1
الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کیلئے بجلی 45 فیصد سستی کرنے کا اعلان،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، الیکٹرک گاڑیوں کی عوام تک رسائی کے لیے چارجنگ سٹیشنز کے قواعد و ضوابط بنا لیے ہیں، ای وی سٹیشنز کا بجلی کا ٹیرف 45 فیصد کم کر دیا۔
سال 2023 کے 5 ماہ جولائی سے نومبر کے مقابلے سال 2024 میں گردشی قرضے میں کمی آئی، اس عرصے کے دوران ہماری کارکردگی بہتر رہی، تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے سال 2023 کے ان مہینوں کے دوران 223 ارب کا نقصان کیا جو سال 2024 کے مذکورہ مہینوں میں 170 ارب سے بڑھنے نہیں دیا۔ گزشتہ روز کابینہ کمیٹی برائے توانائی میں وزیراعظم نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام انڈسٹریل زونز کو مساوی بنیادوں پر بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا، تمام صنعتی اور اقتصادی زونز سے متعلق طریقہ کار کو تبدیل کیا ہے۔
2
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 5 سال چور چور کا راگ الاپنے والے کوئی ثبوت نہیں دے سکے، جلاؤ گھیراؤ اور تشدد ہماری سیاست نہیں، میرا احتساب عوام نے کرنا ہے۔
ہونہار سکالر شپ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، سکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔طلبہ کو میرٹ پر سکالر شپس دی جا رہی ہیں، کوئی سفارش قبول نہیں کی، 11 ماہ کے عرصے میں کسی بھی محکمے میں سفارش پر کوئی تعیناتی نہیں کی۔
سکالر شپ پروگرام سیکنڈ ایئر اور تھرڈ ایئر کے طلبہ کیلئے بھی جلد شروع کیا جائے گا، وزیراعلیٰ ہونے کی حیثیت سے مجھے صوبے کے ہر طالبعلم کا خیال رکھنا ہے، کوشش ہے صوبے میں کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے، مستحق اور لائق بچوں کی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔سیالکوٹ میں گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب
3
اے پی ایس حملے میں گٹھ جوڑ موجود تھا تو فوجی عدالت میں ٹرائل کیوں نہیں ہوا؟اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے آئینی بنچ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس جمال خان مندوخیل نے استفسار کیا ہے کہ اے پی ایس حملے میں گٹھ جوڑ موجود تھا تو فوجی عدالت میں ٹرائل کیوں نہیں ہوا؟ فوجی عدالت میں دہشت گردوں کے ٹرائل کیلئے آئین میں ترمیم کیوں کرنا پڑی؟جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق کیس کی سماعت کی، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد بلال بنچ میں شامل ہیں۔
4
ن لیگ کا دفتر جلانے کا کیس: ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چودھری و دیگر پر فرد جرم عائد،انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی 2023 کو لاہور میں مسلم لیگ (ن) کا دفتر جلانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، سینیٹر اعجاز چودھری سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔
عدالت میں سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ صنم جاوید نے پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔دوران سماعت ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، عدالت نے اگلی تاریخ پر پراسیکیوشن سے گواہان کو طلب کر لیا اور ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چودھری و دیگر پر فرد جرم عائد کر دی۔بعدازاں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 جنوری تک ملتوی کردی۔
5
امدادی اشیاء پر مشتمل 25 گاڑیوں کا قافلہ پاراچنار پہنچ گیا۔امدادی اشیاء کا قافلہ گزشتہ روز ٹل سے روانہ ہوا تھا، قافلے میں آٹا، چینی، چکن اور دیگر امدادی اشیاء شامل ہیں، امدادی قافلے میں روزمرہ استعمال کی سبزیاں بھی شامل ہیں۔ قافلے کیلئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے، امدادی قافلے کی فضائی نگرانی بھی کی گئی، گزشتہ روز 20 ٹرکوں کو واپس کر دیا گیا تھا۔سرکاری ذرائع کے مطابق بنکر کی مسماری کیلئے آپریشن بھی آج شروع ہونے کا امکان ہے، بنکر مسماری کا عمل انتظامیہ، پولیس، سکیورٹی فورسز کی نگرانی میں کیا جائے گا۔