1
ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے آج حلف اٹھائیں گے. تقریب امریکی آئین کے تحت واشنگٹن ڈی سی میں منعقد کی جائے گی، جہاں چیف جسٹس جان رابرٹس ان سے عہدے کا حلف لیں گے۔حلف برداری کی یہ روایت ہر چار سال بعد منعقد کی جاتی ہے، جو منتخب صدر کی آئندہ مدت کے آغاز کی علامت ہوتی ہے۔
نئے صدر کی مدت 20 جنوری دوپہر سے شروع ہوتی ہے، تاہم چونکہ یہ دن اتوار کو آ رہا ہے، اس لیے حلف برداری پیر کو ہوگی۔سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن دیگر زندہ سابق صدور، بشمول بل کلنٹن، جارج ڈبلیو بش، اور براک اوباما، کے ساتھ تقریب میں شرکت کریں گے۔ ان کے ہمراہ ان کی بیویاں بھی ہوں گی۔ تاہم، سابق خاتون اول مشیل اوباما تقریب میں شریک نہیں ہوں گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ عہدہ سنبھالنے کے پہلے دن ہی متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کریں گے، جن کا مقصد بائیڈن انتظامیہ کی پالیسیوں کو ختم کرنا ہے۔ان اقدامات میں جلاوطنی کے ایک بڑے پروگرام کا آغاز، تیل کی کھدائی میں اضافہ، اور 6 جنوری 2021 کے کیپیٹل ہاؤس فسادات میں ملوث افراد کی معافی شامل ہیں۔حلف برداری کے فوراً بعد امریکی حکام اور جاپان، بھارت، اور آسٹریلیا کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات متوقع ہے۔
2
کولمبیا میں امن مذاکرات ناکام، جھڑپوں میں 80 سے زائد افراد ہلاک،الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ای ایل این نے شمال مشرقی علاقے کیٹیٹمبور ریجن میں جمعرات کو مخالف گروپ سابق مسلح گروپ ایف اے آر سی کے اراکین کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔نورٹے ڈی سینٹینڈر کے گورنر ولیم ویلامیزار نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں عام شہری بھی پھنسے ہوئے ہیں اور ایک اندازے کے مطابق 80 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
درجنوں افراد زخمی ہیں اور کشیدگی کے دوران 5 ہزار سے زائد افراد بےگھر ہوگئے ہیں اور مذکورہ علاقے میں انسانی بنیاد پر حالات سنگین صورت حال اختیار کرنے کا خدشہ ہے اور علاقے کے لیے مدد کی ضرورت ہے۔
3
الفاظ کا چناؤ دیکھ کر کریں، سپریم کورٹ کو کمزور قرار دینے پر جسٹس جمال کا حامد خان سے مکالمہ ،عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست پر سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے وکیل حامد نے کہا کہ عدالت کی کمزوری ہے کہ ابھی تک اس معاملے پر سوموٹو نہیں لے سکی، اس پر جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ حامد صاحب آپ سینیر وکیل ہیں، الفاظ کا چناؤ دیکھ کر کریں۔
سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی انتخابی دھاندلی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی بینچ کی کیس کی سماعت کی۔وکیل حامد خان نے کہا کہ آرٹیکل 184(3) میں دائرہ اختیار دیا گیا ہے یا نہیں، جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ الیکشن کمیشن جانبدار ہے تو متعلقہ فورم پر جانا چاہیے تھا، ہر امیدوار کے نوٹیفکیشن کے لیے عدالت کو آپکو بتانا ہو گا۔،فارم 45یا 47 دونوں میں اگر فرق ہے تو کوئی ایک صحیح ہوگا، فارم کو جانچنے کیلئے پوری انکوائری کرنا ہوگی۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ حامد صاحب آپ آئندہ سماعت پر تیاری کے ساتھ آئیں، حامد خان نے کہا کہ میں صرف اعتراضات دور کرنے آیا تھا آپ میرٹ پر بات کر رہے ہیں۔
4
عمران خان کی درخواست پر عدالت نے اڈیالہ جیل حکام کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اخبار، ٹی وی کی سہولت بحالی، بیٹوں سے ٹیلی فونک گفتگو اور ذاتی معالج سے چیک اپ کے لیے دائر کردہ درخواست پر سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس عامرفاروق نے درخواست پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فرید چودھری عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ متفرق درخواست فائل کی ہے، ہفتہ وار بیٹوں سے بات کرائی جائے،اخبارات فراہم کیے جائیں اور ذاتی معالج کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے استدلال کیا کہ ٹرائل کورٹ نے ذاتی معالج سے متعلق کچھ نہیں لکھا، 10 جنوری 2025 کا آرڈر چیلنج کیاہے۔سماعت کے دوران عدالت نے فریقین کوجواب کیلئے نوٹس جاری کردیے، عدالت نے ہدایت کی جیل نمائندہ آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہو۔اس کے ساتھ عدالت نے سماعت جمعرات23 جنوری تک ملتوی کردی۔
5
انٹرپرائز چیلنج پاکستان مقابلہ ڈہرکی کی ٹیم نے جیت لیا۔ضائع ہونے والی خوراک سے آرگینک چکن فیڈ کا آئیڈیا پیش کرنیوالی ماہ نور نے کنگز ٹرسٹ گلوبل ینگ اچیور ایوارڈ ایشیا 2024 جیتا. 18 سال سے کم عمر طلبا کیلیے انٹرپرینیورشپ کا سب سے بڑا قومی مقابلہ انٹرپرائز چیلنج پاکستان جیتے والی ڈھرکی سندھ کی ایجوکیشن ٹیک ٹیم نے معذور بچوں کیلیے سیکھنے کا مواد بنانے کا متاثر کن کاروباری آئیڈیا پیش کیا. ٹیم کا اختراعی انداز حقیقی دنیا کے چیلنجوں سے نمٹنے میں شمولیت اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے.
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان غیر معمولی نوجوان فائنلسٹ سے ملاقات اور جدید کاروباری خیالات نے مجھے دوہزار پچیس میں جاتے ہوئے پر امید کر دیا ہے.
6
2 دہائیوں میں پاکستان کی ایکسپورٹ میں 20 فیصد تک کمی ہوئی۔معاشی بحالی کے بعد پاکستان ایک دوراہے پر کھڑا ہے، جہاں کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ گزشتہ 15 سالوں کی صفر ایوریج گروتھ کے بعد بڑھتی ہوئی غربت پر قابو پانے کے لیے ترقی کی رفتار کو تیز ترین کرنا چاہیے۔
جبکہ دیگر ماہرین جو کہ باثر اثر بزنس مین اور وزارت فنانس میں موجود ماہرین ہیں کا کہنا ہے کہ بحالی کا عمل نازک دور سے گزر رہا ہے، اور تیز رفتار ترقی کے نتیجے میں ملک کو ایک بڑے تجارتی خسارے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔درحقیقت پاکستان کی ایکسپورٹ گزشتہ دو دہائیوں کے درمیان مسلسل گراوٹ کا شکار رہی ہے اور اس میں 20 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
7
ٹرمپ کی ریلی سے ایلون مسک کا بھی مختصر خطاب،ٹرمپ نے ایلون مسک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے راکٹ کی کامیاب لینڈنگ کے بعد اب یہ ضروری ہے کہ ذہین افراد کا تحفظ کیا جائے اور مسک ایک اچھے شخص ہیں۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ مسک کو ایک مشاورتی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے جو محکمہ حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔
ٹرمپ نے اس موقع پر حاضرین سے کہا کہ وہ ہجوم میں ایلون مسک کو تلاش کرنے میں میری مدد کریں جنہیں نئی ٹیم کی قیادت کا ذمہ دیا گیا ہے، وہ کہاں ہیں؟ یہاں آؤ ایلون۔ایلون مسک اپنے بچے کے ہمراہ اسٹیج پر پہنچے جہاں ٹرمپ نے انہیں خوش آمدید کہا۔
اپنے خطاب میں ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ہم بہت اچھے کام کرنے جا رہے ہیں، ہم بہت سی تبدیلیاں کرنے کے منتظر ہیں۔ایلون مسک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت جو سب سے اہم بات ہے وہ یہ ہے کہ تبدیلیوں کو مستحکم کیا جائے اور امریکا کو ہمیشہ کے لیے مضبوط بنانے کی بنیاد رکھی جائے۔


