1
پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 قومی اسمبلی نے منظور کر لیا۔وفاقی وزیر رانا تنویر نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 قومی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جسے ایوان زیریں نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 کے خلاف صحافیوں کی جانب سے پریس گیلری سے واک آؤٹ بھی کیا گیا۔
حکومت کی کسی بھی اتحادی جماعت کی جانب سے پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 کی مخالفت نہیں کی گئی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے بل پیش کیے جانے سے قبل ہی واک آؤٹ کیا جا چکا تھا۔
2
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو ایف بی آر افسران کے لیے گاڑیوں کی خریداری روکنےکے لیے خط لکھ دیا۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی نے وزیر خزانہ کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ایف بی آر کی طرف سے 1010 گاڑیاں خریدنے پر سینیٹ کمیٹی کو تحفظات ہیں،کمیٹی ممبران نےگاڑیوں کی خریداری میں اوپن بڈنگ نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
سلیم مانڈوی والا نے خط میں کہا کہ گاڑیوں کی خریداری کے عمل کو مس مینجمنٹ اور ممکنہ بدنیتی سمجھاگیا، گاڑیوں کی خریداری کے عمل میں شفافیت پر سمجھوتا کیا گیا، خریداری میں شفافیت کو یقینی بنانا بنیادی اصول ہے۔
3
کراچی میں پیپلز بس سروس کے کرایوں میں 60 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا۔پیپلز بس سروس کے نئے کرایوں کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق پیپلز بس سروس کے مختلف روٹس پر کرائے 20 سے 60 فیصد بڑھا دیے گئے ہیں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بسوں پر نئے نرخ آویزاں کر دیے گئے ہیں جن کا اطلاق یکم فروری سے ہوگا۔
4
کئی ماہ کے مسلسل اضافے کے بعد دسمبر میں غذائی اجناس کی برآمدات میں کمی آئی ہے۔سرکاری دستاویز کے مطابق دسمبر میں غذائی اجناس کی برآمدات میں سالانہ 4.23 فیصد کمی ہوئی اور غذائی اجناس کی برآمدات 80 کروڑ 48 لاکھ ڈالر رہیں۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر میں چاول کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 30.63 فیصد کمی ہوئی اورباسمتی چاول کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 40.88 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
5
پاکستان کا غزہ سیز فائر کا خیر مقدم، ایک بار پھر اسرائیلی جرائم کے احتساب کا مطالبہ،ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا پاکستان 19 جنوری سے غزہ میں سیز فائر کو خوش آمدید کہتا ہے، پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو قومی حل کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اسرائیلی جرائم کے احتساب کا مطالبہ کرتا ہے اور غزہ کو دوبارہ رہنے کے قابل بنانے کے خواہاں ہیں۔