1
راولپنڈی کے ایڈیشنل سیشن جج محمد طارق ایوب نے سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے کے کیس میں جرم ثابت ہونے پر 4 مجرمان کو سزائے موت سنا دی ۔ سزا پانے والوں میں رانا عثمان ، اشفاق علی، سلمان سجاد اور واجد علی شامل ہیں ، عدالت کی جانب سے مجرمان کو 10 ، 10 سال قید اور 10 ، 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیاہے ۔
مجرموں کیخلاف پیکا کی سیکشن 11 کے تحت اکتوبر 2022 میں مقدمہ درج ہوا تھا ، کیس کا فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج محمدطارق ایوب کی جانب سے سنایا گیا ۔
2
پی ٹی آئی کے جنید اکبر خان چیئرمین پی اے سی منتخب، پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس کچھ دیر قبل طلب کیا گیا تھا جس میں جنید اکبر خان کو چیئرمین پی اے سی منتخب کیا گیا ، اس سے قبل تحریک انصاف نے جنید اکبرخان کے نام پر اتفاق کرتے ہوئے نام حکومت کو بھجوا دیا تھا ۔
3
پنجاب حکومت اور ترک کمپنیوں کے درمیان سرمایہ کاری و تجارت کے فروغ پر اتفاق، صوبائی وزیر نے ترکیہ کی کمپنیوں کو ای وی سیکٹر سمیت زراعت، توانائی، صحت اور لائیو اسٹاک میں سرمایہ کاری کی دعوت دیدی۔
پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستاغ نے ملاقات کی، ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور ترک کمپنیوں کی پنجاب میں سرمایہ کاری کے امور پر بات چیت ہوئی۔ملاقات میں مختلف شعبوں میں ترک کمپنیوں کی سرمایہ کاری بڑھانے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر اتفاق ہوا۔
4
چار اکتوبر احتجاج کیس: زین قریشی کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج،پاکستان تحریک انصاف کے 4 اکتوبر کے احتجاج کے کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے زین قریشی کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی۔درخواست ضمانت ملزم اور وکیل صفائی کی عدم حاضری اور عدم پیروی پر خارج کی گئی۔
پی ٹی آئی رہنماء زین قریشی کیخلاف تھانہ صدر حسن ابدال میں دہشتگردی ایکٹ کے تحت 2 مقدمات درج ہیں۔ درخواست ضمانت کی سماعت کے موقع پر ملزم زین قریشی اور ان کے وکیل صفائی عدالت پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی۔
5
ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کا اگلے ماہ پاکستان دورے کا امکان،صدررجب طیب ایردوان 12 سے 13 فروری تک دورہ کریں گے، ترکیہ کے صدر کے ہمراہ 10 سے 12 وزراء بھی پاکستان آئیں گے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اعلیٰ سطح کی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کا اجلاس ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ایردوان اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے، ہائی لیول سٹریٹجک تعاون کونسل کا یہ 7واں اجلاس ہو گا۔ جس میں دفاع، سیکیورٹی، تجارت، معاشی تعاون، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہو گی۔
6
انسداد دہشت گردی عدالت: بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو شوکاز نوٹس جاری،نوٹس سرکاری وکیل کی جانب سے شکایت پر جاری کیا گیا، مشال یوسفزئی سے کل تک جواب طلب کیا گیا ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے سرکاری وکیل کی شکایت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل مشال یوسفزئی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
عدالتی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مشال یوسفزئی نے لائسنس معطل ہونے کے باوجود وکالت نامے پر دستخط کرکے سنگین پیشہ ورانہ بددیانتی کا ارتکاب کیا، تحریری دستاویزی ثبوت کو زبانی دعوے سے رد نہیں کیا جاسکتا۔نوٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ پروفیشنل مس کنڈکٹ پر آپ کا معاملہ لائسنس منسوخی کیلئے بار کونسل کو کیوں نہ بھیجا جائے، لائسنس معطلی کا معاملہ چھپانے پر آپ کخلاف فوجداری کارروائی کیوں نہ کی جائے؟َ۔
7
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پشاور ڈی آئی خان موٹر وے منصوبے کیلئے زمین کی خریداری کا حکم،محکمہ خزانہ کو 2 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت بھی کردی، موٹر وے پر 19 انٹر چینج اور 2 ٹنل بھی تعمیر کی جائیں گی۔
اجلاس میں منصوبے پر عملدرآمد کے کیلئے پشاور اور ڈی آئی خان دونوں اطراف سے بیک وقت زمین کی خریداری کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا، 365 کلو میٹر طویل موٹر وے پر 348 ارب روپے لاگت آئے گی، موٹر وے خیبرپختونخوا کے 7 اضلاع کو ایک دوسرے سے جوڑے گی۔


