1
جی ایچ کیو حملہ کیس کا باقاعدہ ٹرائل شروع، گواہان نے ملزمان کی نشان دہی کردی۔راولپنڈی 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا باقاعدہ ٹرائل شروع ہوگیا اورجج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی جہاں استغاثہ کے 4 چشم دیدگواہان نے اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔
استغاثہ کے گواہان میں راولپنڈی پولیس کے اے ایس ائی ثاقب، کانسٹیبل شکیل، سجاد اور یاسر شامل تھے اور انہوں نے ملزمان سے برآمد ہونے والے اہم ثبوت عدالت میں پیش کر دیے۔گواہان نے ملزمان سے برآمد اینٹی رائٹ فورس سے چھینا گیا ہیلمٹ اورپٹرول بم عدالت میں پیش کر دیا، شواہد میں شہدا کے مجسموں کے برآمد ٹکڑے، موبائل فون بھی پیش کر دیے گے۔
دوران سماعت کمرہ عدالت ملزمان، وکلا، پراسیکیوشن اور میڈیا کے نمائندوں سے کچھا کھچ بھرا رہا اور اس دوران وکلا صفائی اور پراسیکیوشن ٹیم کے مابین سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔کمرہ عدالت میں موجود ملزمان کے شور کے باعث عدالت نے ساؤنڈ سسٹم کا استعمال کیا اور ملزمان کو وارننگ بھی دی اور گواہان کی شہادت بھی ساؤنڈ سسٹم کے ذریعے ریکارڈ کی گئی۔گواہان کی شہادت کی ریکارڈنگ کے دوران بانی پی ٹی آئی بھی کمرہ عدالت میں موجود رہے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پراستغاثہ کے 5 مزید گواہ طلب کر لیے اور جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہفتہ 18 جنوری تک ملتوی کر دی۔
2
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کا حوصلہ بلند ہے، وہ کہتے ہیں کہ پاکستان اس طرح سے آگے نہیں بڑھ سکتا، 8 فروری کو ملک بھر میں احتجاج ہوگا۔ دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج کسی کو سن ہی نہیں رہے، سب پر مشترکہ فرد جرم عائد کر دی گئی ہے، مجھے یہی پتہ نہیں کہ ہمارا جرم کیا ہے اور مجھ پر فرد جرم عائد ہو گئی ہے۔
عمران خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خان صاحب کا حوصلہ بلند ہے ، وہ کہتے ہیں کہ پاکستان اس طرح سے آگے نہیں بڑھ سکتا، ملک ایک ہیجانی کیفیت میں ہے، اس سے ملک میں دہشت گردی بڑھ گئی ہے اورمعیشت بیٹھ گئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ معاملات بہتری کی طرف جائیں، دوسرے فریق کو بھی اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔
خان صاحب چاہتے ہیں کہ چیزیں بہتر ہوں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے 8 فروری کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا ہے، 8 فروری کو پورے ملک میں احتجاج ہوگا۔اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو
3
کراچی میں 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ پر چیمبر آف کامرس کا وفاقی حکومت سے مداخلت کا مطالبہ،کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد جاوید بلوانی نے کے الیکٹرک کو شدید تنقید نشانہ بناتے ہوئے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس اہم معاملے میں مداخلت کرے کیونکہ حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کی تمام کوششیں صرف کے الیکٹرک کی بے لگام لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے داؤ پر لگ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کراچی کے شہریوں اور تاجر برادری کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے جو کے ای کی نااہلی کی وجہ سے حال ہی میں اعلان کردہ سستی بجلی سہولت پیکج سے مستفید ہونے سے قاصر ہیں۔
سستی بجلی سہولت پیکیج ملک کے باقی حصوں کے لیے ایک قابل ستائش قدم ہے جو کہ رہائشی اخراجات اور بڑھتی کاروباری لاگت کے پیش نظر ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے تاہم کراچی میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے یہاں کے رہائشی اور صنعتیں اس انتہائی ضروری فائدے سے محروم ہیں۔
4
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمیشہ کہتا ہوں سیاستدانوں کو جیل میں نہیں ہونا چاہئے، ملک کو دھاندلی سے پاک انتخابات کی ضرورت ہے۔ سب سے پہلی ترجیح عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے، سایسی آدمی ہوں اس لیے ہمیشہ مذاکرات کا حامی ہوں، مجھے پی ٹی آئی کے مطالبات کا نہیں معلوم، میری خواہش ہے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہوں۔
سیاستدانوں کے غلط رویوں کی وجہ سے آج پارلیمان بے معنی ہوگئی ہے، ملک میں دھاندلی سے پاک انتخابات کی ضرورت ہے، ادارے اپنی مرضی کی حکومت بنانا چاہتے ہیں جسے وہ اپنی لاٹھی سے ہانک سکیں مگر یہ ایک ناجائز خواہش ہے۔ ہم نظریاتی سیاست کرنا چاہتے ہیں مگر اسٹیبلشمنٹ کا نظریات سے کوئی تعلق نہیں، وہ صرف اپنی اتھارٹی کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، آئین میثاق ملی ہے اگر اس کی خلاف ورزی ہوگی تو یہ بے معنی ہوجائے گا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو
5
گزشتہ سال 12 ارب روپے سے زائد کی بجلی چوری کا انکشاف،وزارت توانائی نے 2024 میں بجلی چوری سے متعلق تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں جس میں اربوں روپے کی بجلی چوری کا انشکاف ہوا۔پیش کی گئیں دستاویز کے مطابق بجلی چور صارفین سے 5 ارب 83 کروڑ وصول کر لیے گئے جبکہ بجلی چوری کے خلاف 2 لاکھ 16 ہزار ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا۔
6
پرفارم نہ کیا تو تنخواہ سے کٹوتی ہوگی” بھارتی بورڈ کا بڑا فیصلہ،بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) فیملیز کو ٹور پر ساتھ لیجانے کے معاملے پر سخت کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کے تحت کھلاڑیوں کے ہمراہ اہلخانہ اور گرل فرینڈز سمیت کسی کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
بورڈ حکام کا خیال ہے کہ دورے کے دوران بیویوں اور اہلخانہ کے کھلاڑیوں کے ساتھ رہنے سے ان کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے، بارڈر-گواسکر ٹرافی سیریز کے دوران کئی کرکٹرز اہلخانہ کیساتھ دورہ آسٹریلیا پر موجود تھے۔نئے قانون کے تحت بھارتی کرکٹ بورڈ میدان میں خراب پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کی تنخواہ میں کٹوتی کرے گا۔
7
مریم نواز کی جعلی تصاویر شیئر کرنے پر دو ملزم گرفتار، عمران ریاض، شہباز گل پر مقدمات درج، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور یو اے ای کے صدر کی اے آئی کے ذریعے بنائی گئی جعلی تصاویر شیئر کرنے پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے عمران ریاض خان، شہباز گل سمیت مزید پانچ ملزمان پر مقدمات درج کرلیے۔
شہباز گل اور عمران ریاض کے خلاف مقدمہ ایف آئی اے سائبر کرائم لاہور میں درج کیا گیا، مقدمہ نمبر 13/25 پیکا ایکٹ 2016 کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے جب کہ ملتان اور فیصل آباد میں بھی تین ملزمان عامر عباس، اعجاز اور ندیم جاوید پر مقدمات درج کرتے ہوئے عامر عباس اور اعجاز کو گرفتار کرلیا ایک ملزم کی گرفتاری باقی ہے۔


