1
سعودی عرب نے عمرہ زائرین کیلئے مختلف بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسینیشن لازمی قرار دے دی۔سعودی سول ایوی ایشن گاکا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عمرہ زائرین کے لیے تمام ضروری ویکسینیشن اور احتیاطی تدابیر لازمی ہوں گی۔نوٹیفکیشن میں مسافروں کو صحت دستاویزات، بشمول ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
2
قطر نے غزہ جنگ بندی کا حتمی مسودہ اسرائیل اور حماس کو بھجوادیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں غزہ جنگ بندی اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جاری مذاکرات میں رات گئے مثبت پیش رفت ہوئی جس کے بعد قطر نے معاہدے کا حتمی مسودہ (فائنل ڈرافٹ) اسرائیلی حکام اور حماس کے حوالے کردیا۔ اسرائیلی حکام نے نیوز ایجنسی کی رپورٹ پر جاری بیان میں جنگ بندی معاہدے سے متعلق حتمی مسودہ ملنے کی نفی کردی۔
3
پاکستان، سعودیہ کے درمیان حج 2025 کا معاہدہ طے، سعودی وزارت حج کے مطابق وفاقی وزیر چوہدری سالک اور سعودی وزیرحج ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے معاہدے پردستخط کیے جس کے تحت ایک لاکھ79 ہزار 210 پاکستانی رواں سال فریضہ حج ادا کریں گے۔سعودی وزارت حج کے مطابق پاکستانی عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔حج آسان اورآرام دہ بنانےکے لیے 20 ،25 دن کامختصرحج پروگرام متعارف کرایا گیا ہے، پاکستانی حجاج کو منیٰ میں خصوصی جگہ دی جائے گی اور نرخ بھی کم ہوں گے۔
4
ملک میں آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 1500 روپے کمی ہوئی ہے۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 1500 روپے کمی کے بعد 2 لاکھ 79 ہزار 300 روپے ہوگئی ہے۔ 10 گرام سونے کا بھاؤ 1286 روپےکمی سے 2 لاکھ 39 ہزار 455 روپے ہوگیا ہے۔
5
مریم نواز کا مستحق افراد کیلئے جلد مفت زمین اسکیم لانے کا اعلان،لاہور میں ہاؤسنگ اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں جن کے پاس زمین خریدنےکے پیسےنہیں، انہیں 3 مرلے کے مفت پلاٹ دیں گے۔
مریم نواز نے اعلان کیاکہ ’اپنا گھر اپنی چھت اسکیم دنیا کی بہترین ہاؤسنگ اسکیم ہے جس کے تحت سال بھر میں ایک لاکھ گھر بنانےکا منصوبہ ہے، 15 لاکھ روپے تک بلا سود آسان قرض دیا جائےگا،کوئی بھی اسکیم ہو یا اسکالر شپ ، میرٹ سے ہٹ کر کچھ نہیں کیا۔
6
سپریم کورٹ میں سویلینز کے ملٹری ٹرائل کیس کی سماعت کے دوران ججز نے اپنے ریمارکس میں سابق آرمی چیف و صدر پرویز مشرف اور آرٹیکل 6 کا ذکر بھی کیا۔ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی جس سلسلے میں وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیے۔
دوران سماعت جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ عدلیہ مارشل لاء کی توثیق کرتی رہی ہے، کیا غیر آئینی اقدام پر ججز بھی آرٹیکل 6 کے زمرے میں آتے ہیں؟ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں ججوں کے نام لیے گئے تھے مگر بعد میں نکال دیے گئے، جسٹس مسرت ہلالی نے سوال کیا کہ کیا آرمی ایکٹ میں آئین کو معطل کرنے کی سزا ہے؟ وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ آرمی ایکٹ میں حلف کی خلاف ورزی کی سزا ہے، آئین معطل کرنے کی سزا آرٹیکل 6 میں ہے اور آئین ہر قانون پر فوقیت رکھتا ہے۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں جن جرائم کا ذکر ہے قانون کے مطابق ان کا اطلاق فوجی افسران پر ہوگا۔
7
جاپان میں زلزلے کے شدید جھٹکے، ممکنہ سونامی کی وارننگ جاری،غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق زلزلہ پیما مرکز کا بتانا ہے کہ زلزلے کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی ہے اور اس کی گہرائی 37 کلومیٹر تھی۔خبررساں ایجنسی کے مطابق زلزلے کے باعث ممکنہ سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔جاپان کے جنوبی علاقوں میں موجود ایٹمی بجلی گھروں میں اب تک صورتحال معمول کے مطابق ہے۔


