1
کینسر کے جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ پر امریکی ویزے کے خواہشمند گرفتار،امریکی قونصلیٹ کی تحریری شکایت پر ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کی کراچی نے کینسر مریض ہونے کے جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس و دستاویزات پر امریکی ویزا حصول کا خواہشمند سہولت کار سمیت گرفتار کرلیا۔
ملزمان میں سیالکوٹ کا رہائشی رضا عباس اور سہولت کار مبینہ ٹریول ایجنٹ امیر حمزہ شامل ہیں۔ رضا عباس نے ایک کروڑ روپے کے مساوی جعلی بینک اسٹیٹمنٹ قونصلیٹ میں پیش کیں۔ ملزم نے ٹریول ایجنسی کا جعلی مالک ہونے کی دستاویزات بھی قونصلیٹ میں جمع کرائیں۔
2
مہنگائی بڑھنے کی شرح مزید کم ہوکر 1.16 فیصد کی سطح پر آگئی۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوگئی، مہنگائی بڑھنے کی شرح مزید کم ہوکر 1.16 فیصد کی سطح پر آگئی، مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر اعشاریہ 39 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 21 اشیاء مہنگی،10 کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران کیلے فی درجن 3 روپے 89 پیسے مہنگے ہوئے، اڑھائی کلو گھی کا ٹن 16 روپے سے زائد مہنگا ہوا۔ایک ہفتے کے دوران جلانے کی لکڑی 13 روپے 14 پیسے من مہنگی، پیٹرولیم مصنوعات،چینی،دالیں ،گڑ بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
3
لوئر کرم میں 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں مقتولین لاپتہ ہونیوالے ڈرائیور ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 5 ڈرائیوروں کو اغواء کیا گیا تھا۔لوئر کرم کے علاقے اڑ والی سے 4 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں، جنہیں شناخت اور قانونی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لوئر کرم میں اڑ والی سے ملنے والی 4 افراد کی لاشوں کی شناخت ہوگئی، چاروں افراد لاپتہ ہونیوالے ڈرائیورز ہیں، چاروں کو ہاتھ باندھ کر گولی ماری گئی۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز بگن میں کانوائے پر حملے کے بعد 5 ڈرائیور لاپتہ ہوئے تھے، جاں بحق ڈرائیوروں کا تعلق کُرم سے ہے، لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
4
شاہد آفریدی بھی جیولن تھرور بن گئے، ارشد ندیم سے کلاس لی۔سابق کپتان شاہد آفریدی بھی جیولن کے فین نکلے، شاہد آفریدی نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم سے جیولن کو گرپ کرنا سیکھا۔
شاہد آفریدی نے ارشد ندیم سے کہا کہ جیسے ورلڈ چیمپئن جیولن پکڑتا ہے مجھے ویسے سکھاؤ۔سابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے جیولن کو گرپ کرنا سیکھنے کے بعد تھرو بھی کی۔
5
پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر، قیمتوں میں ہفتہ وار اضافے کا امکان،عالمی میڈیا کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں جمعہ کو اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ مسلسل چوتھی ہفتہ وار اضافے کی طرف بڑھ رہا ہے کیونکہ روسی توانائی کی تجارت پر تازہ ترین امریکی پابندیوں نے سپلائی کو متاثر کیا ہے اور اسپاٹ ٹریڈ کی قیمتوں اور شپنگ کی شرحوں میں اضافہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق برینٹ کروڈ فیوچر 44 سینٹ یا 0.5 فیصد اضافے سے 81.73 ڈالر فی بیرل، یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 62 سینٹ یا 0.8 فیصد اضافے سے 79.3 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ رواں ہفتے اب تک برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی میں بالترتیب 2.5 فیصد اور 3.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
6
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں دن کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان ہے، کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 1020 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 14 ہزار 856 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ہفتے کے آخری دن کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان ہے، کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 14 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔جمعہ کو کاروبار کے دوران پی ایس ایکس میں 1020 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 14 ہزار 856 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
7
ملک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی ہے۔انٹر بینک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کے دوران ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.08 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ڈالر کے مقابلے روپیہ 21 پیسے کے اضافے سے 278.65 روپے پر جاپہنچا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق جمعرات کو روپیہ 278.86 پر بند ہوا تھا۔


