1
سندھ اسمبلی میں طلبا یونین بحالی کی قرارداد کثرت رائے سے مسترد،جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے طلباء یونین کی بحالی سے متعلق قرارداد پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ طلباء کے جمہوری حق کو تسلیم کرتے ہوئی آئین پاکستان کے مطابق کے فوری طلباء یونینز کے انتخابات منعقد کروائے جائیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ 11 فروری 2022 کو سندھ اسمبلی نے سندھ اسٹوڈنٹس یونین ایکٹ منظور کیا تھا جس کے مطابق تمام تعلیمی اداروں کو دو ماہ میں قوائد و ضوابط مرتب کرکے ہر سال طلبہ یونین کے انتخابات کا انعقاد کرنا تھا۔قرارداد میں کہا گیا کہ ڈھائی سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود سندھ بھر میں طلبہ یونین کے انتخابات کا انعقاد نہ ہونا اور طلبہ کو آئین کے آرٹیکل 17 کے مطابق یونین سازی کے بنیادی حق سے محروم رکھنا افسوسناک ہے۔
2
مریم نواز، صدر یواے ای کی جعلی تصاویر شیئر کرنے پر 2خواتین سمیت مزید 10 ملزمان کیخلاف مقدمات درج،ایف آئی اے سائبر کرائم لاہور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد سرفراز چوہدری اور ڈپٹی ڈائریکٹرز زوار احمد نے پریس کانفرنس کی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی مریم نوازشریف اور یواے ای کے صدر کی اے آئی جنریٹڈ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنیوالے والے 10 مزید ملزمان کیخلاف مقدمات درج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان میں دو خواتین بھی شامل ہیں، اب تک ایسے عناصر کیخلاف 18 مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر جو اسٹیٹ اور معزز شخصیات کیخلاف ایسا پراپیگنڈا کرتے ہیں ان کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ان میں وہ ملزمان شامل ہیں جنہوں نے یہ تصاویر بنائی اور شیئر کیں۔
3
کراچی میں کارروائی؛ ہزاروں جعلی امریکی ڈالرز برآمد، 2 ملزمان گرفتار، ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کی چھاپا مار ٹیم نے صدر کے علاقے میں کارروائی کی اور جعلی امریکی ڈالرز کی خرید و فروخت میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے 4 ہزار 500 جعلی ڈالرز برآمد کرلیے۔حکام کے مطابق قادر رضا نامی ملزم جعلی امریکی ڈالرز ایک پارٹی کو سپلائی کرنے کے لیے انتظار کر رہا تھا ۔ ملزم کی نشاندہی پر جعلی ڈالرزکی ڈیل کرنے والےنعیم احمد نامی ملزم کو واٹرپمپ سےگرفتار کرلیا گیا۔
4
غیر قانونی بھرتی کیس؛ پرویز الٰہی سمیت تمام ملزمان فرد جرم کیلیے عدالت طلب،پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں ہوئی، جس میں عدالت نے دیگر ملزمان کی حاضری لگاتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تمام ملزمان حاضر ہوں تاکہ فرد جرم کی کارروائی مکمل کی جا سکے۔دورانِ سماعت وکیل محمد خان بھٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ میرا نام پی سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے، جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے۔اینٹی کرپشن عدالت کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے چوہدری پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی۔
5
کراچی؛ برنس روڈ پر رہائشی عمارت میں کمرشل سرگرمیوں کی رپورٹ طلب،جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2رکنی آئینی بینچ کے روبرو برنس روڈ کے علاقے میں رہائشی عمارت میں کمرشل سرگرمیوں سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
دورانِ سماعت ایس بی سی اے کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ غیر قانونی دکانوں کو سیل کیا تھا کچھ افراد نے خود سیل دکانیں ڈی سیل کرلیں۔ دوبارہ سیل کیا تو پھر بھی سیلیں توڑ کر دکانیں کھول لی گئیں۔ اب ان عناصر کے خلاف مقدمات کا اندارج کیا جارہا ہے۔ درخواستگزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ عدالت نے ایس بی سی اے کو رہائشی عمارت میں کمرشل سرگرمیاں روکنے کا حکم دیا تھا۔
عمارت آثار قدیمہ میں شامل ہے، دیواریں توڑ کر دکانیں بنائی جارہی ہیں، جس سے عمارت گرنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیدیا۔
6
ٹرمپ کی حلف برداری تقریب میں محسن نقوی کا وی آئی پی پرٹوکول،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے بعد دوسری تقریب کیپٹل ون ایرینا میں بھی شرکت کی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی واشنگٹن میں لنکن لبرٹی بال میں خصوصی عشائیہ کی تقریب میں بھی شریک ہوئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا عشائیہ میں پرتپاک خیرمقدم کیا گیا جہاں انہوں نے امریکی سینیٹرز، ممبرز کانگریس اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
7
دسمبر 2024 کی بہ نسبت جنوری میں چینی کی پیداوار میں اضافہ،وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں گنے کی فصل کے تخمینے اور 2024-25 کے مستقبل کی تشخیص سمیت چینی کی پیداوار اور ضرورت کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ دسمبر 2024 کے مقابلے میں جنوری 2025 کے دوران چینی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کے چینی کی ذخیرہ اندوزی کو ختم کیا جائے گا، تمام گھریلو اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کنٹرول میں ہیں اور انہیں برقرار رکھا جائے گا۔