1
سپیکر نے مذاکراتی کمیٹیوں کا چوتھا اجلاس طلب کر لیا، پی ٹی آئی کا شرکت سے انکار،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس 28 جنوری کو پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 5 میں ان کیمرہ ہوگا۔
حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، پی ٹی آئی نے ابھی تک تحریری جواب سے آگاہ نہیں کیا کہ وہ مذاکرات ختم کر رہے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مذاکرات میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
2
سپریم کورٹ: ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نے توہین عدالت کا شوکاز نوٹس چیلنج کر دیاایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس نے توہین عدالت کی کارروائی پر حکم امتناع کی درخواست بھی کر دی، سپریم کورٹ نے نذر عباس کی انٹرا کورٹ اپیل پر 6 رکنی بنچ تشکیل دے دیا۔
جسٹس جمال خان مندو خیل کی سربراہی میں بنچ تشکیل دیا گیا ہے، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس مسرت ہلالی تشکیل پانے والے بنچ کا حصہ ہیں۔سپریم کورٹ نے نذر عباس کی انٹرا کورٹ اپیل 27 جنوری (بروز پیر) کو سماعت کیلئے مقرر کر دی، 6 رکنی لارجر بنچ دن ایک بجے انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کرے گا۔
3
26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی گئی۔درخواست ایڈووکیٹ وسیم عباس کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست میں وفاقی حکومت ، سپیکر اسمبلی جوڈیشل کمیشن اور اٹارنی جنرل پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم براہ راست بنیادی حقوق اور عدلیہ کی آزادی کے خلاف ہے، 26 ویں آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دیا جائے۔
4
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو اور اگلے ہفتے ملاقات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔اس موقع پر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے اگلے ہفتے ملاقات ہو گی اور مزید سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو بھی کریں گے۔
5
پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کا مقدمہ، رانا ثنااللہ کے وارنٹ گرفتاری کالعدم قرار،گوجرانوالہ میں ایڈیشنل سیشن جج سہیل انجم کی عدالت میں رانا ثنااللہ کیخلاف مقدمہ کی سماعت ہوئی۔عدالت نے مقدمہ میں رانا ثنا اللہ کی طلبی اور رانا ثنا اللہ کی بے گناہی سے متعلق پولیس رپورٹ مسترد کرنے کا حکم بھی کالعدم دے دیا، کالعدم ہونے والے تینوں احکامات جوڈیشل مجسٹریٹ سدرہ گل نواز نے جاری کیے تھے۔
6
عالیہ حمزہ کا مقدمات کی تفصیلات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع،عالیہ حمزہ کی جانب سے درخواست میں وزارت داخلہ، آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب، چیف کمشنر اور ڈی جی ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کسی بھی مقدمہ میں گرفتاری سے روکنے اور متعلقہ عدالت سے رجوع کی اجازت دی جائے، اسلام آباد میں درج تمام مقدمات کی تفصیلات فراہمی کا حکم دیا جائے۔
عالیہ حمزہ نے درخواست میں کہا کہ کسی بھی معلوم یا نامعلوم مقدمہ میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا جائے، مقدمہ میں متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے حفاظتی ضمانت دی جائے۔
7
ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے ویزا فراڈ اور لیبیا کشتی حادثہ میں ملوث انسانی سمگلر گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے کے مطابق 2024ء میں انٹرپول نے مطلوب انسانی سمگلروں سمیت 23 ملزموں کے ریڈ نوٹسز جاری کئے، انٹرپول پاکستان نے گزشتہ سال مطلوب 116 ملزموں کو مختلف ممالک سے گرفتار کیا، گرفتار ملزم قتل،اقدام قتل، ڈکیتی، اغوا، انسانی سمگلنگ، کرپشن میں مطلوب تھے۔