1
اسرائیلی حکومت نے حماس کیساتھ جنگ بندی معاہدے کی منظوری دیدی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ بندی اور یرغمالیوں کےتبادلےکے معاہدے کا اطلاق 19 جنوری سے ہوگا،معاہدے کے تحت 33اسرائیلیوں کو رہائی ملے گی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے اپنے شہریوں کی تصاویر جاری کر دیں جبکہ 95فلسطینیوں کے نام بھی سامنے آ گئے ہیں۔
2
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جاپان کے سفیر اکاما توسو شوئیچی نے ملاقات کی ہے۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا گیا ، دونوں رہنما ؤں نے دو طرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا ، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 2022 کے سیلاب کے دوران جاپان کی معاونت پر اظہار تشکر بھی کیا۔
جاپانی سفیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو دورہ جاپان کی دعوتِ دی جو انہوں نے قبول کرلی، جاپانی سفیر نے وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات جبکہ محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کے عوامی وفلاحی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کو بھی سراہا۔
3
سپریم کورٹ کی جج جسٹس عائشہ اے ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں جانوروں کے حقوق کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، جانوروں پر ہونے والے ظلم پر سخت سزا ہونا ضروری ہے۔لاہور کے نجی ہوٹل میں ماحولیاتی تبدیلیوں اور جانوروں کے حقوق سے متعلق کانفرنس کا انعقاد ہوا۔
آج ہم ایسے موضوع پر بات کرنے جا رہے ہیں جس پر عام طور پر لوگ بات نہیں کرنا چاہتے، جانور ہمارے معاشرے سمیت دنیا کیلئے بہت اہم ہے، ہر جاندار چیز کو بغیر خوف کے زندگی گزارنے کا پورا حق ہے۔ انسانوں کے ساتھ جانوروں کے حقوق بھی بہت اہم ہیں مگر اس پر کوئی بات نہیں، جانوروں کے حقوق کی بات کریں تو ہم اس معاملے پر بہت پیچھے ہیں، ہمیں سب کو ملکر اس کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں جانوروں کے حقوق کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
جیسے انسانوں کو صاف ستھرے پانی اور ماحول کی ضرورت ہے، جانوروں کو بھی انہیں چیزوں کی ضرورت ہے، جانوروں کو پیاس اور تکلیف سے آزادی ہونی چاہیے، ہمیں ایسے لیگل فریم ورک کی ضرورت ہے جو تمام جگہوں پر جانوروں کے حقوق کی بات کرے۔ابتدائی سیشن سے خطاب
4
پی ٹی آئی کا القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ پیر کے روز چیلنج کرنے کا فیصلہ،چیئرمین بیرسٹرگوہر علی خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں عمرایوب، شبلی فراز،علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ ودیگر شریک ہوئے ۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اجلاس میں القادر کیس کے فیصلے اور مذاکرات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں لیگل ٹیم کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس پر بریفنگ دی گئی جبکہ کمیٹی نے القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ پیر کے روز چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا۔
5
پن بجلی، چھوٹے ڈیم اور نہری منصوبوں میں اربوں روپے کے نقصانات کا انکشاف،نقصانات سے متعلق دستاویزات دنیا نیوز نے حاصل کرلی جس میں منصوبوں کی تعمیر میں پی سی ون کئی مرتبہ تبدیل کیے گئے ، ہر پی سی ون میں لاگت میں کئی گنا اضافہ دکھایا گیا ۔
دستاویز کے مطابق منصوبوں کی لاگت میں کیوں اضافہ ہوا ؟ اس حوالے سے کوئی تحقیقات نہیں ہوئیں، سندھ دادو میں 2009 سے زیر تعمیر نائی گج ڈیم کی تعمیر پر 21 ارب خرچ ہو چکے، نائی گج ڈیم کی 2009 کے پی سی ون کے مطابق لاگت 6 ارب تھی جو 2021 کے پی سی ون کے مطابق 46 ارب روپے پر پہنچ گئی، منصوبے پر 21 ارب روپے خرچ کردیئے گئے لیکن کارکردگی صرف 45 فیصد رہی۔
دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے حیدرآباد ،ٹھٹھہ اور جام شورو کے درمیان تعمیر ہونے والا دروت ڈیم تین ارب کے بجائے 11 ارب روپے میں مکمل ہوا، کچی کنال کے فیز ون کی 2003 کے پی سی ون کے مطابق لاگت 31 ارب روپے تھی، یہ نہر 81 ارب روپے میں مکمل ہوئی اور سیلاب سے جگہ جگہ سے تباہ ہو گئی، نہر کی مرمت کے لیے دوبارہ 8 ارب روپے مانگ لیے گئے۔
6
پاکستان سٹاک ایکسچینج کے کاروباری ہفتے میں مثبت رجحان رہا۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 100 انڈیکس میں 2024 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا، ہفتے میں ہنڈرڈ انڈیکس 1.79 فیصد اضافے سے 115272 پر بند ہوا، انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 115773 رہی۔
100 انڈیکس کی ہفتہ وار کم ترین سطح 113083 رہی، ایک ہفتے میں 161.42 ارب روپے مالیت کے 2 ارب 78 کروڑ سے زائد شیئرز کا کاروبار ہوا۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 14 ارب بڑھ کر 14244 ارب روپے ہوگئی۔