1
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 4 فروری تک توسیع کر دی۔اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی کے احتجاج سے متعلق کیس میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز، بیرسٹر گوہر، سردار مصروف، فلک ناز، انصر کیانی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے، ملزمان کی جانب سے ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 4 فروری تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
2
پاکستان کا اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے تعاون کو مضبوط بنانے پر زور،اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یواین اورعرب لیگ کے مضبوط روابط عالمی چیلنجزسے نمٹنے میں معاون ہوں گے، پاکستان عرب دنیا کے ساتھ تاریخی اور گہرے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
علاقائی تنازعات کے پر امن حل کیلئے عرب لیگ کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، فلسطینیوں اور جموں وکشمیر کے تنازعات کا حل پاکستان کی کلیدی ترجیح ہے، عرب لیگ نے فلسطین کے مسائل سے نمٹنے کیلئے قائدانہ کردار ادا کیا۔
3
توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان، بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں کا تحریری حکمنامہ،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو پری ایڈمیشن نوٹس جاری کر دیا۔
اس کے علاوہ ٹرائل روکنے کی حکم امتناع کی درخواست پر بھی ایف آئی اے کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ ان کے خلاف کیس نہیں بنتا بری کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا ہے کہ 5 وعدہ معاف گواہوں پر پراسیکیوشن کا کیس نہیں بنتا۔
4
چیئرمین نیب کا دورہ ملتان، غیر قانونی قابضین سے سرکاری زمینیں واگزار کرانے کا حکم،چیئرمین نیب کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں بورڈ آف ریونیو پنجاب، محکمہ ریونیو جنوبی پنجاب اور چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نمائندگان، محکمہ جنگلات جنوبی پنجاب کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی جی نیب ملتان مسعود عالم نے اہم کیسز پر چیئرمین نیب کو بریفنگ دی۔
چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے جنوبی پنجاب کے تمام سرکاری محکموں کو باہمی تعاون بڑھانے کی ہدایات جاری کیں ریاستی اراضی کے تحفظ کیلئے سرکاری زمینوں کی باقاعدہ نشاندہی کی جائے، تمام غیر قانونی قابضین سے سرکاری زمینیں فوری واگزار کروائی جائیں، قومی ترقی کیلئے تمام سرکاری محکموں کو نیب بھرپور مدد فراہم کرے گا۔
5
پاکستان اور آئی سی ای ایس سی او کا لڑکیوں کیلئے گرین ایجوکیشن پر متفقہ کانفرنس بلانے پر اتفاق،وزیرِاعظم کی کوآرڈینیٹر برائے ماحولیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم سے اسلامک ورلڈ تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (آئی سی ای ایس سی او) کی سربراہ ڈاکٹر ہیڈی جتو سی نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران لڑکیوں کے لئے گرین ایجوکیشن پر مشترکہ کانفرنس کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔
گرین ایجوکیشن کانفرنس کے انعقاد کی تجویز رومینہ خورشید عالم نے دی، وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے ماحولیاتی تبدیلی نے کہا کہ لڑکیوں کے لئے گرین سکلز پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، اسلامی دنیا میں لڑکیوں کے لئے قومی موسمیاتی تعلیمی فریم ورک متعارف کرایا جائے گا۔
6
جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں ایم پی اے علی امتیاز وڑائچ کی عبوری ضمانت میں 15 فروری تک توسیع کر دی گئی۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے پی ٹی آئی ایم پی اے علی امتیاز وڑائچ سمیت دیگر کی عبوری ضمانت پر سماعت کی، علی امتیاز وڑائچ، مصطفیٰ وقار، ولی خان، شیروز خان اور محمد عمر سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے علی امتیاز وڑائچ کی عبوری ضمانت میں 15 فروری تک توسیع کر دی جبکہ دیگر ملزمان کی عبوری درخواست ضمانت میں 11 فروری تک توسیع کی گئی ہے۔
7
مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر عدیل احمد مظفرگڑھ سے گرفتار،ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے نے مظفر گڑھ میں کارروائی کر کے مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر عدیل احمد کو گرفتار کیا گیا، ملزم ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گجرات کو مطلوب تھا۔
حکام نے بتایا کہ ملزم عدیل نے گجرات کے رہائشی ریحان اسلم کو سپین بھجوانے کیلئے 40 لاکھ روپے وصول کئے تھے، ریحان کو پاکستان سے دبئی اور پھر ایتھوپیا کے راستے سینیگا لے جایا گیا جہاں ریحان سینیگال سے مراکش پہنچا اورپھر کشتی حادثے میں جاں بحق ہوا، متاثرہ کے گھر والوں نے رقم گرفتار ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم عدیل احمد حادثے کے بعد سے روپوش تھا جس کے خلاف ریحان کے ورثا نے مقدمہ درج کرایا تھا، ملزم کو گرفتاری کے بعد گوجرانوالہ منتقل کیا جائے گا، گینگ کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون عبدالقادر قمر کے مطابق کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں، معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ایف آئی اے کی ٹیمیں لواحقین سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
8
پنجاب: سی ٹی ڈی کے مختلف شہروں میں آپریشنز، 10 دہشتگرد گرفتار،ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں 163 انٹیلجنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کیے گئے، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 10 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا، کارروائیاں لاہور، راولپنڈی، شیخوپورہ، میانوالی، سرگودھا اور فیصل آباد میں کی گئیں۔
راولپنڈی سے فتنہ الخوارج کے 3 جبکہ لاہور سے ایک خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، ایک آئی بی ڈی بم، 11 حفاظتی فیوز، 22 فٹ تار، پمفلٹ اور نقدی برآمد ہوئی، دہشتگردوں کی شناخت حافظ محمد رفیق، اکبر، زین اللہ، اویس احمد، احسان، سجاد، لقمان اور ندیم کے ناموں سے ہوئی ہے۔


