1
9 مئی کے سب سے بڑے مقدمہ کی سماعت، 4 عینی شاہدین کے بیانات قلمبند،اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔بانی پی ٹی آئی کے سامنے گواہیاں ریکارڈ کی گئیں، پولیس کی جانب سے مال مقدمہ عدالت میں پیش کیا گیا، شہدا کے چوری شدہ مجسموں کے ٹکرے بھی عدالت میں پیش کر دیئے گئے۔
پولیس نے ملزمان سے بر آمد ہونے والا پٹرول بم بھی عدالت میں پیش کر دیا، ملزمان سے بر آمد ہونے والا موبائل، پی ٹی آئی کے جھنڈے، ڈنڈے، پارٹی کیپ بھی عدالت میں پیش کی گئی۔پولیس نے ملزمان سے بر آمد ہونے والے ڈنڈے، پولیس کا ہیلمٹ بھی عدالت میں پیش کیا۔ذرائع کے مطابق ملزمان عدالت میں گواہوں کو دھمکاتے اور ہلڑ بازی کرتے رہے، سماعت 18 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے مزید 5 گواہ طلب کر لئے گئے۔
2
وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے وزیر اعلیٰ سندھ کی ملاقات، فنڈز کے اجرا پر گفتگو،مراد علی شاہ کے ہمراہ نوید قمر، وزیر منصوبہ بندی سندھ، چیف سیکرٹری سندھ بھی موجود تھے، ملاقات میں چیئرمین پی اینڈ ڈی سندھ، سیکرٹری خزانہ سندھ، وزیر خزانہ اور متعلقہ وفاقی ڈویژنز کے سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر سندھ کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا، ملاقات میں نظرثانی شدہ منصوبوں پر عملدرآمد اور منظوری سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ منظور شدہ لاگت کے اندر منصوبوں کی بروقت تکمیل صوبہ سندھ کی ترقی اور آبادی کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔اسحاق ڈار نے وزیر اعلیٰ سندھ کو وفاقی حکومت کے تمام منظور شدہ منصوبوں کے لیے فنڈز کے مکمل اور بروقت اجرا کو یقینی بنانے کے عزم کا یقین دلایا۔
3
پاک ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان،سری لنکا کے رنجن مدوگالے آئی سی سی میچ ریفری ہونگے، پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے راڈنی ٹکر اور انگلینڈ کے رچرڈ کیٹلبرو آن فیلڈ امپائرز ہونگے جبکہ آسٹریلیا کے پال رائفل تھرڈ امپائر اور فیصل آفریدی فورتھ امپائر ہونگے۔دوسرے ٹیسٹ میں پال رائفل اور راڈنی ٹکر آن فیلڈ امپائر ہونگے جبکہ رچرڈ کیٹلبرو تھرڈ امپائر اور راشد ریاض قمر فورتھ امپائر کی ذمہ داری نبھائیں گے۔
4
جنگ بندی کی کوششوں کے باوجود اسرائیلی حملے جاری، مزید 62 فلسطینی شہید،عرب میڈیا کے مطابق بوریج کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 5 فلسطینی شہید، متعددزخمی ہوئے، رفاہ میں صیہونی فوج کے فضائی حملے میں درجن بھر فلسطینی شہید ہو گئے۔
مقبوضہ مغربی کنارے اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران مزید 12 نوجوان گرفتار کر لیے گئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی دھماکا خیز ہتھیاروں سے ہر ماہ 475 بچےعمر بھر کی معذوری کا شکار ہوئے۔اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں شہدا کی مجموعی تعداد 46 ہزار 707 ہوگئی، 1 لاکھ 10 ہزار 265 فلسطینی زخمی ہوئے۔
5
خاتون کی ہلاکت، عدالت کا ایس ایچ او سمیت 4 اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم،عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ مقدمہ درج کر کے ایف آئی آر کی کاپی سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرائی جائے۔واضح رہے کہ 4 جولائی کو پولیس فائرنگ سے کیٹی بندر کی خاتون جاں بحق اور بیٹی زخمی ہوئی تھی، جاں بحق اور زخمی خواتین کراچی سے واپس گاؤں جارہی تھیں۔جاں بحق خاتون کے بیٹے نے سندھ ہائیکورٹ میں پولیس اہلکاروں کے خلاف پٹیشن دائر کی تھی۔
6
نہم جماعت کیلئے 7 کتابوں کا نیا سلیبس تیار کر لیا گیا، اب بچے اپنی مرضی سے اردو یا انگریزی زبان میں نہم کا سلیبس پڑھ سکیں گے۔اس سے قبل نہم جماعت کا سلیبس صرف انگریزی زبان میں پبلش کیا گیا تھا، سلیبس تبدیل ہونے والی 7 کتابوں میں اردو، انگریزی، حساب شامل ہیں، دیگر میں فزکس، کیمسٹری، بیالوجی اور کمپیوٹر سائنس کی کتاب شامل ہے۔پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے تمام تعلیمی اداروں اور بورڈز کو کتابوں کی تبدیلی کے حوالےسے آگاہ کر دیا، سال 2026 میں بچوں کے نہم کا سالانہ امتحان نئے سلیبس میں سے لیا جائے گا۔