1
پی ٹی آئی کی جانب سے 8 فروری کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ،ذرائع کے مطابق بدھ کے روز وکلا سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماؤں کیلئے اہم ہدایات جاری کی ہیں اور 8 فروری کو احتجاج کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز کواپنے اپنےعلاقوں میں احتجاج کی تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔بانی پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماؤں کو سربراہ جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان کے خلاف بیانات دینے سے بھی روک دیا ہے۔
2
وزیر اعلیٰ پنجاب کی گاڑی کے سامنے احتجاج کی کوشش پر گرفتار شہری تفتیش کے بعد رہابدھ کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز جی سی وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں تقریب میں شرکت کے لئے کچہری چوک پہنچیں تو ایک شہری نے ان کے قافلہ کی طرف دوڑ لگا کر ان کی گاڑی کے سامنے اختجاج کرنے کی کوشش کی مگر شہری کو قافلہ کی طرف دوڑ لگاتے دیکھ کر پولیس کی بھی دوڑیں لگ گئی۔
شہری وزیر اعلیٰ کے سامنے اپنی درخواست پیش کرنا چاہتا تھا لیکن پولیس نے اسے پکڑ کر ایک طرف کردیا۔شہری نے ہاتھ میں درخواست پکڑ رکھی تھی اور انصاف کے حصول کے لیے دہائیاں دیتا رہا۔شہری کا کہنا تھا کہ پولیس اسکے ساتھ تعاون نہیں کر رہی ، اسے انصاف دلوایا جائے۔پولیس کے مطابق شہری کی شناخت آفتاب کے نام سے ہوئی جبکہ اس کا شناختی کارڈ رکھ کر اسے چھوڑ دیا گیا ہے۔
3
گاڑیوں کی ٹوکن ٹیکس فیس کی ادائیگی کی تاریخ میں 15 دن کی مزید توسیع،مقررہ تاریخ کے اندر ٹون ٹیکس جمع نہ کرنے واپر رجسٹریشن کومنسوخ کرنے اور 200 فیصد تک جرمانہ کیاجائے گا۔ اسمارٹ کارڈ صارفین ٹوکن ٹیکس فیس اسلام آباد سٹی ایپ کے ذریعے ادا کر سکتے ہیں، ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو 31 جنوری تک کی مہلت مزید دی گئی ہے، شہریوں کی سہولت کیلئے ایکسائز کاؤنٹر رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے۔
4
پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد بچے اور بچیاں تعلیم سے دور ہیں، بچے اور بچیاں اسکول جانے کی عمر میں مختلف شعبوں میں نوکریاں کرنے پر مجبور ہیں۔اسکول جانے کی عمر میں کوئی بچہ ہیر ڈریسر کی دکان پر تو بیشتر بچے ہوٹلوں پر کام کرنے پر مجبور ہیں، بڑی تعداد میں بچے ورکشاپس پر محنت مشقت کرتے ہیں، پنجاب میں لاکھوں بچے لکھنے پڑھنے کی عمر میں روزی کمانے پر مجبور ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، پرائمری سطح کے 23 لاکھ سے زائد، جونیئر اور مڈل سطح کے 36 لاکھ سے زائد، سینئر لیول کے 25 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں میں داخل نہیں، مجموعی طور پر 47 فیصد لڑکے، 53 فیصد لڑکیاں آؤٹ آف اسکول بچوں میں شامل ہیں، دیہات میں شرح 70 فیصد ہے۔
5
حسینہ واجد کی بھانجی اور برطانوی وزیر ٹیولپ صدیق کرپشن الزامات پر عہدے سے مستعفی،رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف منی لانڈرنگ کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور دسمبر 2024 میں ان کی بھانجی اور برطانیہ میں فنانشل سروسز کی وزیر ٹیولپ صدیق کا نام بھی تحقیقات میں سامنے آیا تھا۔
ٹیولپ صدیقی نے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کے الزامات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔اس حوالے سے اپنے بیان میں ٹیولپ صدیق کا کہنا تھا کہ ’ ان الزامات کے بعد عہدے پر کام جاری رکھنا مناسب نہیں ہوگا‘ جبکہ انہوں نے خود پر لگنے والے الزامات کی تردید بھی کی ہے۔
6
سابق چیئرمین سینیٹ نے یوٹیوبر کو لیگل نوٹس بھیج دیا۔سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی پر یوٹیوبر نے امریکی شہریت حاصل کرنے کا الزام لگادیا، سابق چیئرمین سینیٹ نے الزام کی تردید کرتے ہوئے یوٹیوبر کو لیگل نوٹس بھیج دیا۔
لیگل نوٹس میں یوٹیوبر کو کہا گیا ہے کہ 7 روز میں جھوٹی خبر کی تردید کرتے ہوئے معافی مانگی جائے، اگر ایسا نہ کیا گیا تو قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔متن میں مزید کہا گیا ہے کہ صادق سنجرانی علاج کی غرض سے امریکا گئے، دوہری شہریت کے الزام سے ساکھ متاثر ہوئی۔
7
سونے کی قیمت میں کئی روز بعد اضافہ ہوگیا، فی تولہ قیمت 2900 روپے اور فی اونس 29 ڈالر مہنگا ہوگیا۔آل پاکستان صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کئی روز کی کمی کے بعد اضافہ ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونا 2900 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 80 ہزار 800 روپے پر پہنچ گیا جبکہ دس گرام سونے کے نرخ 2487 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 40 ہزار 741 روپے پر آگئے۔عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 29 ڈالر کے اضافے سے 2690 ڈالر پر پہنچ گیا۔


