1
دوسرا ٹیسٹ: پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز 163 پر ڈھیر، نعمان علی کے 6 شکار،ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان کریگ بریتھ ویٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
مہمان ٹیم کی جانب سے کریگ بریتھ ویٹ اور مائیکل لوئس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 8 کے مجموعے پر پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر کاشف علی نے اپنے اوور میں مائیکل لوئس کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔
پاکستان کی جانب سے دوسری وکٹ ساجد خان نے حاصل کی، انہوں نے عامر جنگو کو اپنا شکار بنایا، اس کے بعد نعمان علی نے ویسٹ انڈین بیٹرز کو ٹکنے نہ دیا اور یکے بعد دیگرے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
2
ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرا ٹیسٹ، نعمان علی نے اعزاز اپنے نام کرلیا۔ملتان ٹیسٹ میں اسپنر نعمان علی نے اننگز شروع ہوتے ہی ویسٹ انڈیز کے بیٹرز کو قابو کرلیا اور لگاتار 3 وکٹیں حاصل کرکے ہیٹ ٹرک کرلی جس کے بعد وہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے اسپنر بن گئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف 12 ویں اوور کی پہلی، دوسری اور تیسری گیند پر نعمان علی نے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔اس کے علاوہ نعمان علی نے ملتان ٹیسٹ میں ایک بار پھر 5 وکٹیں بھی اپنے نام کرلی ہیں۔
3
تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہےکہ کمیشن نہیں بنےگا تو ہم حکومت کے ساتھ صرف فوٹوسیشن کے لیے تو نہیں بیٹھ سکتے۔سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج سے متعلق مقدمے میں پیش ہوئے، کئی وکلا پر دہشتگردی کے مقدمات ہوئے، جج صاحب نےکہا امید ہے آئندہ تاریخ پرکیس ختم ہوجائے گا۔
اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو، ہم نے حکومت کوکہا 7 دن میں کمیشن بنانے یا نہ بنانے کا اعلان کریں، کمیشن میں یہ بھی طےہونا تھا کہ اس میں ججزکون سے ہیں، ٹی او آرز کون سے ہوں گے لیکن حکومت کی طرف سےکچھ بھی نہیں ہوا جو ثابت کرتاہےکہ کمیشن بنانےکی نیت نہیں۔
4
لاہور: 2 ملوں سے کروڑوں کی بجلی چوری پکڑی گئی، ایک ارب سے زائد کا جرمانہ عائد،لیسکو چیف شاہد حیدر کے مطابق لاہور کے علاقے شالامار میں ایک فرنس مل کے مالکان موبائل ٹرانسفارمر لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا کے ڈیٹیکشن بل کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
شاہد حیدر نے بتایا کہ چند روز قبل اسی علاقے میں ایک اسٹیل مل سے بھی بجلی کی بڑی چوری پکڑی گئی تھی، دونوں ملوں کو ایک ارب روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا ہے جب کہ ڈی ٹیکشن بل کی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔
5
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی تحریک انصاف کی حکومت سے بھی بری ہے۔عوام پاکستان کو زبردست رسپانس ملا ہے، پارٹی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔وفاقی حکومت کی کارکردگی تحریک انصاف کی حکومت سے بھی بری ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم کسی کی گود میں بیٹھ کر اقتدار میں نہیں آئیں گے، مسلم لیگ نے اپنا راستہ کھو دیا ہے اور پی ٹی آئی بہت بڑی ہوگئی ہے۔ یہ نواز شریف کی بھی مسلم لیگ نہیں رہی ہے، آج تو بچوں، سمدھیوں اور بھائیوں کی حکومت آگئی ہے۔
6
کراچی: سرجانی میں باراتیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک اور بچہ دم توڑ گیاق سرجانی تیسر ٹاؤن سیکٹر 35 سی میں گزشتہ روز شادی کی تقریب ہوئی جس میں باراتیوں نے فائرنگ کی۔
پولیس کا کہنا ہےکہ بارات کے دوران گھر کے باہر فائرنگ سے ایک کمسن بچہ جاں بحق اور ایک بچے سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے تھے، زخمیوں میں 6 سال کا ایلن مسیح اور 30 سال کا روبن شامل تھے۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری تھا تاہم دوران علاج زخمی ہونے والا بچہ ایلن مسیح بھی دم توڑ ہوگیا جس کے بعد واقعہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔
7
وزیر داخلہ کی امریکی سرمایہ کاروں کو دعوت، مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یو ایس چیمبر آف کامرس میں امریکا پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات کی جس میں مائنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری و تعاون بڑھانےپر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیرداخلہ نے کان کنی اور آئی ٹی سیکٹر میں امریکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ یو ایس پاکستان بزنس کونسل پاکستان میں سرمایہ کاری کے بےپناہ مواقعوں سےفائدہ اٹھا سکتی ہے۔اس موقع پر محسن نقوی نے پاکستان میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کے مسائل سنے اور کہا کہ امریکی کمپنیوں سےمتعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کیے جائیں گے۔
8
خیبر پختونخوا حکومت نے ضم شدہ اضلاع کے فنڈز کے بغیر ساتویں این ایف سی ایوارڈ کی مزید توسیع کوتسلیم کرنے سے انکار کردیا۔صوبائی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ ایسا کرنا خیبر پختونخوا کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہوگا، صوبے کا حصہ 19.64فیصد ہونا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے وفاقی وزیر خزانہ کے نام خط میں کہا کہ ساتویں این ایف سی ایوارڈ کا موجودہ شکل میں جاری رہنا نہ صرف آئینی دفعات سے متصادم ہے بلکہ وفاقیت، مساوات اور انصاف کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی کرتا ہے۔ انہوں نے ایوارڈ کی توسیع کے لیے جاری کردہ صدارتی احکامات کو غیر آئینی اور امتیازی قرار دیا۔
20 جنوری 2025 کو خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے ایک خط میں صوبے کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں شامل کرنے کے حوالے سے ایک سنگین آئینی مسئلہ اٹھایا۔ خط میں انہوں نے ضم شدہ علاقوں کے بعد خیبر پختونخوا کو این ایف سی ایوارڈ کے فریم ورک میں شامل کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام ایک تاریخی قدم تھا جس نے صوبے کی جغرافیائی اور آبادیاتی تشکیل کو نئی شکل دی۔
9
ہفتہ وار مہنگائی دہائی کی کم ترین سطح تک پہنچ گئی، 3 فیصد سے نیچے آنے کا امکان،پاکستان میں مہنگائی کے دباؤ تیزی سے کم ہوتے نظر آ رہے ہیں جیسا کہ حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) نے 23 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے لیے سالانہ بنیادوں پر صرف 0.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔یہ پچھلے ہفتے کے 1.16 فیصد کے مقابلے میں نمایاں کمی کو ظاہر کرتا ہے اور یہ مسلسل چوتھا ہفتہ ہے جس میں مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، جو دسمبر 2024کے اختتام پر ریکارڈ کی گئی 5.08 فیصد سے کم ہو گئی ہے۔
10
اعلیٰ کارکردگی دکھاؤ بونس اور ترقی پاؤ، حکومت کا نیا ریوارڈ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ،سر کاری افسروں کی کارکردگی جا نچنے کے نئے نظام میں افسران کی سالانہ رپورٹس( PERS) کو مالی مراعات یعنی بونس و غیرہ اور پروموشن سے منسلک کیا جا ئے گا تاہم افسروں کا انتخاب غیر معمولی کارکردگی ( High Performance) کی بنیاد پر میرٹ پر اور شفاف طریقے سے کیا جا ئے گا، یعنی اعلیٰ کارکردگی دکھاؤ،بونس اورترقیاں پاؤ،اس ریوارڈسسٹم کو متعارف کرانےپرکام شروع کردیاگیا ہے۔
11
وزیراعلیٰ کے پی کا صحت کارڈ میں لائف انشورنس اسکیم بھی شامل کرنے کا فیصلہ،جمعہ کو لائف انشورنس اسکیم پر عملدرآمد کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا لائف انشورنس اسکیم شروع کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔
انہوں نے بتایا کہ 60 سال تک عمر کے سربراہ اہلخانہ کی فوت ہونے پر 10 لاکھ ،60 سال سے زیادہ عمر کے خاندان سربراہ کے فوت ہونے پر 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔اس کے علاوہ کے پی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ کی جانب سے تمام منصوبے مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنےکی ہدایت کی گئی۔