی مذاکرات کریں۔ پیپلز پارٹی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے، ہم نےاتحادی جماعتوں کو ایک میز پر بٹھایا تھا، ہم آج بھی ڈائیلاگ کی حمایت میں ہیں لیکن مجھے اس مخلوق سے اچھائی کی کوئی امید نہیں ہے۔
پی ٹی آئی والوں نے بڑے بول بولےتھے، اللہ کو بڑے بول پسند نہیں ، جن جن کے خلاف یہ باتیں کرتے تھے آج وہ ان کے سیاسی مسیحا بن گئے، مولانا فضل الرحمان کو پتا نہیں کیا کیا کہتے تھے آج ان کے پاؤں پڑے ہوئے ہیں، انہوں نے آج مولانا فضل الرحمان کو سیاسی مسیحا بنایا ہو اہے۔
یہ چاہتے ہیں ہمیں کوئی این آر او مل جائے، جو ان کے کرتوت ہیں ان کو این آر او نہیں ملنا، آپ سمجھتے ہیں کہ کرتوت ٹھیک تھے تو آپ کو سز انہیں ملنی، اگر آپ کے کرتوت غلط تھے تو سماعت 5 بار بھی ملتوی ہوجائے سزا ملے گی، میں سمجھتا ہوں عمران خان القادر ٹرسٹ کیس میں ملوث ہیں۔پشاور میں پریس کانفرنس
5
قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا، 10 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔ایجنڈے کے مطابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ قومی کمیشن برائے انسانی حقوق ترمیمی بل ایوان میں پیش کریں گے، قومی کمیشن برائے مقامِ خواتین ترمیمی بل بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب دوسرے این ایف سی ایوارڈ پہ عملدرآمد کی ششماہی نگرانی رپورٹ ایوان کے سامنے رکھیں گے، انسانی سمگلنگ مافیا کے خلاف اقدامات سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس ایجنڈا کا حصہ ہے۔ضرورت مند افراد کو مفت یا رعایتی علاج کی فراہمی میں ناکامی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایوان میں پیش کیا جائے گا۔
6
پی ایس ایل کے تمام پچھلے 9 سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل سرفراز احمد نے دسویں سیزن کے ڈرافٹ سے قبل فرنچائز کو خیرباد کہہ دیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ دنوں پی ایس ایل 2025 کے ڈرافٹ سے قبل سرفراز کو ریلیز کر دیا تھا اور اپنی اعلان کردہ ریٹینشن لسٹ میں شامل نہیں کیا، جس کے بعد قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ شاید فرنچائز انہیں ڈرافٹ میں منتخب کرے گی۔
گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے خود ریٹینشن لسٹ کے اعلان کے بعد ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ 13 جنوری کو ڈرافٹ میں سرفراز احمد کو منتخب کریں گے، تاہم سرفراز نے اعلان کیا کہ ان کا گلیڈی ایٹرز کے ساتھ سفر ختم ہو چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ میرا ٹائم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ اختتام ہوا جاتا ہے، 9 سال کے سفر میں بہت فخر محسوس کرتا ہوں، ٹیم کے ساتھ میرا سفر بہت ہی شاندار اور خوبصورت رہا۔
7
کچے کے ڈاکوؤں نے حملہ خانپور کے علاقے ججہ عباسیہ کی بستی لاشاری میں کیا، کچے کے اندھڑ گینگ نے پولیس کے مبینہ جانثار عثمان چانڈیو کے گھر پر حملہ کرکے 2بچوں سمیت 4 افراد کو قتل کیا، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔پولیس حکام نے مزید بتایا کہ حملہ انڈھڑ گینگ نے عثمان چانڈیہ کے گھر میں موجود قریبی عزیزوں پر کیا ہے، عثمان چانڈیہ نے پولیس کا مخبر بن کر کچے میں اندھڑ گینگ سے دوستی کے بعد جانو اندھڑ سمیت کئی ساتھیوں کو قتل کیا تھا۔پولیس نے بستی میں حملہ کرکے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو پکڑنے کیلئے کارروائی شروع کر دی، ضلع بھر سے پولیس کی بھاری نفری علاقے میں طلب کر لی گئی۔


