1
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے وفاقی ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں کا تھرو فارورڈ 8 ہزارارب روپے تک ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق کے جاری منصوبوں کی تکمیل کے لیے 2900 ارب روپے کی ضرورت درکار ہیں۔
وفاقی ترقیاتی منصوبوں کا تھرو فارورڈ 8 ہزار ارب روپے ہوگیا ہے، وفاقی ترقیاتی پروگرام میں صوبائی منصوبوں کی شمولیت سے تھرو فارورڈ بڑھا ہے۔صوبائی ترقیاتی منصوبے صوبے اپنے فنڈز سے مکمل کریں،60 سے 80 فیصد مکمل صوبائی منصوبوں کی تکمل کریں گے، صوبائی منصوبوں کے 50 فیصد فنڈز صوبہ اور 50 فیصد وفاق دے گا۔
پی ایس ڈی پی میں 40 فیصد صوبائی منصوبے شامل تھے، پی ایس ڈی پی اخراجات کا حجم 12 فیصد سے کم ہوکر4 فیصد پر آگیا ہے۔
2
ترک صدر رجب طیب اردوان آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ترکیے کےصدر رجب طیب اردوان 12 سے 13 فروری تک پاکستان کا دورہ کریں گے اور ان کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی آئے گا۔ترک صدر کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے اسٹریٹجک کونسل کا اجلاس ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر طیب اردوان مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کریں گے۔پاکستان اور ترکیے کے دوران اعلیٰ سطح کے اسٹریٹجک تعاون کونسل کا یہ 7واں اجلاس ہو گا۔
3
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان چیئرمین پی اے سی کے نام پر اتفاق،چیئرمین پی اے سی کے لیے پی ٹی آئی نے نئے ناموں کا پینل تیار کرلیا جس میں سے تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا نام نکال دیا گیا اور ان کی جگہ عادل بازئی کا نام پینل میں شامل کیا گیا ہے۔
تاہم ذرائع نے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے حوالے سے بتایا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جنید اکرم کے نام پر اتفاق ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کو چیئرمین پی اے سی کے انتخاب کے حوالے سے آگاہ کیا اور پی اے سی کے ممبران کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
حتمی مشاورت مکمل ہونے کے بعد پی اے سی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کا انتخاب ہوگا۔
4
پشاور ہائیکورٹ کی ہائی پروفائل قیدیوں کو دوسرے صوبوں میں منتقل کرنے کی ہدایت،خیبر پختونخوا کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کے معاملے پر پشاور ہائی کورٹ نے چیف سیکرٹری اور آئی جی خانہ جات کو مراسلہ ارسال کردیا، جس میں ہائی پروفائل قیدیوں کو دوسرے صوبے منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہائی پروفائل قیدیوں کو ساہیوال اور میانوالی کی محفوظ جیلوں میں منتقل کردیا جائے۔ خیبرپختونخوا کی جیلوں میں قید دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے 89 قیدیوں کو بھی پنجاب منتقل کردیا جائے۔
5
شیر افضل مروت نے بانی پی ٹی آئی کی ان سے ملاقات سے انکار کی خبر کو جھوٹ قرار دے دیا۔میڈیا کے ساتھ پیکا ایکٹ پر اظہار یکجہتی کرتا ہوں، کل سب چینلز نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو ملنے سے اور آنے سے منع کردیا، جو خبر جھوٹ ہے اس پر میرا کوئی موقف لینا بھی گوارا نہیں کیا۔میں تنہا ہی بہتر ہوں عزت نفس سے زیادہ مجھے کچھ عزیر نہیں ہے، ایسی باتیں پھیلانے سے میرے لوگوں کے دل میں میل پیدا ہوتا ہے۔شیر افضل مروت کی پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو
6
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شیر افضل مروت کا اڈیالہ جیل میں داخلہ کیوں رُکوایا، اس حوالے سے تفصیلات سامنے آ گئیں۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے شیر افضل مروت کا اڈیالہ جیل میں داخلہ بند کرانے کا عدالتی حکم سامنے آگیا، جس میں لکھا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے عدالتی آرڈر میں تحریر کروایا کہ شیر افضل مروت ان کے وکیل نہیں ہیں۔توشہ خانہ ٹو کیس کی گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ سامنے آ گیا، جس میں شیر افضل مروت کو کمرہ عدالت تک رسائی کی اجازت نہ دیے جانے کو عدالتی حکم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
آرڈر میں لکھا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے تحریر کروایا کہ شیر افضل مروت کو جیل داخلے سے روکا جائے۔ حکم نامے کے مطابق عدالت کو اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال خان نے بتایا کہ شیر افضل مروت کمرہ عدالت میں داخلہ چاہتے ہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ شیر افضل مروت توشہ خانہ ٹو کیس میں ڈیفنس کے وکیل ہیں، جس پر بانی پی ٹی آئی نے عدالت کو بتایا کہ شیر افضل مروت ان کے وکیل نہیں ہیں۔بانی پی ٹی آئی نے عدالت کو بتایا کہ شیر افضل مروت کو اس کیس میں پیش ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔
7
سپریم کورٹ نے انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا مسترد کر دی، جسٹس جمال مندوخیل نے دلچسپ ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے دن جرمانہ کرنے سے زیادہ ثواب کا کام اور کیا ہو سکتا ہے۔جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
جسٹس نعیم افغان نے کہا کہ اس واقعے میں راکٹ لانچر استعمال ہوا ہے، جب اسلحہ استعمال ہوگا تو کیس اے ٹی سی میں ہی جاٸے گا۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اے ٹی سی عدالت نے کیس واپس مجسٹریٹ کے بجائے تفتیشی افسر کو بھیجا۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ فیصلہ مجسٹریٹ نے نہیں عدالت نے کرنا ہوتا ہے، مجسٹریٹ نے صرف یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ تحقیقات ٹھیک ہوٸی یا نہیں، آپ نے درخواست داٸر کرکے عدالت کا اتنا وقت ضاٸع کیا، جمعہ کے دن جرمانہ کرنے سے زیادہ ثواب اور کیا ہوسکتا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے جرمانہ نہ کرنے کی استدعا کی جبکہ سپریم کورٹ نے درخواست خارج کر دی۔
8
توہین رسالت کے چار مجرموں کو پھانسی دینے کا حکم، توہین مذہب کے کیس کا فیصلہ پنڈی کی سیشن عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد طارق ایوب نے سنایا۔عدالت نے مجرموں پر مجموعی طور پر 46 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جب کہ عدم ادائیگی جرمانہ پر قید سخت بھگتنا ہوگی، مجرمان میں رانا عثمان، اشفاق علی، سلمان سجاد، واجد علی شامل ہیں۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے 22 اکتوبر 2022ء کو مقدمہ درج کیا تھا، مجرمان پر فیس بک، سوشل میڈیا پر توہین رسالتؐ، مقدس ہستیوں، قرآن پاک کی بے حرمتی ثابت ہوئی۔عدالت نے 295 سی کے تحت چاروں مجرموں کو سزائے موت سنائی، 295 بی پر عمرقید سنائی، مجرمان کو 295 اے پر دس دس سال قید سنائی اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا، مجرمان کو 298 اے جرم میں تین تین سال قید سنائی اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔
مجرموں کو پیکا ایکٹ 2016ء کے تحت سات سات سال قید ایک ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔فیصلے کے بعد مجرموں کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
9
چیئرمین سینیٹ کا اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز پر عمل درآمد تک اجلاس کی صدارت سے انکار، آج سینیٹ کا اجلاس منعقد ہوا تاہم اس کی صدارت چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے نہیں کی بلکہ ان کی جگہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ موجود تھے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے اجلاس کی صدارت سے انکار کردیا ہے، ان کا موقف ہے کہ جب تک تحریک انصاف کے سینٹر اعجاز چوہدری کو سینیٹ اجلاس میں لانے (پروڈکشن آرڈرز) کے میرے حکم پر عمل درآمد نہیں ہوگا اس وقت تک میں اجلاس کی صدارت نہیں کروں گا۔
10
سونا مزید مہنگا ہوگیا، قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 29ڈالر کے اضافے سے 2772ڈالر کی سطح پر آ گئی۔دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں جمعہ کو سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
مقامی مارکیٹ میں 30اکتوبر 2024 کے بعد 24قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 2900 روپے کے اضافے سے 289600روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2486روپے کے اضافے سے 248285روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی ہیں۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 31روپے کے اضافے سے 3432روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت بھی 27روپے کے اضافے سے 2942روپے کی سطح پر آگئی۔


