1
سپریم کورٹ نے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کو او ایس ڈی بنا دیاایڈیشنل رجسٹرار ایڈمن نے نذر عباس کو او ایس ڈی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔اعلامیہ کے مطابق ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس سنگین غلطی کے مرتکب ہوئے، ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نے آئینی بینچ کا مقدمہ ریگولر بینچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کیا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل رجسٹرار کے ایسا کرنے سے سپریم کورٹ اور فریقین کے وقت اور وسائل کا ضیاع ہوا، رجسٹرار سپریم کورٹ کو معاملے کو دیکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
2
وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے، اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔وزیراعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا، اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والے بیرون ملک کے 86 پائلٹس کے لائسنسز کی توثیق میں 2 سال توسیع کی منظوری دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق 2025 میں نئے پائلٹس کی شمولیت کی فارن ویلیڈیشن میں 3 سال کی توسیع کی منظوری کورونا اور پاکستانی پائلٹس پر پابندی کی وجہ سے بیرون ملک سے پائلٹس کی خدمات حاصل کرنا پڑیں، کابینہ ڈویژن کی سفارش پر مکمل قانونی کارروائی کے بعد عمل درآمد کیا جائیگا۔
اجلاس میں توشہ خانہ ایکٹ 2024 پر نظر ثانی کیلئے وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی، نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین، ممبران کی تعیناتی کے حوالے سے قواعد و ضوابط کی منظوری دی گئی۔
3
بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث افغان شہری ہلاک ہو گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے افغان شہری کی شناخت محمد خان احمد خیل کے نام سے ہوئی، مارے گئے افغان شہری کا تعلق صوبہ پکتیکا، افغانستان سے ہے۔
افغان شہری کی لاش کو ضروری کارروائی کے بعد 20 جنوری کو افغانستان کے حوالے کیا گیا تھا۔ ایسے واقعات پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کا ناقابل تردید ثبوت ہیں۔
4
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے جوڈیشل ریسٹ ہاؤس کا افتتاح کر دیا۔لاہور میں مجموعی طور پر 270 ضلعی عدلیہ کے ججز فرائض سرانجام دے رہے ہیں، قیام پاکستان سے لے کر آج تک لاہور میں دور دراز کے علاقوں سے آنے والے ججز کے لیے سرکاری طور پر رہائش گاہیں یا ریسٹ ہاؤس موجود نہیں تھے، حالانکہ پنجاب کے تمام اضلاع میں یہ سہولت ماتحت عدلیہ کے ججز کو میسر ہے۔
صرف لاہور اس سہولت سے مستفید نہیں ہوسکا جس کے باعث ان ججز کو یاتو قریبی رشتہ داروں کے گھر ٹھہرنا پڑتا یا پھر ان ججز کو کرائے پر گھر لے کرانہیں عارضی رہائش رکھنی پڑتی جس کی وجہ سے ان ججز کو شدید مشکلات کے ساتھ ساتھ ذہنی دباؤ کا سامنا رہتا تھا۔
ماتحت عدلیہ کے ججز کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا کہ لیے ان کے لیے بھی جوڈیشل ریسٹ ہاؤس بنایا جائے جس کے بعد لاہور میں دھرم پورہ میں جہاں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالتیں ہوا کرتی تھیں وہاں سے ان عدالتوں کو دوسری جگہ منتقل کرکے جوڈیشل ریسٹ ہاؤس بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
5
وزارت خارجہ نے بیرون ممالک جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کی تعداد کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کر دیں۔وزارت خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 23 ہزار 456 پاکستان شہری دنیا بھر کے مختلف ممالک کی جیلوں میں قید ہیں، قیدیوں کی سب سے بڑی تعداد خلیجی ممالک میں ہے، سعودی عرب میں 12 ہزار 156 افراد قید ہیں۔
سینیٹ میں جمع کروائے گئے وزارت خارجہ کے جواب میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای میں 5 ہزار 292 پاکستانی شہری قید ہیں، یونان میں 811 پاکستانی جیلوں میں قید ہیں جبکہ قطر میں 338 شہری جیلوں میں قید ہیں۔
6
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے۔عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 3 ڈالر اضافے کیساتھ 2711 ڈالر ہوگئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 300 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت میں 257 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔قیمتوں میں اضافے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 83 ہزار 200 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 42 ہزار 798 روپے ہوگئی۔


