1
سپریم کورٹ میں جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں زیر سماعت ایڈیشنل رجسٹرار توہین عدالت کیس کو ڈی لسٹ کردیا گیا ہے۔سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس سے ایڈیشنل رجسٹرار توہین عدالت کیس کے ڈی لسٹنگ کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔رجسٹرار آفس کی جانب سے ڈی لسٹنگ کے بعد کل سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت نہیں ہو سکے گی۔
2
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ مدارس کو بھی اسکالر شپ اور لیپ ٹاپ اسکیم میں شامل کیا جائے۔ قرآن وسنت کی تعلیمات قیامت تک انسانیت کیلئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں، دینی مدارس میں جو طلبا پڑھتے ہیں، علماء بن کر امت کے سامنے آتے ہیں، وہ اسی کے داعی ہوتے ہیں کہ ہر مسلمان اپنی آخرت کے لیے فکرمند ہو۔
علماء کرام اپنی تعلیمات کے ذریعے معاشرتی برائیوں کے خاتمے اور نوجوان نسل کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، مدارس اپنے پس منظر اور خدمات کے لحاظ سے اسلامی معاشرے کا ایک ایسا حصہ ہیں جن کی تاریخ اور خدما ت سنہرے الفاظ سے لکھے جانے کے قابل ہیں۔جامعہ نعیمیہ میں سالانہ تقریبات کے اختتام پر خطاب
3
پانی کی تقسیم کے معاملے پر حکومت اور اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی آمنے سامنے آگئیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی صدارت میں ایوان بالا کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پیپلزپارٹی نے پانی کی تقسیم کے حکومتی اعداد و شمار کو زمینی حقائق سے مختلف قرار دیا اور سینیٹر شیری رحمٰن نے دریائے سندھ پر کینالز بنا کر سندھ کا پانی روکنے کا الزام لگایا۔
حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرعرفان صدیقی نے اپنے حصے کے پانی سے نہریں بنانے پر اعتراض کو بلاجواز قرار دیا جب کہ وزیر آبی وسائل مصدق ملک نے پانی کی تقسیم کے اعداد وشمار پیش کیے۔
پیپلزپارٹی کی راہنما شیری رحمن نے دریائے سندھ پر نئی نہروں سے متعلق تحریک التوا پیش کی جس میں سندھ کے حصے کا پانی روکے جانے کا الزام عائد کیا گیا۔ 11 ماہ سے مشترکہ مفادات کی کوئی میٹنگ نہیں ہوئی، تین تین ماہ کے بعد سی سی آئی کی میٹنگ ہونی چاہیے، حکومت کو اس پر واضح کرنا ہوگا کہ وہ چاہتی کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے جواب میں کہا کہ جو پانی کی تقسیم کا فارمولا ہے، اسی کے تحت پانی مل رہا ہے، اگر کوئی اپنے حصے کے پانی پر نہریں بنا رہا ہے تو اس پر اعتراض بلاجواز ہے۔وزیر برائے ابی وسائل مصدق ملک نے پانی کی تقسیم کے فارمولے، نہروں کے قیام پر ایوان میں تفصیلی جواب پیش کرتے ہوئے کہا اپنے حصے کے پانی میں سے کوئی بھی چاہے نہریں تعمیر کر سکتا ہے پانی کسی کا نہ کم کیا گیا نہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد ایسا ممکن ہے۔پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا سی سی آئی کا اجلاس نہیں ہورہا، اس مسئلے پر پی ٹی آئی کی حمایت کرتے ہیں۔
4
اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ جسٹس سید منصورعلی شاہ کے بینچ میں سے ایک مخصوص کیس نکالنا سپریم کورٹ کے اپنے فیصلے کی نفی و توہین عدالت کے مترادف ہے، جسٹس منصور کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر ریاست علی آزاد کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بار ہمیشہ آئین قانون کی بالا دستی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے کھڑی رہی ہے، جب چیف جسٹس عمر عطا بندیال اس کے وقت سینئر جج مخاصمت میں بینچ تبدیل کرتے تھے تو ہم قاضی فائز عیسی کی حمایت کرتے تھے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ویسے سپریم کورٹ کے پشاور بینچ میں جسٹس قاضی فائز عیسی و جسٹس سید منصور علی شاہ نے اس معاملے کو طے کر دیا تھا، جب ایک دفعہ کوئی کیس کسی بینچ میں لگ جائے اور اس کی شنوائی ہو تو اس کیس کا حتمی فیصلہ ہونے تک وہی بینچ سماعت و تصفیہ کرے گا۔
5
غیر قانونی بھرتی کیس میں شریک ملزم کی عبوری ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ،اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الہی کے ہمراہی ملزم رائے ممتاز کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی، پراسیکیوشن نے رائے ممتاز کی عبوری ضمانت کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا۔
انہوں نے استدعا کی کہ یہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے خارج کی جائے، پراسیکیوشن کے وکیل عامر سعید راں نے مؤقف اپنایا کہ بعدازگرفتاری کے بعد عبوری ضمانت دائر نہیں ہوتی۔پراسیکیوشن کی یہ درخواست ہائیکورٹ سے خارج ہو چکی ہے ، ہائیکورٹ کے حکم کے بعد ٹرائل کورٹ میں دوبارہ عبوری ضمانت دائر کی۔عدالت نے رائے ممتاز کی عبوری ضمانت کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
6
ایلون مسک کو ٹرمپ حلف برداری تقریب میں ’نازی سلام‘ کرنا مہنگا پڑ گیاعالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف بردادی میں ایلون مسک نے بھی شرکت کی۔ایلون مسک ٹرمپ کے پُرجوش حامی، صدارتی انتخابی مہم کے سب سے اہم ڈونر اور اب ان کی کابینہ کے رکن بھی ہیں۔
تاہم تقریب حلف برداری میں ان کی ایک حرکت سے تنازع کھڑا ہوگیا جب ایلون مسک نے ٹرمپ کو منتخب کرانے پر امریکیوں کا شکریہ ادا کیا۔ایلون مسک نے اپنے ہاتھوں سے دو بار سیلوٹ کیا جو کہ ہو بہو نازی سلام کا طریقہ ہے۔ جسے ’سیگ ہیل‘ یا نازی سلام کہا جاتا ہے۔سلام کے اس انداز کو 1926 میں نازی پارٹی نے باضابطہ طور پر اپنایا تھا۔ سلام کے اس طریقے کو ایڈولف ہٹلر کی فرمانبرداری کی علامت سمجھا جاتا تھا۔
7
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ اس دشمن سے ہے جس نے سپر پاور امریکا کو شکست دی، ہمارے دشمنو ں کا موازنہ کچے کے ڈاکوؤں سے نہ کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول کا دورہ کیا، اس موقع پر پولیس کے چاق وچوبند دستے کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں نو قائم شدہ پولیس ٹریننگ سکول کا افتتاح کر دیا، وزیر اعلیٰ نے پولیس ٹریننگ سکول ڈی آئی خان میں فائرنگ رینج کی تعمیر کا بھی اعلان کردیا۔
انہوں نے پولیس ٹریننگ اسکول کے مختلف سیکشنز کا دورہ بھی کیا اور اسکول میں زیر تربیت ریکروٹس کی موک ایکسرسائز کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر انہیں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیس ٹریننگ سکول دو کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے، نو قائم شدہ ٹریننگ سکول میں کمپیوٹر لیب، کلاس رومز ،میس، رہائشی کوارٹرز اور دیگر درکار سہولیات دستیاب ہیں۔
اس میں بتایا گیا کہ نو قائم شدہ ٹریننگ سکول میں فی الوقت 100 ریکروٹس کی ٹریننگ کی گنجائش موجود ہے جسے بعد میں 500 تک توسیع دی جائے گی، مستقبل میں اس ٹریننگ سکول میں لیڈیز پولیس کی ٹریننگ بھی کرائی جائے گی۔
8
چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے اعتراف کیا ہے کہ ایف بی آر میں اب بھی کرپشن ہورہی ہے تاہم زرمبادلہ کی کمی کا سامنا ہونے کی وجہ سے معیشت پر دباوٴ ہے، قائمہ کمیٹی نے نان فائلرز کو پراپرٹی کی خریداری کی اجازت دینے کا جائزہ لینے کیلئے پانچ رکنی ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس منگل کو چیئرمین کمیٹی سید نوید قمر کی زیر صدارت منعقد ہوا، چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو ٹیکس قوانین پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس قوانین میں تبدیلی ٹیکس بیس بڑھانے کیلئے ہے، زیادہ آمدن اورخاص رقم سیزیادہ کا کاروبارکرنے والوں کیلئے قوانین ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ کچھ اختیارات ایف بی آر افسران کو نئے قوانین کے تحت دیے جارہے ہیں اور کسی کے پاس کالا دھن ہے یا ٹیکس چوری کرتا ہے اس پر پابندی لگا رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی نان فائلر ہے تو اکنامک ٹرانزیکشن نہیں کرسکتا، نان فائلر گاڑی، پلاٹ نہیں خرید سکتا اور سرمایہ کاری بھی نہیں کرسکتا، قائمہ کمیٹی نے نان فائلرز کو پراپرٹی کی خریداری کی اجازت کیلئے پانچ رکنی ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، ایم این اے بلال کیانی کی زیرصدارت ذیلی کمیٹی ایف بی آر اورآبادکے ساتھ مل بیٹھ کر بات کرے گی 10 روز میں ذیلی کمیٹی اپنی رپورٹ قائمہ کمیٹی کو دے۔
دوسری جانب چیئرمین کمیٹی نوید قمر کی ہدایت پر کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان کمیٹی شامل ہوں گے، چیئرمین ایف بی آرراشد لنگڑیال نے کہا کہ کابینہ نے آڈیٹرزکی بھرتی کا اختیار دیدیا ہے، کابینہ میں بل پرمکمل غور ہوگا اس کے بعد فیصلہ ہوگا۔
9
گورنر کے اعتراضات مسترد، وزیراعلیٰ کے پی جامعات کے چانسلر بن گئے۔خیبرپختونخوا کی حکومت نے گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے یونیورسٹیز ترمیمی ایکٹ پر عائد کیے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو جامعات کا چانسلر بنا دیا۔
حکومت خیبرپختونخوا نے خیبر پختونخوا یونیورسٹیز ترمیمی ایکٹ پر گورنر کے اعتراضات مسترد کردیے اور کے پی یونیورسٹیز ترمیمی ایکٹ کا گزٹڈ اعلامیہ جاری کردیا۔گزٹڈ اعلامیے کے مطابق ‏وزیراعلیٰ سرکاری جامعات کے چانسلر بن گئے ہیں۔