1
وزیراعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے سدباب کیلیے خصوصی ٹاسک فورس قائم کردی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات کے واقعے پر ہفتہ وار اجلاس ہوا۔
ٹاسک فورس کی سربراہی وزیرِ اعظم خود کریں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث انسانیت کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے افراد کی گرفتاریوں میں تیزی لائی جائے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ تمام ادارے بشمول وزارت خارجہ انسانی اسمگلروں کی نشاندہی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات کے دلخراش واقعے پر مجھ سمیت پوری قوم مغموم ہے۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات میں ملوث گروہوں، پاکستان میں مختلف اداروں کی جانب سے گرفتاریوں، ایف آئی آرز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
2
صدر، وزیراعظم کا تعلیم کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر زور،صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ تعلیم کے موقع پر پیغام میں کہا کہ تعلیم کو ایک خوشحال، ہمہ گیر اور ترقی پسند پاکستان کی بنیاد بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
مصنوعی ذہانت کی دنیا میں انسانی ارادہ و اختیار، تخلیقی صلاحیت، تنقیدی سوچ اور فیصلہ سازی کو مقدم رہنا چاہیے۔ مصنوعی ذہانت کا ذمہ دارانہ استعمال تعلیمی نظام میں انقلاب برپا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹولز سیکھنے کے عمل کو انفرادی ضروریات کے مطابق ڈھالنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
مصنوعی ذہانت کے ٹولز کی مدد سے تعلیمی نظام میں ڈیٹا پر مبنی اصلاحات لائی جا سکتی ہیں۔ مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں سے مستفید ہونے کیلئے ہمیں تعلیمی انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری کو ترجیح دینا ہوگی جبکہ تعلیمی نظام کو درپیش مستقل چیلنجوں سے بھی نمٹنے کی ضرورت ہے۔
3
پنجاب حکومت نے لاکھوں خاندانوں کو رمضان پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں لاکھوں خاندانوں کو نگہبان رمضان پیکیج دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔
مریم نواز نے شہریوں کو نگہبان رمضان پیکیج کے لیے 15فروری تک رجسٹریشن مکمل کرانے کی ہدایت کردی۔مریم نواز نے اجلاس میں نگہبان رمضان پیکیج میں شفافیت کے لیے ضروری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نگہبان رمضان پیکیج نادار لوگوں کا حق اور حکومت کا فرض ہے۔ عوام کو عزت و احترام کے ساتھ ان کا حق ملنا چاہیے۔
4
بلاول بھٹو زرداری کی پیپلز پارٹی کی کابینہ میں شمولیت کی تردید،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری میں شرکت کی خبر میڈیا نے دی تھی اس لیے میڈیا سے ہی پوچھا جائے۔ ناشتے کے لیے امریکا ضرور جاؤں گا۔ یہ تو والدہ کے دور سے چل رہا ہے۔
کچھ دوستوں سے بھی مل لوں گا۔ پیپلز پارٹی کابینہ میں شمولیت اختیار نہیں کررہی ہے۔ نہ میں وزیر ہوں اور نہ ہی کوئی حکومتی عہدیدار اس لیے دورہ امریکا میں میرا کوئی آفیشل پروگرام نہیں ہے۔اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو
5
بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اگر حکومت خلوص دکھانا چاہتی ہے تو 31 جنوری کے بجائے ابھی دکھائے، 31 جنوری میں بھی کوئی دیر نہیں لیکن بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن ہے، ملاقات ہوئی تو مذاکرات کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے بات کروں گا، ہماری سادہ سی درخواست تھی کمیشن بنائیں کہ 9 مئی کو کیا ہوا؟ کمیشن میں سب بات کریں گے ایک دن میں کمشین کا فیصلہ نہیں آنا تھا۔
اگر حکومت نے یہ نہیں ہونے دینا تو پھر اس طرح نہیں چلے گا، اگر حکومت سوچ رہی ہے کہ 8/9 فروری کو عوام کی رائے پر جس طرح مٹی ڈالی گئی ویسی اس معاملے پر ہوئی تو ہم حصہ نہیں بنیں گے، ہم اصول پر کھڑے رہیں گے اور اپنی اصولی پوزیشن کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دیں گے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو
6
نارتھ کراچی کے علاقے رشید آباد میں نجی اسکول ٹیچرکوفائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، پولیس نے فائرنگ کے واقعے کوذاتی دشمنی قراردے کے تفتیش شروع کردی۔جمعے کی صبح خواجہ اجمیرنگری تھانے کے علاقے نارتھ کراچی رشید آباد میں نجی اسکول کے باہرگھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کوقتل کردیا اورفرارہوگئے ۔
مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت 38 سالہ خان مائیل ولد میروف خان کے نام سے کی گئی ۔مقتول پیشے کے لحاظ سے نجی اسکول میں ٹیچر تھا اور اس کا آبائی تعلق تحصیل دتہ خیل ضلع شمالی وزیرستان سے تھا۔ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پرعلاقہ پولیس موقع پرپہنچ گئی اور فوری طور پرجائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا۔