1
کرم: بگن آپریشن کے متاثرین کیلئے ہنگو میں عارضی کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ،ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہرزمان کے مطابق علاقہ محمد خواجہ میں بگن متاثرین کےلیے عارضی کیمپ قائم کیا جائےگا، سیکڑوں ایکڑ اراضی پر ہزاروں خاندانوں کے لیے خیمہ بستی قائم کی جائےگی جب کہ کیمپ کے قریب اسکول، مساجد، بی ایچ یو اوردیگر سہولیات میسر ہیں۔
پی ڈی ایم اے خیموں سمیت دیگر سامان کے 22 ٹرک فراہم کرے گا، ضلعی انتظامیہ کو 4 ٹرک سامان مل گیا ہے اور آج سے کیمپ کے قیام پر کام شروع کردیا جائے گا۔قیام امن کے لیے نقل مکانی کرنے والےکرم متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
2
نیو گوادر ائیرپورٹ کا افتتاح، پہلی پرواز لینڈ کرگئی۔ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ آپریشنلائیزیشن سے متعلق افواہوں کو بے بنیاد قراردے دیا۔ترجمان پی اے اے نے اپنے بیان میں کہا کہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ طے شدہ شیڈول کے مطابق آج 20 جنوری کو فعال ہوگیا لہٰذا بارشوں کے باعث نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آپریشنلائزیشن منسوخی کی خبریں بے بنیاد ہیں، لوگ افواہوں پرکان نہ دھریں اورمعلومات کے لیے صرف مصدقہ ذرائع پرانحصار کریں۔
کراچی سے پہلی پرواز گوادر ائیرپورٹ پر لینڈ کرگئی جس کا استقبال گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کیا، قومی ائیر کی پرواز پی کے 503 نے 11:14 بجے نیو گوادر ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔قومی ائیر لائن نے گوادر کی پرواز کے لیے حسب سابق اے ٹی آر طیارہ استعمال کیا۔گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا ائیرپورٹ ہے جو 430 ایکڑ پر گوادر شہر سے 26 کلومیٹر دور گورنڈانی کے مقام پر قائم کیا گیا ہے۔
3
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا 190 ملین پاؤنڈ کا تھا۔ جہاں مرضی اپیل کرو، بانی پی ٹی آئی کہیں بھی چلے جائيں ان کے پاس 190 ملین پاؤنڈ کا جواب نہیں ہے۔
پی ٹی آئی حکومت میں کابینہ سے بند لفافے منظور کروائے جاتے رہے، اپنا جرم چھپانے کے لیے اب مذہب کا کارڈ استعمال کیا جا رہا ہے۔لاہور میں تقریب کے موقع پر گفتگو
4
سپریم کورٹ میں آئینی اور ریگولر بینچ کے معاملے پر کیس ٹرانسفر کرنے پر جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ سمجھ نہیں آرہی، دو تین ذہنوں کے مقابلے میں ایک چیف جسٹس کیسے بہتر ہو سکتے ہیں۔سپریم کورٹ میں 3 رکنی بینچ کے سامنے مقرر کیس ٹرانسفر ہونے پر جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ ملک کی جانب سے سخت ریمارکس سامنے آئے۔
جسٹس عائشہ ملک نےکہا کہ کیا اب ایک ریسرچ آفیسر ہمیں بتائے گا کہ کون سا کیس کہاں مقرر ہوگا؟ کمیٹی کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں کہ وہ کیس ہی ٹرانسفر کر دے، 26 ویں ترمیم کےتحت یہ آئینی بینچ میں جائےگا یہ بحث ہماری عدالت میں بھی ہوسکتی تھی۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ یہ کیس انتظامی کمیٹی کے پاس چلا گیا، اگر جسٹس عرفان سعادت مصروف ہیں تو کوئی اور صاحب بینچ میں آجائیں، کمیٹی کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں ہے کہ وہ کیس ہی نہ لگائے۔ یہ کیس ہماری عدالت میں رکھنےکےعلاوہ کسی دوسری عدالت میں بھی نہیں رکھا گیا، یہ تو پورا کیس ہی غائب کر دیا گیا۔
5
آسٹریلیا سے بدترین شکست، بھارتی بورڈ نے کھلاڑیوں کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کی تازہ 10 نکاتی گائیڈ لائنز کا اطلاق انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہو گا، بھارتی ٹیم بس کے پروٹوکول بھی گائیڈ لائن میں شامل ہیں۔
بھارتی بورڈ نے انڈیا انگلینڈ وائٹ بال سیریز سے قبل تمام ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشنز کو نئی گائیڈ لائنز سے آگاہ کر دیا ہے۔بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 22 جنوری کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کو بتا دیا گیا ہے کہ ٹیم کے کسی رکن کے لیے الگ گاڑی کا انتظام نہ کیا جائے۔
6
دفترخارجہ نے سیکرٹری جنرل نارویجین پناہ گزین کونسل کےبیان پررد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مناسب ہوتا دنیا نےجنگ کے بعد افغان عوام کو تنہانہ چھوڑا ہوتا۔ دفتر خارجہ نے ناروے پناہ گزین کونسل کے سیکرٹری جنرل جان ایگلینڈکی جانب سے افغانستان کی انسانی صورتحال کی طرف توجہ مبذول کرانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مناسب ہوتا دنیا نےجنگ کے بعد افغان عوام کو تنہانہ چھوڑا ہوتا۔
پاکستان نے 40 سال40 لاکھ سے زائد افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کی اور واپس بھیجے گئے افراد کے پاس رہائش کی قانونی دستاویزات نہیں تھیں۔ افغانستان میں انسانی امداد کے لیے اقوام متحدہ کی فنڈنگ خطرناک حدتک کم رہی، پاکستان افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کے لیے کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔
7
بیورو کریٹس کی بطور وی سیز تقرری، سندھ کی جامعات میں تدریسی عمل 5 دن سے معطل،بیوروکریٹس کو وائس چانسلر بنانے کے فیصلے کے خلاف فیڈریشن آف آل پاکستان اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن سندھ (فپواسا) کی اپیل پرتدریسی عمل معطل ہے۔حکومتی فیصلے کے خلاف جامعہ کراچی سمیت سندھ کی 17 سے زائد جامعات میں 16 جنوری سے تدریسی عمل کا بائیکاٹ جاری ہے۔
8
شکارپور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سابق وزیر زخمی، 2 گارڈز جاں بحق،پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے شکار پور کے علاقے فیضو لاڑو میں میر غالب ڈومکی کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے سابق صوبائی وزیر زخمی ہوگئے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ڈاکوؤں کے حملے میں میر غالب ڈومکی کے 2 گارڈز جاں بحق ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں 2 ڈاکو بھی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے غالب ڈومکی پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیا اور آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔
9
قومی فاسٹ بولر محمد عباس کی چھوٹی بہن انتقال کر گئیں۔ چھوٹی بہن کی اچانک طبعیت خراب ہوئی جنہیں گوجرانوالہ کے اسپتال میں لے جایا گیا لیکن وہاں ان کا انتقال ہوگیا۔ اللّٰہ پاک ان کے درجات بلند فرمائے۔میری بہن کو دعاؤں میں یاد رکھیں۔فاسٹ بولرمحمد عباس کی مداحوں سے دعاؤں کی اپیل
10
جنگ بندی ڈیل کے تحت حماس کی قید سے رہائی پانے والی اسرائیلی خواتین کی اہلخانہ سے ملاقات کی ویڈیو سامنے آگئی۔گزشتہ روز اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے تحت دونوں جانب سے قیدیوں کا تبادلہ ہوا، پہلے حماس کی جانب سے 3 اسرائیلی خواتین یرغمالیوں کو رہا کیا گیا جس کے جواب میں اسرائیل کی جانب سے 90 فلسطینیوں کو رہا کیا گیا۔
اسرائیل میں قیدیوں کے تبادلے کے مناظر بڑی اسکرینوں پر براہ راست دکھائے گئے جبکہ حماس کی جانب سے رہا کی گئی اسرائیلی خواتین کو تحفہ بھی دیا گیا جسے انہوں نے خوشی سے قبول کیا۔ریڈ کراس کی ٹیم نے اسرائیلی خواتین کو اسرائیلی فوجی اہلکاروں کے حوالے کیا جہاں سے انہیں پہلے فوجی یونٹ اور پھر اسپتال منتقل کیا گیا۔
11
غزہ میں اسرائیل حماس جنگ بندی معاہدے کے بعد اسرائیلی اخبارات اور میڈیا کے تبصروں میں کہا جارہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے حماس کی 20 بٹالینز ختم کیں لیکن وہ تباہ نہیں ہوئیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنگ بندی کے بعد حماس غزہ پر کنٹرول برقرار رکھنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ حماس غزہ میں سرنگوں سے نکل کر دوبارہ کنٹرول ظاہر کرتی دکھائی دے رہی ہے، حماس کی پولیس دوبارہ منظم ہوتی اور غزہ کا انتظام سنبھالتی نظر آرہی ہے جب کہ فلسطینی میڈیا جنگ بندی کو حماس کی فتح کے طور پر پیش کررہا ہے۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کا کہنا ہے کہ ہم تو غزہ جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ثالث کار اسرائیل کو بھی معاہدے کا احترام کرنے کا پابند کریں۔
12
بل کلنٹن نے نوازشریف کو بچانے کیلئے چیف جسٹس سے خفیہ ملاقات کی: سابق پاکستانی عہدیدار کا اہم انکشاف،اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے امریکی صدر بل کلنٹن کو دورہ پاکستان سے منع کر دیا تھا لیکن صدر بل کلنٹن نے محض اس لیے پاکستان جانے کا فیصلہ کیا کہ برطرف وزیراعظم میاں نواز شریف کو پھانسی سے بچایا سکیں۔
جنرل پرویز مشرف کی جانب سے یقین دہانی کے بعد وہ چند گھنٹوں کے لیے پاکستان آئے۔ امریکی صدر نے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی ایک خفیہ ملاقات کی تاکہ یہ یقین دہانی حاصل کی جا سکے کہ نواز شریف کو پھانسی نہیں دی جائے گی۔
13
جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی جیل سے 90 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا گیاغیر ملکی میڈیا رپوٹس کے مطابق حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے تحت اتوار کو پہلے 3 اسرائیلی قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا۔اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے تحت مختلف جیلوں سے رہا کیے جانے والے 90 فلسطینی قیدیوں کی فہرست جاری کی گئی جن میں 69 خواتین اور 21 بچے شامل تھے۔
اسرائیل کے عوفر جیل میں ریڈ کراس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے تحت رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی تصدیق کا عمل جاری رہا۔جس کے بعد اسرائیلی جیل سے 90 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق رہائی پانےوالے فلسطینی قیدیوں کا مغربی کنارے پہنچنے پروالہانہ استقبال کیا گیا۔