1
انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کو پی ٹی آئی احتجاج کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 32 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے 32 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں یکم فروری تک توسیع کر دی۔
2
انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے چھبیس نمبر چونگی توڑپھوڑ کیس میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔اے ٹی سی جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے رہنما پی ٹی آئی کے خلاف چھبیس نمبر چونگی توڑ پھوڑ کیس میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی، اسد قیصر عدالت پیش نہیں ہوئے، تاہم وکیل صفائی عائشہ خالد عدالت پیش ہوئیں۔
دوران سماعت وکیل صفائی عائشہ خالد کی جانب سے اسد قیصر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 14 فروری تک توسیع کر دی۔
3
رمضان شوگر مل ریفرنس: وزیراعظم کے وکیل سے بریت کی درخواست پر دلائل طلب،اینٹی کرپشن کورٹ کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی، شہباز شریف کی جگہ ان کے پلیڈر انوار حسین حاضری کیلئے پیش ہوئے۔
دوران سماعت معاون وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ شہباز شریف کے سینئر وکیل امجد پرویز آج دلائل کیلئے دستیاب نہیں مہلت دی جائے، عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز سے بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لئے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز حاضری کیلئے عدالت پیش نہ ہوئے، حمزہ شہباز کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز بیٹی کا چیک اپ کرانے ملک سے باہر گئے ہوئے ہیں، عدالت حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی۔
4
خیبرپختونخوا: نگران دور میں بھرتی سرکاری ملازمین کو ہٹانے کیلئے قانون تیار،خیبرپختونخوا ملازمین کو سروسز سے ہٹانے کا بل 2025 جلد اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا۔مسودے کے مطابق بل کے تحت نگران حکومت کے دوران بھرتی ملازمین کو نوکری سے ہٹانا ہے، نگران حکومت کے دوران غیر قانونی طور پر بھرتیاں کی گئی تھیں۔
اس حوالے سے متعلقہ ادارے بل پاس ہونے پر نوٹیفکیشن جاری کریں گے، نوٹیفکیشن کے تحت غیرقانونی بھرتی ہونے والے ملازمین کو ہٹایا جائے گا، کوئی قانونی پیچیدگی آڑے آئی تو کمیٹی میں جائزہ لیا جائے گا۔
مسودہ کے مطابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی میں ایڈووکیٹ جنرل سمیت محکمہ خزانہ، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سیکرٹری شامل ہونگے، کمیٹی کا فیصلہ تمام متعلقہ افراد پر لاگو ہوگا۔
5
فارم 47 کی پیداوار بلوچستان حکومت حقیقی نمائندہ نہیں۔ مسائل کے حل کیلئے بلوچستان کی حقیقی قیادت سے بات کرنا ہوگی، سی پیک میں بلوچستان کے عوام کا حصہ ہونا چاہئے، ملکی ترقی کیلئے سب کو قانون کے مطابق چلنا ہوگا۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کاتقریب سے خطاب
6
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پنجاب میں انسانی سمگلنگ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پی ایس ایف اور پی ایل ایف کے وفود نے ملاقاتیں کیں، گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ کرنے والوں کے سہولت کاروں کو بھی سزا دی جائے، نوجوان بیرون ممالک جانے کیلئے قانونی راستہ اپنائیں۔
7
کرم میں شرپسند عناصر کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ،پشاور میں کرم کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست پُر امن عناصر کیساتھ کھڑی ہے، ظالم عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا، متاثرہ علاقوں میں موجود چند شرپسندوں کیخلاف کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔اجلاس میں ترجمان کے پی حکومت نے موقف اختیار کیا کہ امن معاہدے پر قانون اور پشتون روایات کے مطابق عملدرآمد کرایا جائے گا۔
8
حماس کےعسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے جنگ بندی معاہدے کی کامیابی اسرائیلی عمل پر منحصر ہو گی۔غزہ جنگ بندی معاہدے کااحترام کرنے کیلئے پُرعزم ہیں، ثالث کار اسرائیل کو بھی معاہدے کا احترام کرنے کا پابند کریں، اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی پورے عمل کو خطرے میں ڈال دے گی۔طوفان الاقصیٰ نے قابض حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی، ہماری قوم کی عظیم قربانیاں اور بہایا گیا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔


