1
بنچز کے اختیارات کا کیس مقررنہ کرنے پر توہین عدالت کے کیس کی سماعت کے دوران جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس میں کہا ہے کہ ایک مقدمہ سننے سے اتنی پریشانی کیوں ہو گئی کہ بنچ سے کیس ہی منتقل کر دیا گیا۔جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، جسٹس عقیل عباسی بنچ کا حصہ ہیں، رجسٹرار سپریم کورٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے استفسار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود کیس مقرر کیوں نہ ہوا؟ جس پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے جواب دیا کہ یہ کیس آئینی بنچ کا تھا غلطی سے ریگولربنچ میں لگ گیا تھا۔جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس میں کہا کہ اگر یہ غلطی تھی تو عرصے سے جاری تھی اب ادراک کیسے ہوا؟ معذرت کیساتھ غلطی صرف اس بنچ میں مجھے شامل کرنا تھی، میں اس کیس کو ہائیکورٹ میں سن چکا تھا، پتہ نہیں مجھے اس بنچ میں شامل کرنا غلطی تھی یا کیا تھا۔
2
شراب و اسلحہ برآمد کیس: علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری کی عدم تعمیل پر عدالت برہم،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے سینئر سول جج مبشر حسن چشتی نے علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہر تاریخ پر آپ استثنیٰ کی درخواست دیتے ہیں، ملزم کو پیش نہیں کرتے۔
عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے اور وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا، عدالتی آرڈر پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈی آئی جی آپریشنز سے وضاحت طلب کر لی۔جج نے ریمارکس دیئے کہ آپ استثنی کی درخواستیں دے کر صرف عدالت کا قیمتی وقت ضائع کرتے ہیں، ملزم کے متعدد بار وارنٹ جاری ہوئے تعمیلی رپورٹ جمع نہیں کرائی جا رہی، بعدازاں عدالت نے 29 جنوری تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
3
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سب لوگ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، عمران خان ہی ہماری پارٹی کا نشان ہیں۔ آئین وقانون کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن کرائے، ابھی تک الیکشن کمیشن کی طرف سے ہمیں سرٹیفکیٹ نہیں ملا، ہم نے الیکشن کمیشن کے آئینی وقانونی سوالات کا جواب دے دیا تھا۔
پارٹی سرٹیفکیٹ ہمارا آئینی وقانونی حق ہے، پارٹی دفتر پر چھاپے کے دوران ایف آئی اے دستاویزات لے گئی تھی، ہمیں امید ہے اگلی سماعت پر پی ٹی آئی کو سرٹیفکیٹ مل جائے گا۔الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو
4
آئینی بنچ نے غیر قانونی افغان مہاجرین کی بے دخلیوں کیخلاف درخواست نمٹا دی۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے ملک میں مقیم غیر قانونی مہاجرین کی بے دخلیوں کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل عمر اعجاز گیلانی عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں حکومت غیر قانونی مہاجرین کو نہ نکالے؟ جس پر ایڈووکیٹ عمر اعجاز گیلانی نے جواب دیا کہ یہ درخواست بنیادی حقوق کے نفاذ کیلئے ہے۔جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس میں کہا کہ بنیادی حقوق پاکستان کے شہریوں کو آئین دیتا ہے جس پر جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ 40،40 سال سے افغان یہاں رہ رہے ہیں، بچے پیدا ہوگئے بڑے ہوگئے، کیا ان کو سمندر میں پھینک دیں؟ کراچی میں مختلف لوگ ہیں جن کو کوئی لینے کو تیار نہیں۔
جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے کہ میرے صوبے کے تو بارڈر کھلے ہیں دہشتگردی کا کون ذمہ دار ہے؟وکیل عمر اعجاز گیلانی نے کہا کہ پاکستان کا شہریت ایکٹ ہر پیدا ہونے والے کو شہریت دیتا ہے، جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ شہریت رجسٹرڈ کیلئے ہوگی نہ کہ غیر قانونی کیلئے، جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے کہ اپنا بوجھ ہم اٹھا نہیں سکتے تو غیر قانونی لوگوں کا کیوں اٹھائیں۔
5
23 ہزار سے زائد پاکستانی مختلف ممالک کی جیلوں میں قید، تفصیلات سینیٹ میں پیش،وزارت خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 23 ہزار 456 پاکستان شہری دنیا بھر کے مختلف ممالک کی جیلوں میں قید ہیں، قیدیوں کی سب سے بڑی تعداد خلیجی ممالک میں ہے، سعودی عرب میں 12 ہزار 156 افراد قید ہیں۔سینیٹ میں جمع کروائے گئے وزارت خارجہ کے جواب میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای میں 5 ہزار 292 پاکستانی شہری قید ہیں، یونان میں 811 پاکستانی جیلوں میں قید ہیں جبکہ قطر میں 338 شہری جیلوں میں قید ہیں۔
6
صوبائی دارالحکومت لاہور میں تلخ کلامی پر چیک پوسٹ انچارج کو قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق انسپکٹر سیف اللہ نیازی کو معمولی تلخ کلامی پرملزم عدیل نے فائرنگ کر کے قتل کیا، انسپکٹر سیف اللہ نیازی بابو صابو چیک پوسٹ پر بطور انچارج تعینات تھا۔
پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ ڈولفن ٹیم نے دکاندار عدیل کو حراست میں لے کر شیراکوٹ پولیس کے حوالے کر دیا ،پولیس نے ملزم سے اسلحہ برآمد کر کے تحقیقات شروع کردیں۔ ملزم نے پولیس کو دیئے گئے اپنے ابتدائی بیان میں کہا کہ میں گزشتہ 8 سال سے انسپکٹر سیف اللہ نیازی کے پاس ملازمت کررہا تھا، انسپکٹر مجھے آئے روز گالیاں نکالتا تھا ، بدتمیزی سے پیش آتا تھا،کئی مرتبہ کہاتھا بدتمیزی نہ کریں۔
7
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر اضافہ دیکھا گیا ہے، 500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 16 ہزار 424 پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا۔