1
بنچز کے اختیارات کا کیس مقررنہ کرنے پر توہین عدالت کے کیس کی سماعت کے دوران جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس میں کہا ہے کہ ایک مقدمہ سننے سے اتنی پریشانی کیوں ہو گئی کہ بنچ سے کیس ہی منتقل کر دیا گیا۔جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، جسٹس عقیل عباسی بنچ کا حصہ ہیں، رجسٹرار سپریم کورٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے استفسار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود کیس مقرر کیوں نہ ہوا؟ جس پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے جواب دیا کہ یہ کیس آئینی بنچ کا تھا غلطی سے ریگولربنچ میں لگ گیا تھا۔جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس میں کہا کہ اگر یہ غلطی تھی تو عرصے سے جاری تھی اب ادراک کیسے ہوا؟ معذرت کیساتھ غلطی صرف اس بنچ میں مجھے شامل کرنا تھی، میں اس کیس کو ہائیکورٹ میں سن چکا تھا، پتہ نہیں مجھے اس بنچ میں شامل کرنا غلطی تھی یا کیا تھا۔
رجسٹرار نے جواب دیا کہ کمیٹی کیسز مقرر کر سکتی ہے تو واپس بھی لے سکتی ہے جس پر جسٹس منصور نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو آپ کو ہم بتائیں گے اس کیس میں کہ وہ اس لے سکتی ہے یا نہیں، مجھے پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی اجلاس میں شرکت کا کہا گیا تھا، کمیٹی کو بتا دیا تھا کہ جوڈیشل حکم جاری کر چکا ہوں اس لیے میرا اجلاس میں آنا لازمی نہیں، ایک عدالتی حکم کو انتظامی سطح پر کیسے ختم کیا جا سکتا ہے۔
جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس دیئے کہ ایک مقدمہ سننے سے اتنی پریشانی کیوں ہو گئی کہ بنچ سے کیس ہی منتقل کر دیا گیا۔سپریم کورٹ نے سینئر وکیل منیر اے ملک اور حامد خان کو عدالتی معاون مقرر کر تے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ اٹارنی جنرل سمیت دیگر وکلا ء کو کل سنیں گے، یہ اہم معاملہ ہے کہ ججز کمیٹی بنچ سے کیس واپس لے سکتی ہے یا نہیں۔بعدازاں عدالت نے سپریم کورٹ میں بنچز کے اختیارات سے متعلق کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔
2
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے اور وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے سینئر سول جج مبشر حسن چشتی نے علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہر تاریخ پر آپ استثنیٰ کی درخواست دیتے ہیں، ملزم کو پیش نہیں کرتے۔عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے اور وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا، عدالتی آرڈر پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈی آئی جی آپریشنز سے وضاحت طلب کر لی۔
وکیل علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آپ ملزم کی بریت کی درخواست پر پہلے فیصلہ کریں، اس حوالے سے عدالتی حکم موجود ہے۔جج نے ریمارکس دیئے کہ آپ استثنی کی درخواستیں دے کر صرف عدالت کا قیمتی وقت ضائع کرتے ہیں، ملزم کے متعدد بار وارنٹ جاری ہوئے تعمیلی رپورٹ جمع نہیں کرائی جا رہی، بعدازاں عدالت نے 29 جنوری تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
3
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سب لوگ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، عمران خان ہی ہماری پارٹی کا نشان ہیں۔ آئین وقانون کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن کرائے، ابھی تک الیکشن کمیشن کی طرف سے ہمیں سرٹیفکیٹ نہیں ملا، ہم نے الیکشن کمیشن کے آئینی وقانونی سوالات کا جواب دے دیا تھا۔
پارٹی سرٹیفکیٹ ہمارا آئینی وقانونی حق ہے، پارٹی دفتر پر چھاپے کے دوران ایف آئی اے دستاویزات لے گئی تھی، ہمیں امید ہے اگلی سماعت پر پی ٹی آئی کو سرٹیفکیٹ مل جائے گا۔ پی ٹی آئی دنیا کی بڑی سیاسی پارٹیوں میں سے ہے، پاکستان میں سب سے بڑی سیاسی جماعت پی ٹی آئی ہے، سب لوگ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، عمران خان ہی ہماری پارٹی کا نشان ہیں۔الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو
4
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کی طرح انٹرا پارٹی الیکشن کیس کو بھی لٹکایا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کا الیکشن فراڈ پر ہوا، جیسے فارن فنڈنگ کیس کو 8 سال لٹکایا ویسے ہی انٹرا پارٹی کیس کو لٹکایا جا رہا ہے، جب تک قانونی الیکشن نہ ہو جائیں ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
یہ کس طرح تحریک انصاف کے وسائل استعمال کر رہے ہیں، ہم نے درخواست کی ہے کہ ان کے تمام اکاؤنٹس فریز کئے جائیں، القادر ٹرسٹ کے حوالے سے جو فیصلہ آیا مجھے بانی رکن کے طور پر اس پارٹی کیلئے افسوس ہوتا ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر میڈیا سے گفتگو
5
پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخاب کیس: بیرسٹر گوہر نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت مانگ لی۔الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنز کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیس کی سماعت کی، بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بیرسٹر صاحب! یہ کیس 30 اپریل 2024 سے چل رہا ہے، تاحال پی ٹی آئی کی جانب سے تحریری جواب جمع نہیں کرایا گیا، آپ نے 5 درخواستوں اور نوٹس پر جواب جمع کرانا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے نوٹس کا جواب دے چکے، درخواست گزاروں کی گزارشات کا جواب آئندہ سماعت پر جمع کرا دیں گے۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ کا آڈٹ ہونا چاہیے، کیس کا فیصلہ ہونے تک پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس فریز کئے جائیں۔پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر نے جواب جمع کرانے کیلئےالیکشن کمیشن سے مہلت مانگ لی، الیکشن کمیشن نے مہلت دیتے ہوئے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخاب کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی۔
6
ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر جوبائیڈن کے 78 صدارتی اقدامات منسوخ کر دیئے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیپٹل حملے میں ملوث 1500 افراد کو معافی دینے کے آرڈر پر دستخط کئے، صدر ٹرمپ نے فیڈرل ملازمین کی بھرتیاں منجمد کرنے کے آرڈر پر دستخط کر دیئے، ٹرمپ نے فیڈرل ملازمین کے لیے گھر سے کام کرنے کے سہولت بھی ختم کر دی۔
پیرس ماحولیاتی معاہدے سے علیحدگی کے آرڈر پر دستخط کئے اور ساتھ ہی مصنوعی ذہانت پالیسی سے متعلق بائیڈن کا ایگزیکٹو آرڈرمنسوخ کر دیا، صدر ٹرمپ نے بائیڈن کا 2030 تک الیکٹرک کاروں کی فروخت کا ہدف 50 فیصد کرنے کا آرڈر بھی منسوخ کیا۔
7
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ کمیشن بننے پر ہی مذاکرات کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر کمیشن بنانے کا مطالبہ ہے، جب تک مطالبات نہیں مانے جاتے، اس وقت تک مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکتے۔بانی پی ٹی آئی کو ایک بار پھر 14 سال قید کی سزا دی گئی، بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں ان کو بھی سزا ہوئی، القادر ٹرسٹ کیس میں حکومت کو کوئی نقصان ہی نہیں ہوا، یہ کیس عدالت میں اڑ جائے گا، عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کسی صورت ڈیل نہیں کریں گے، پاکستان میں اعتماد کا فقدان ہے، عمران خان جس دن جیل سے باہر آئیں گے سرمایہ کاری شروع ہوگی۔قبل ازیں پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید کی حفاظتی ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کر دی۔وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ وفاقی حکومت نے درخواست گزار کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں، مقدمات تفصیلات کیلئے درخواست دائر کیا ہے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم اس میں رپورٹ جمع کریں گے، تھوڑا وقت دیا جائے۔عدالت نے کہا کہ 14 دن میں رپورٹ جمع کریں، وفاقی حکومت سے مقدمات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔
8
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ تک پہنچنا مقصد تھا وہ پہنچ گئی ہے۔اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ہو گئے ہیں تو پھر ہمارے ساتھ مذاکرات کی کیا ضرورت ہے؟ پی ٹی آئی کا بیان آ گیا ہے ان کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے ہوگئے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ آیا تو ملکی مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔ داخلی معاملات میں کوئی بیرونی پریشر نہیں لیں گے، ہم اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت برداشت نہیں کریں گے، پی ٹی آئی سے مذاکرات شروع ہوئے تو بانی کیخلاف مقدمہ چل رہا تھا۔وزیر دفاع خواجہ آصف کی میڈیا سے گفتگو
9
پنجاب: پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد، خلاف ورزی پر سزائیں ہوں گی۔پنجاب اسمبلی نے پتنگ بازی پر مکمل پابندی کا بل منظور کر لیا ، پنجاب میں پتنگ بازی کی ممانعت کا ترمیمی ایکٹ 2024 منظور ہو گیا، صوبہ بھر میں پتنگ بازی کو ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے، خلاف ورزی پر کم از کم 3 سے 7 سال تک قید کی سزا ہوگی ۔پتنگ بازی، تیاری، فروخت اور نقل و حمل پر 5 لاکھ سے 50 لاکھ تک جرمانہ ہوگا ، پابندی کا اطلاق پتنگوں، دھاتی تاروں، نائلون کی ڈوری، تندی، پتنگ بازی کے مقصد کیلئے تیز دھار مانجھے کے ساتھ تمام دھاگوں پر ہوگا ، پتنگ بازی سے متعلقہ مواد کی تیاری اور نقل و حمل پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔پنجاب میں پتنگ اڑانے والے کو 3 سے 5 سال قید یا 20 لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوں گی، پتنگ ساز اور ٹرانسپورٹر کو 5 سے 7 سال قید یا 50 لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جائیں گی، پتنگ بازی میں ملوث بچے کو پہلی بار 50 ہزار جبکہ دوسری بار ایک لاکھ جرمانہ ہوگا۔
10
جامعہ کراچی نے طلبہ کے لباس کیلئے گائیڈ لائن جاری کر دی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی میں جسم کو ظاہر کرنے والے کپڑے نہ پہنیں، طلبہ صاف ستھرے اور مہذب کپڑے پہنیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق اشتعال انگیز، نفرت پھیلانے والے یا دھیان بھٹکانے والے، چھوٹی آستینوں والے اور ٹائٹ کپڑے نہ پہنیں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی میں قابل اعتراض پرنٹ یا گرافکس والے کپڑے بھی نہ پہنیں جبکہ جامعہ میں طلبہ کو عام چپلیں بھی پہننے سے منع کیا گیا ہے۔
11
انگلش کرکٹر جیمز ونس پی ایس ایل اور آئی پی ایل کے لیے علیحدہ قوانین پر ای سی بی کے دوہرے معیار پر بول پڑے۔ پی ایس ایل مختصر ٹورنامنٹ ہے وہاں کھیل کر پلیئرز ڈومیسٹک سے زیادہ محروم نہیں ہوتے جبکہ آئی پی ایل طویل ٹورنامنٹ ہے وہاں ڈومیسٹک پلیئرز کا جانا نہیں بنتا۔جیمز ونس نے سوال اٹھایا کہ آئی پی ایل کی اجازت کیوں؟ پی ایس ایل کی کیوں نہیں؟ ممکن ہے کہ قوانین میں یہ تضاد بورڈز کے باہمی تعلق کی وجہ سے ہو۔ پی ایس ایل ڈرافٹ میں مزید انگلش پلیئرز پک ہوتے تو اور پلیئرز بھی اپنا ڈومیسٹک ریڈ بال کنٹریکٹ چھوڑ دیتے لیکن پی ایس ایل ٹیموں نے این او سی کے خدشے کی وجہ سے اکثر انگلش پلیئرز کو منتخب نہیں کیا۔ ای سی بی کی نئی پالیسی انگلش کرکٹرز کے لیے مددگار ثابت نہیں ہو رہی۔
12
صوبائی دارالحکومت لاہور میں تلخ کلامی پر چیک پوسٹ انچارج کو قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق انسپکٹر سیف اللہ نیازی کو معمولی تلخ کلامی پرملزم عدیل نے فائرنگ کر کے قتل کیا، انسپکٹر سیف اللہ نیازی بابو صابو چیک پوسٹ پر بطور انچارج تعینات تھا۔پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ ڈولفن ٹیم نے دکاندار عدیل کو حراست میں لے کر شیراکوٹ پولیس کے حوالے کر دیا ،پولیس نے ملزم سے اسلحہ برآمد کر کے تحقیقات شروع کردیں۔
13
سابق پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث اجرتی قاتل سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق مقتول اہلکار کے کزن نثار نے 2 ساتھیوں سے مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی، سابق پولیس اہلکار کے قتل کیلئے 2 اجرتی قاتلوں کو ایڈوانس 14 لاکھ روپے دیئے گئے، اجرتی قاتلوں نے 27 دسمبر کو سابق پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ مقتول کے کزن اور اجرتی قاتلوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان نے جرم کا اعتراف کرلیا ہے،
14
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر اضافہ دیکھا گیا ہے، 500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 16 ہزار 424 پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا۔