1
پاکستان تحریک انصاف کا حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان،چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جاری مذاکرات ختم کر دیئے گئے۔ آج بانی تحریک انصاف سے میری اور دیگر وکلاء کی ملاقات ہوئی ہے، عمران خان نے کہہ دیا حکومت آج جوڈیشل کمیشن نہیں بناتی تو مذاکرات ختم کر دیں۔
پہلے بھی حکومت کو 7 دن کا وقت دیا تھا لیکن اب تک حکومت نے جوڈیشل کمیشن تشکیل نہیں دیا، ہماری خواہش تھی کہ مذاکرات ہوں اور آگے چلیں لیکن شاید سیاسی اختلافات کی ٹھنڈک اتنی زیادہ ہے کہ اس سے برف پگھل نہیں رہی، افسوس کی بات ہے کہ حکومت کی طرف سے آج تک کوئی اعلان نہیں ہوا۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو
2
قومی اسمبلی کا اجلاس آج پھر ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا، اپوزیشن اراکین نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے کا مطالبہ کیا، اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی اراکین آنے آج پھر اجلاس کے دوران ہنگامہ برپا کردیا اور ایوان میں نعرے بازی کی، شدید احتجاج کے بعد اپوزیشن اراکین نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔
3
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیفالٹ کا خواب دیکھنے والا ملک دشمن ٹولہ بار بار اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کرتا ہے، ایسے عناصر کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، برادر ممالک کے تعاون سے پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہوا۔وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزارتِ اطلاعات کے اعلیٰ افسران، چیئرمین پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن میاں عامر محمود، میر ابراہیم، ناز آفرین سہگل، سلطان لاکھانی، سلمان اقبال، شکیل مسعود، ندیم ملک اور کاظم خان شریک تھے۔
حکومت اور میڈیا کا باہمی اعتماد کا رشتہ ہے، حکومتی پالیسیوں پر میڈیا کی تعمیری تنقید گورننس کی بہتری کیلئے بہت ضروری ہے، میڈیا کی تعمیری تنقید کا حکومت خیر مقدم کرتی ہے، ملک میں اظہارِ رائے کی مکمل آزادی ہے اور حکومت میڈیا کے ریاست کا چوتھا ستوں ہونے پر یقین رکھتی ہے۔
4
عمر ایوب کا چیئرمین قائمہ کمیٹی انفارمیشن کو خط، ڈیجیٹل نیشن بل پر تحفظات کا اظہار،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بل کے خلاف اپنے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ ڈیجیٹل نیشن بل پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے خلاف ہے، 56فیصد پاکستانی انٹرنیٹ سے دور ہیں یا ڈیجیٹل خواندہ نہیں ہیں، ڈیجیٹل نیشن بل پاکستان کے آزاد شہریوں کے لیے خطرہ ہے۔ آزادی صحافت اور شہری آزادی کے اوپر یہ بل بڑی قدغن ہے، پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش ہوتی رہی ہے جس سے پاکستان کو نقصان ہوا ہے، زیادہ تر آئی ٹی سے وابستہ محکموں میں غیر سویلین افراد کو بھرتی کیا گیا۔
5
9 مئی توڑ پھوڑ کیس: عدم پیشی پر عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری،سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کو میانوالی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج محمد نعیم شیخ نے کیس کی سماعت کی، کیس کے سماعت کے دوران عدالت کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
مقدمہ میں نامزد ملزمان پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر ،صنم جاوید ، عالیہ حمزہ ،ایم این اے بلال اعجاز سمیت درجنوں کارکن عدالت میں پیش ہوئے،اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب آج بھی عدالت پیش نہ ہوئے ، عمر ایوب کے وکلاء نے ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا ۔عمر ایوب کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ عمرایوب خان مسلسل تین پیشیوں پر عدالت میں نہیں آئے۔
اپوزیشن لیڈر کی عدم پیشی کے باعث دیگر ملزمان پر بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی ، عدالت نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔بعدازاں عدالت نے 9 مئی کو میانوالی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے کیس کی مزید سماعت 30 جنوری تک ملتوی کردی۔
6
خواجہ آصف اور بلاول بھٹو زرداری ہائی پاور سلیکشن بورڈ کے ممبر منتخب،خواجہ آصف اور بلاول بھٹو زرداری کی تعیناتی کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ہائی پاور بورڈ میں پہلی مرتبہ سیاسی شخصیات کی تعیناتی کی گئی ہے، وزیر اعظم، سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، پرنسپل سیکرٹری اور متعلقہ وزارت کا سیکرٹری بورڈ کے ممبر ہوتے ہیں۔
7
وزارت داخلہ نے پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن پر درج مقدمات کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے رؤف حسن کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وکیل عائشہ خالد عدالت پیش ہوئیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی رپورٹس تاحال موصول نہیں ہوئیں، خیبرپختونخوا سے تفصیلات جلد مل جانی چاہئیں، گنڈاپور ہر بار اسلام آباد آتے ہیں اور یہاں سے لوگ گرفتار ہو جاتے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے بلوچستان، خیبرپختونخوا اور نیب سے مقدمات کی مکمل تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
8
موٹرسائیکل چلانے اور پیچھے بیٹھنے والے دونوں کیلئے ہیلمٹ لازمی قرار،سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا ہے کہ ہیڈ انجری کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے لئے لازم قرار دیا گیا ہے، خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق آج سے گاڑی چلاتے ہوئے سیٹ بیلٹ ڈرائیور اور ساتھ بیٹھا شخص بھی لگائے گا۔


