1
پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے مذاکرات ختم ہونے کے حوالے سے وفاقی وزرا کے بیانات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات ختم کرنے کی ذمے دار خود حکومت اور حکمرانوں کا غیر سنجیدہ رویہ ہے۔
تحریک انصاف نے مذاکرات کسی خوف ، دباؤ اورکسی کے کہنے پر نہیں بلکہ ملک کی خاطر کیے تھے۔بدقسمتی سے حکومت نے مذاکرات کو گڈا گڈی کا کھیل سمجھا۔ حکومت آج بھی سنجیدہ ہو جائے اور جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کر دے مذاکرات دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔ حکومت ملک کے لیے مخلص ہی نہیں تو مذاکرات کا کیا فائدہ۔
2
کوسٹ گارڈز آپریشنز میں 9 لاکھ لیٹر سے زائد ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ ناکام،گزشتہ ایک ماہ کے دوران بلوچستان کے علاقے جیوانی،پسنی اور اوتھل میں منشیات اور ڈیزل اسمگلنگ کے خلاف کاروائیاں کی گئیں، جس میں اعلیٰ کوالٹی کی چرس کے علاوہ دیگر اسمگلنگ کی اشیا برآمد کرلی گئیں۔
ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق گزشتہ 15 دنوں کے دوران پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی انٹیلی جنس کی بنیاد پرجنوبی بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے9لاکھ15ہزار4 سو40لیٹر ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔اس کے علاوہ اوتھل اور جیوانی سے 34.505کلوگرام چرس کی اندرون و بیرون ملک اسمگلنگ کوبھی ناکام بنایا گیا۔ مذکورہ منشیات قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
3
پی آئی اے کی نئے گوادر ائرپورٹ سے پہلی بین الاقوامی پرواز روانہ،ترجمان کے مطابق قومی ائرلائن پی آئی اے کا نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔ قومی ائرلائن نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ سے بین الاقوامی افتتاحی پرواز پی کے 197 نے مسقط کے لیے اڑان بھری۔
بین الاقوامی پرواز 39 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی۔ اس موقع پر گوادر ائر پورٹ پر پی آئی اے کے حکام نے مسافروں کو رخصت کیا۔ پی آئی اے ابتدائی طور پر مسقط کے لیے ہفتہ وار ایک پرواز آپریٹ کرے گی۔
4
ٹرمپ نے امریکی تاریخ کے 3 اہم قتل کی رپورٹس منظر عام پر لانے کا حکم دے دیا۔برطانوی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق حکم نامے میں ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس اور اٹارنی جنرل کو سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی کی ان فائلوں کو منظر عام پر لانے کے لیے 15 دن کا وقت دیا گیا ہے۔
جبکہ دیگر 2 قتل کی تحقیقاتی رپورٹس کو 45 دن میں منظر عام پر لانے کا حکم دیا ہے۔ اس کے حکمنامے کے تحت سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی، سینیٹر رابرٹ ایف کینیڈی اور شہری حقوق کی اہم سیاہ فام شخصیت مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹس عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔ٹرمپ نے حکم نامے پر دستخط کرنے کے بعد اوول آفس میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ بہت سے لوگ طویل عرصے سے بلکہ دہائیوں سے اس کا انتظار کر رہے ہیں لیکن اب سب کچھ ظاہر ہو جائے گا۔
5
4 خواتین اسمگلر گرفتار؛ بھاری مقدار میں منشیات برآمد،اے این ایف کے مطابق سکھر میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش کرنے والی 4 خواتین کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی سٹی پوائنٹ سکھر کے قریب کی گئی۔ دوران تلاشی چاروں خواتین کے قبضے سے مجموعی طور پر 6 کلو آئس برآمد ہوئی۔
اے این ایف کے مطابق خواتین ملزمان نے منشیات اسکاچ ٹیپ کی مدد سے جسم سے لپیٹ رکھی تھی۔ گرفتار خواتین کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ مزید ملزمان کی گرفتاری کیلئے خواتین سے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ منشیات اسمگلنگ جیسے گھناؤنے جرم میں خواتین کو ملوث کرنا باعث تشویش ہے۔ ایسے گروہوں کے خلاف فوری اور سخت اقدامات کی ضرورت ہے ۔


