1
دوسرا ٹیسٹ: کالی آندھی کے بعد شاہین بھی مشکلات کا شکار، 4 کھلاڑی آؤٹ،دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے بعد پاکستانی ٹیم بھی پہلی اننگز میں مشکلات کا شکار ہے اور اس کی 4 وکٹیں 70 رنز پر گر گئی ہیں۔
ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز کپتان شان مسعود اور نوجوان بیٹر محمد ہریرہ نے کیا، پاکستان کی پہلی وکٹ 22 کے مجموعے پر گری جب محمد ہریرہ 9 رنز بنا کر کیمار روچ کا شکار بنے جبکہ بابر اعظم صرف ایک رن بنا کر بولڈ ہو گئے۔قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کو بھی کیمار روچ نے 15 کے انفرادی سکور پر بولڈ کر دیا۔
2
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سپریم کورٹ میں لڑائی جھگڑا کیس میں پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو بری کر دیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کے خلاف سپریم کورٹ میں لڑائی جھگڑے کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے شیر افضل مروت کی بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔عدالت نے شیر افضل مروت اور فتح اللہ برکی کو مقدمے سے بری کر دیا۔
3
یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب (یو سی پی) کے 27 ویں کانووکیشن کا انعقاد ہوا جس میں 582 طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔
پہلے سیشن میں فارماسیوٹیکل سائنسز، انجینئرنگ، لینگویجز، لٹریچر، ہیومینٹیز اور سوشل سائنسز فیکلٹی کے طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں، چیئرمین بورڈ آف گورنرز یو سی پی میاں عامر محمود، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز سہیل افضل اور پروریکٹر یو سی پی ڈاکٹر حماد نوید نے کانووکیشن میں شرکت کی۔کانووکیشن میں 29 گولڈ میڈلز، 24 سلور میڈلز اور 27 برونز میڈلز نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو دیئے گئے۔
آج طلبہ اور والدین کے لئے ایک اہم دن ہے، ہر روز بغیر کسی چھٹی کے بچوں کو تیار کرنا، سکول چھوڑنا، سکول سے لینا، ہوم ورک دیکھنا، ان کی پروگریس کو چیک کرنا کم از کم ہر بچے کے لئے ماں باپ یہ ڈیوٹی 15 سے 20 سال تک کرتے ہیں، آپ کو ایک پروڈکٹیو انسان دنیا میں لانے کا موقع ملتا ہے۔چیئرمین بورڈ آف گورنرز یو سی پی میاں عامر محمود کا طلبہ سے خطاب
4
جناح ہاؤس حملہ کیس: علی امتیاز وڑائچ کی عبوری ضمانت میں 15 فروری تک توسیع،لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے پی ٹی آئی ایم پی اے علی امتیاز وڑائچ سمیت دیگر کی عبوری ضمانت پر سماعت کی، علی امتیاز وڑائچ، مصطفیٰ وقار، ولی خان، شیروز خان اور محمد عمر سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے علی امتیاز وڑائچ کی عبوری ضمانت میں 15 فروری تک توسیع کر دی جبکہ دیگر ملزمان کی عبوری درخواست ضمانت میں 11 فروری تک توسیع کی گئی ہے۔
5
وزیراعظم سے سنوکر چیمپئن محمد آصف کی ملاقات، 25 لاکھ کا انعامی چیک پیش،ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سنوکر چیمپئن محمد آصف کو حال ہی میں سری لنکا میں منعقدہ سارک سنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی اور 25 لاکھ روپے کا انعامی چیک بھی پیش کیا۔
پاکستانی نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں سے پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں، آپ نے سنوکر کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی محمد آصف سے گفتگو


