1
آرمی چیف کی موجودگی میں گورنر اور وزیراعلیٰ کے پی میں تلخ جملوں کا تبادلہ،ذرائع کا بتانا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے وفاق سے کےپی کو انسداد دہشتگردی کی مد میں ملے پیسوں کا ذکر کیا گیا، گورنر کے پی کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ کے ملنے والے 500 ارب روپے کے ذکر پر تلخی ہوئی۔
علی امین گنڈا پور نے کہا گورنر جھوٹ بول رہے ہیں اور وہ اجلاس چھوڑ کر باہر چلے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سربراہ اے این پی ایمل ولی نے جملہ کس دیا کہ جانے دو یہ تو بچہ ہے، وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کچھ دیر بعد واپس اجلاس میں آگئے۔ذرائع کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا این ایف سی کے تحت انسداد دہشتگردی کی مد میں کےپی کو500 ارب روپےملے، اربوں روپے ملنے پر پولیس اور سی ٹی ڈی کو کیوں مضبوط نہ کیا۔
2
کرم سے بگن جانے والے تیسرے قافلے پر راکٹ حملہ، گاڑیاں واپس روانہ،پولیس کے مطابق ضلع کرم کے علاقے بگن جانے والے قافلے پر راکٹ حملہ کیا گیا جس سے ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ واقعہ میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، قافلے میں شامل گاڑیاں واپس ٹل روانہ ہوگئی ہیں۔
3
جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے بعد اسرائیل کے غزہ پر بڑے حملے، 40 فلسطینی شہید،غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق بدھ کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کے بعد اسرائیلی حملوں میں کم از کم 40 فلسطینی شہید ہوئے۔
ایجنسی کے ترجمان نے بتایا کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود حملے نہیں رکے، اسرائیل کی جانب سے حملے غزہ پٹی کے مخلتف علاقوں میں کیے گئے ،جن میں سے 30 فلسطینی صرف غزہ میں شہید ہوئے۔
4
پاکستان کے ٹیسٹ فاسٹ بولر میر حمزہ زخمی ہوگئے۔دوران میچ کہنی پر زخم لگنے کے باعث انہیں گراؤنڈ سے باہر آنا پڑا۔ٹیسٹ فاسٹ بولر میر حمزہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوئے۔
32 سال کے بائیں ہاتھ کے تیز بولر میر حمزہ غنی گلاس کے لیے ایشال ایسوسی ایٹس کے خلاف کھیل رہے ہیں۔
5
وفاقی حکومت نے نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ کل سے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نادرا پاک آئی ڈی ویب سائٹ کل سے بند کی جا رہی ہے اور اس کی جگہ نادرا موبائل ایپ لانچ کرنے اور 3 نئے ریجنل دفاتر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، 3 نئے ریجنل سینٹر آزاد جموں و کشمیر، گوادر اور گلگت بلتستان میں بنائے جائیں گے، نئے ریجنل دفاتر 31 مارچ سے کام شروع کر دیں گے۔
نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کر کے تمام خدمات موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی، ویب سائٹ کے استعمال میں شہریوں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مشکلات پیش آتی تھیں، جعلساز عناصر جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوانے میں معاونت کا کاروبار کر رہے تھے۔