1
پاکستان کا غزہ سیز فائر کا خیر مقدم، ایک بار پھر اسرائیلی جرائم کے احتساب کا مطالبہ،ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا پاکستان 19 جنوری سے غزہ میں سیز فائر کو خوش آمدید کہتا ہے، پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو قومی حل کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اسرائیلی جرائم کے احتساب کا مطالبہ کرتا ہے اور غزہ کو دوبارہ رہنے کے قابل بنانے کے خواہاں ہیں۔افغان باشندوں کی ملک بدری سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاکستان افغان باشندوں کو امریکا سمیت کسی تیسرے ملک بھیجنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ابھی تک ہمیں اس متعلق امریکا سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
2
بینچز اختیارات کیس میں ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ کے خلاف توہین عدالت کیس میں جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ بادی النظر میں 2 رکنی ججز کمیٹی نےجوڈیشل آرڈر کو نظرانداز کیا۔ سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے بینچز اختیارات کا کیس سماعت کےلیے مقرر نہ کرنے پر ایڈیشنل رجسٹرارکے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ہمارے سامنے بنیادی سوال یہ ہےکہ جوڈیشل آرڈرکی موجودگی میں ججزکمیٹی کیس واپس لے سکتی تھی؟ کیا جوڈیشل آرڈرکو انتظامی آرڈر سے تبدیل نہیں کیاجاسکتا؟ اس پر عدالتی معاون وکیل حامد خان نے کہا کہ انتظامی آرڈر سے عدالتی حکم نامہ تبدیل نہیں ہو سکتا۔
جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے اس معاملے پر کنفیوژن تو ہے، ماضی میں بینچز ایسے بنے جیسے معاملات پر رولز بنانا سپریم کورٹ کا اختیار تھا، اب سپریم کورٹ کے کچھ اختیارات ختم کر دیے گئے ہیں، 26 ویں آئینی ترمیم کا سوال آجائے گا۔
جسٹس منصور نے سوال کیا کیا کسی ملک میں بینچز عدلیہ کی بجائے ایگزیکٹو بناتاہے؟کوئی ایک مثال ہو؟ اس پر حامد خان نے کہا بینچز عدلیہ کی بجائے ایگزیکٹو بنائے ایسا کہیں نہیں ہوتا۔
3
کراچی کے سرکاری کالجز میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے احکامات جاری،اس حوالے سے ڈی جی کالجز کی جانب سے سرکاری کالجز کے پرنسپلز کو سی سی ٹی وی کیمرہ لگانے کیلئے مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق کالجز کے داخلی، خارجی راستوں اور دفاتر میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں۔ ملازمین، طلبہ، اساتذہ اور سرکاری املاک کا تحفظ یقینی بنائے جانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
4
علی امین گنڈاپور نے سلمان اکرم اور شیر افضل کے درمیان سیز فائر کرا دیا۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجا اور شیر افضل مروت کے درمیان اختلافات کے معاملے پر وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے دونوں رہنماؤں سے رابطہ کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے دونوں رہنماؤں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیانات سے پارٹی کو نقصان ہو گا۔ ایک دوسرے کے خلاف بیانات کا فائدہ مخالفین کو ہو گا جبکہ شیر افضل مروت نے وزیراعلیٰ کے پی کو اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔
5
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ کے اندر تباہ ہونے والی عمارتوں اور دیگر انفرا اسٹرکچر کے ملبے کو صاف کرنے میں 21 سال کا عرصہ لگ سکتا ہے اور 12 ارب ڈالر کی رقم خرچ ہوسکتی ہے۔
6
مشیر کی حیثیت سے نوکری کے دوسرے ہی روز ایلون مسک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کاموں میں میخیں نکالنا شروع کردیں۔ایلون مسک نے امریکی صدر کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے اسٹارگیٹ پروجیکٹ کے اعلان پر شکوک وشہبات ظاہر کردیے۔ادھر اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹیو سیم آلٹمین نے امریکا میں اے آئی انفرا اسٹرکچر کیلئے 4 برسوں میں 500 ارب ڈالر خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
7
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہےکہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کو پلاننگ کے تحت کمزور کیا گیا ہے۔پھالیہ میں یونیورسٹی آف گجرات کیمپس کے قیام کیلئے پوری کوشش کروں گا۔
غیر قانونی طریقے سے کشتی سے یورپ جانے والے نوجوان کی موت افسوسناک ہے، انسانی اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کرکے انہیں نشان عبرت بنایا جائے، اس حوالے سے ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے انسانی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائےانسانی اسمگلروں کو گرفتار کر کے اس کام کو روکا جائے اور اس سلسلے میں وزیراعظم سےبھی بات کروں گا۔منڈی بہائوالدین میں ورکرز کنونشن سے خطاب
8
جسٹس ارشاد نے تصدیق کی کہ مشرف نے انہیں امریکی صدر کے پیچھے واش روم بھیجا: مشاہد حسین کا انکشاف،مشاہد حسین سید نے کہا کہ یہ ملاقات ایوان صدر کے واش روم میں ہوئی، سابق صدر پرویز مشرف نے خود جسٹس ارشاد کو کلنٹن کے پیچھے واش روم بھجوایاتھا، سابق صدر سب کے سامنے نوازشریف کو پھانسی نہ دینے کی یقین دہانی نہیں کروانا چاہتے تھے، سابق چیف جسٹس نے خود مجھے واقعہ سنایا ، صدر کلنٹن کے دورے کا مقصد نواز شریف کی رہائی تھا۔
امریکی صدر کا دورہ پاکستان صرف اسی ایک نکاتی ایجنڈے پر مرکوز تھااور امریکی صدر کی مداخلت پر نوازشریف کو ریلیف اوررہائی ملی۔ایک تنازع اس وقت پیدا ہوا جب پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نسیم اشرف نے اپنی کتاب رنگ سائیڈمیں انکشاف کیا کہ امریکی صدر بل کلنٹن اور چیف جسٹس ارشاد حسن خان کے درمیان ملاقات واش روم میں ہوئی۔
اس ملاقات کے حوالے سے قیاس آرائیاں ہوتی رہیں کہ ملاقات کے دوران صدر کلنٹن نے چیف جسٹس سے پوچھا کہ کیا نواز شریف کو سزائے موت دی جائے گی،کیونکہ کلنٹن نوازشریف کو بچانا چاہتے تھے۔
9
ٹل سے اشیائے خورونوش، دوائیں لیکر 61 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ پاراچنار پہنچ گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق قافلہ بدھ کی دوپہر 1 بجے روانہ ہوا تھا۔
قافلے میں موجود گاڑیوں میں آٹا، چینی، پھل، سبزیاں اور ادویات شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قافلہ شام تک پاراچنار سمیت اپرکرم کے دیگرعلاقوں تک پہنچا۔سرکاری ذرائع کے مطابق قافلے کی حفاظت پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے کی جبکہ سکیورٹی فورسز بھی معاونت کے لیے ہمہ وقت موجود ہیں۔ جو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں کارروائی کریں گی ۔
کرم کےعلاقے بگن میں 19 سے 21جنوری تک ضلعی انتظامیہ، پولیس اورسکیورٹی اداروں کے آپریشن میں بڑی تعداد میں غیرقانونی ہتھیار برآمد کیے گئے۔فریقین کےدستخط شدہ معاہدے کےمطابق شرپسندوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی۔