اسلام آباد (ای پی آئی) سپریم کورٹ پریس ایسوسی ایشن کے انتخابات 2025 مکمل، ذوالقرنین اقبال صدر، عابد ارائیں نائب صدر ،غلام نبی یوسفزئی سیکرٹری جنرل ، ابرار حسین استوری فنانس سیکرٹری، احمد فواد انفارمیشن سیکرٹری منتخب جبکہ سحرش خان، وسیم ملک اور نثار عابد ممبران گورننگ باڈی منتخب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے انتخابات 2025 سپریم کورٹ بار روم میں منعقد ہوئے، جاوید سومرو نے الیکشن کمشنر اور اللہ داد صدیقی نے ممبر الیکشن کمیشن کے فرائض انجام دئے۔پریس ایسوسی ایشن کے انتخابات کیلئے صبح نو بجے سے شام تین بجے تک پولنگ جاری رہی جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی۔
صدر کیلئے دو امیدوار ذوالقرنین اقبال اور جہانزیب عباسی کے درمیان مقابلہ ہوا جسمیں ذوالقرنین اقبال نے کل 38 ووٹوں میں سے 27 ووٹ جبکہ مدمقابل امیدوار جہانزیب عباسی نے 11 ووٹ حاصل کئے. سیکرٹری جنرل کے دو امیدواروں میں سے غلام نبی یوسفزئی نے 27 جبکہ مد مقابل امیدوار سعید عمران خان بلوچ نے 11 ووٹ حاصل کئے. سیکرٹری اطلاعات کی نشت پر احمد فواد نے 23 اور مدمقابل امیدوار شہریار بخاری نے 15 ووٹ حاصل کئے۔
پریس ایسوسی ایشن سپریم کورٹ انتخابات میں عابد ارائیں نائب صدر، ابرار حسین استوری فنانس سیکرٹری بلامقابلہ منتخب ہوئے جبکہ گورننگ باڈی کے تینوں ممبران سحرش خان ، وسیم ملک اور نثار عابد بھی بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔
انتخاب کے نتائج کے بعد جیتنے والے امیدواروں کو تمام پاس ممبران کی جانب سے مبارکباد دی گئی اس موقعے پر نو منتخب صدر ذوالقرنین اقبال نے تمام ممبران کے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پریس ایسوسی ایشن سپریم کورٹ نے ہمیشہ ملک بھر کے صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے عملی اور کلیدی کردار ادا کیا ہے اور انشاء اللہ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر کے صحافیوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مفت قانونی امداد بھی یقینی بنائی جائے گی۔


