1
سپریم کورٹ نے رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کیخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ سنا دیا، جس میں عدالت نے قرار دیا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی اور ججز آئینی کمیٹی نے جوڈیشل آرڈر کو نظرانداز کیا۔
جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل مشتمل 2 رکنی بینچ نے فیصلہ سنا سنایا، جس میں کہا گیا کہ نذر عباس نے جان بوجھ کر توہینِ عدالت نہیں کی۔نذر عباس کیخلاف توہین عدالت کا شوکاز نوٹس واپس لیا جاتا ہے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی اور ججز آئینی کمیٹی نے جوڈیشل آرڈر کو نظر انداز کیا۔ دونوں ججز کمیٹیوں کیخلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کے لیے معاملہ چیف جسٹس پاکستان کو بھیجا جاتا ہے۔
بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ چیف جسٹس پاکستان اس معاملے پر فل کورٹ تشکیل دیں۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہمارے سامنے دو سوالات تھے۔ کیا ایک ریگولر بینچ سے جوڈیشل آرڈر کی موجودگی میں کیس واپس لیا جاسکتا ہے اور دوسرا سوال یہ تھا کہ انتظامی آرڈر کے ذریعے جوڈیشل آرڈر کو ختم کیا جا سکتا ہے۔
بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کو اختیار نہیں تھا کہ وہ جوڈیشل آرڈر کے باوجود کیس واپس لے۔ ججز آئینی کمیٹی کو بھی یہ اختیار ہی نہیں تھا کہ وہ جوڈیشل آرڈر کی موجودگی میں انتظامی آرڈر کے ذریعے کیس واپس لیتی۔
2
سینیٹ کمیٹی داخلہ نے پیکا ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیدی۔سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس سینیٹر فیصل سلیم کی صدارت میں ہوا، جس میں قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے پیکاایکٹ میں ترمیم کا بل پاس کردیا۔پیکا ترمیمی بل پر بحث کے دوران صحافتی تنظیموں کی جانب سے بل پر مخالفت کی گئی۔
چیئرمین کمیٹی نے صحافتی تنظیموں سے اپنی تحریری سفارشات پیش نہ کرنے پر سوالات اٹھا دیے۔ انہوں نے کہا کہ صحافتی تنظیموں کو چاہیے تھا کہ اپنی تحریری سفارشات کمیٹی میں رکھتے۔سینیٹر عرفان صدیقی نے اجلاس میں کہا کہ اس ملک میں کسی کو ہتھکڑیاں لگانے کے لیے ضروری نہیں کہ کسی قانون کی ضرورت ہو۔
مجھے خود کرایہ داری کے قانون کے تحت پکڑا گیا تھا۔دوران اجلاس کامران مرتضی کی جانب سے پیکا بل کی مخالفت کی گئی، تاہم سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے پیکا ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔اجلاس میں سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ یہ قانون لوگوں کے تحفظ کے لیے ہے ۔ قومی اسمبلی سے منظور کردہ بل کو اسی صورت میں منظور کیا جائے گا۔
3
190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کی کتنی ملاقاتیں ہوئیں، اس حوالے سے جیل حکام نے عدلت کو جواب جمع کرادیا۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بیٹوں سے بات کرانے،ذاتی معالج سے معائنہ اور جیل سہولیات کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کی۔
عدالت نے کیس میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کوکل طلب کرلیا۔دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل فیصل فرید اور جیل حکام عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے استفسار کیا کہ آخری سماعت میں جیل حکام سے فون کالزاور ملاقات سے متعلق رولز کا پوچھا تھا، جس پر جیل حکام نے جواب دیا کہ فون کال13 جنوری کو ہوئی تھی۔
چیف جسٹس نے پوچھا کہ ہر بار فون کال کے لیے درخواست تو نہیں دیناہوگی؟، جس پر جیل حکام نے بتایا کہ واٹس ایپ کال رولز میں ہیں لیکن عدالتی حکم پر کروائی گئی۔سزا سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی کی 2 بار ملاقات کرائی گئی۔ 17،20 اور 23 جنوری کو ٹرائل کےدوران بھی ملاقات ہوئی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ دورانِ سماعت ملاقات نہیں ہے، اسی لیے کہاتھا،رپورٹ دیں۔ اگر ایسا ہی جواب دیناتھا تو میں سپرنٹنڈنٹ کو بلا لیتا ہوں۔بعد ازاں عدالت نےتفصیلی جواب کے ساتھ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور جیل حکام کو ہدایت دی کہ سپرنٹنڈنٹ جیل23 جنوری کاعدالتی آرڈر پڑھ کر آئیں۔ عدالت نے سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی۔
4
صدر مملکت نے ایچ ای سی کا متنازع ترمیمی بل ایوان میں پیش ہونے سے روک دیا۔ ایچ ای سی ترمیمی بل گزشتہ جمعہ 24 جنوری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جانا تھا اور اس بل میں کمیشن کی موجودہ حیثیت کو انتہائی محدود کرتے ہوئے کمیشن کے اہم فیصلوں کے تمام تر اختیارات وزیر اعظم کو منتقل ہوجانے تھے جس میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کی تعیناتی اور کمیشن کی تشکیل شامل ہے۔
بل کے ذریعے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی کی جانب سے نامزدگی کے موجودہ اختیارات بھی وزیر اعظم کے پاس آجانے تھے اور وفاقی کمیشن میں صوبائی وزراء اعلی کسی وائس چانسلر کو اپنے نمائندے کے طور پر نامزد کرنے کا موجودہ اختیار بھی بل کی منظوری کی صورت میں کھو بیٹھتے اور یوں قیام کے 21 برس بعد اعلی تعلیمی کمیشن مکمل طور پر وزیر اعظم ہائوس سے کنٹرول ہونے لگتا۔
مزید یہ کہ کمیشن کے موجودہ اراکین کی تعدادا کم کر کے 10 کی جارہی ہے جس میں اعلی تعلیم کے لیے نمایاں خدمات دینے والے چارماہرین تعلیم، سائنسدان اور آئی ٹی کے ماہرین کا انتخاب وزیر اعظم کو کرنا ہے، جب کہ چاروں صوبائی ہائی ایجوکیشن کمیشن کے چیرمین کو کمیشن کے رکن ہوں گے۔
5
فافن نے عام انتخابات کے حوالے سے ایک اور رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں مرد ووٹڑز سے موازنہ کرتے ہوئے خواتین کے ووٹ کے رجحانات کا احاطہ کیا گیا ہے۔فافن کی جانب سے جاری رپورٹ میں ایک ہی کمیونٹیز کے مردوں اور خواتین کے پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کا موازنہ کیا گیا اورعام انتخابات میں 18 فیصد کمیونٹیز میں خواتین کا ووٹ مردوں سے مختلف رہا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 82 فیصد کمیونٹیز میں مرد اور خواتین ووٹرز نے ایک ہی امیدوار کو ووٹ دیا اور اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز سے اسی امیدوار کو کامیاب کرایا۔فافن کے جائزے میں 21 ہزار 188 کمیونٹیز شامل کی گئی ہیں، ان کمیونیٹیز میں 42 ہزار 804 مرد اور خواتین کے قابل موازنہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں جہاں18 فیصد کمیونٹیز میں مردوں اور خواتین کے ووٹوں کا انتخاب مختلف رہا، مرد اور خواتین ووٹرز نے اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنز سے مختلف امیدواروں کو کامیاب کرایا۔فافن کے مطابق بلوچستان دوسرے نمبر پر رہا جہاں 32 فیصد کمیونیٹز میں مختلف نتائج سامنے آئے، سندھ میں 19 فیصد، پنجاب میں 18 فیصد اور سب سے کم خیبر پختونخوا میں 13 فیصد ایسی کمیونٹیز تھیں جہاں مردوں اور خواتین نے علیحدہ امیدواروں کو ووٹ دیا۔
اسی طرح 3 ہزار 884 کمیونٹیز میں خواتین کے ووٹ کے رجحان میں مردوں کے انتخاب سے مختلف نتائج سامنے آئے، ان کمیونٹیز میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خواتین ووٹرز کی زیادہ حمایت حاصل کی۔خواتین کے ووٹ کے رجحان سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی حمایت کرنے والی ان کمیونیٹز کی تعداد ایک ہزار260 رہی، پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک ہزار کمیونٹیزاورپاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی)694 کمیونٹیزمیں خواتین ووٹرز کی پسند رہی۔
فافن نے رپورٹ میں کہا کہ علاقائی رجحانات کے مطابق خواتین ووٹرز کے انتخاب کے حوالے سے پی ٹی آئی نے ملک بھر میں اچھی کارکردگی دکھائی، مسلم لیگ (ن) پنجاب میں مضبوط رہی اور پی پی پی نے سندھ میں برتری حاصل کی۔قومی اسمبلی کے 37 حلقوں میں خواتین کے پولنگ اسٹیشنز میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والے امیدوار جیت نہیں سکے،226 حلقوں میں خواتین کے پولنگ اسٹیشنزمیں سب سے زیادہ ووٹ لینے والے امیدوار کامیاب رہے، ان میں 166 حلقے ایسے تھے جہاں مردوں کے مقابلے میں خواتین کے پولنگ اسٹیشنز کے ووٹرز نے زیادہ تعداد میں کامیاب امیدوار کو ووٹ دیا۔فافن نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے 7 حلقوں این اے-43، این اے-49، این اے-55، این اے-87، این اے-94، این اے-128 اور این اے-163 میں خواتین کے پولنگ اسٹیشنز کی برتری نے فیصلہ کن کردارادا کیا۔
6
برطانیہ کیلیے پاکستانی ایئرلائنز کی براہ راست پروازیں جلد بحال ہونے کا امکان،ذرائع کے مطابق برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیم پیر سے پاکستان سول ایوی ایشن کا آڈٹ شروع کرے گی، برطانوی ٹیم سی اے اے کے لائسنسنگ، ائیروردینیس، فلائٹ اسٹینڈرڈ سمیت دیگر شعبہ جات کا آڈٹ کرے گی۔
ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار کی صدارت پاکستان سی اے اے کی ٹیم برطانوی حکام کو بریفنگ دی جائے گی،27 جنوری سے 6 فروری تک برطانوی ٹیم پاکستان سی اے اے کا آڈٹ کرے گی۔آڈٹ میں کامیابی پر پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ائیرلائنز پر 2020 سے برطانیہ میں لگی پابندی ختم ہونے کے قوی امکانات پیدا ہوں گے۔
7
سپریم کورٹ آف پاکستان میں 26 آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے دوران جسٹس جمال خان مندوخیل نے وکلا سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ ابھی آپ کی خواہشات کے مطابق فل کورٹ نہیں بن سکتا۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 8 رکنی آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس عائشہ ملک بینچ میں شامل ہیں، ان کے علاوہ جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس محمد علی مظہر بھی بینچ کا حصہ ہیں،جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن بھی آئینی بینچ میں شامل ہیں۔وکیل حامد خان اور فیصل صدیقی روسٹرم پر آگئے، درخواست گزاروں نے آئینی ترمیم کے خلاف فل کورٹ بینچ بنانے کی استدعا کی اور وکلا نے مؤقف اپنایا کہ 26 ویں ترمیم کے خلاف فل کورٹ بینچ تشکیل دیا جاے۔
ترجمان نے کہا تھا کہ کمرہ عدالت نمبر 2 میں بیٹھنے کی محدود گنجائش کے پیش نظر سپریم کورٹ کی طرف سے جاری کیے جانے والے خصوصی حفاظتی پاس کے ذریعے داخلے کو ریگولیٹ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیر کو صرف ان افراد کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی جن کے مقدمات عدالت میں طے ہوں گے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی کارروائی کے لیے باقاعدگی سے آنے والے وکیلوں اور صحافیوں کو بھی کورٹ روم نمبر2 میں داخل ہونے کے لیے پاس جاری کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ دیگر وکلا اور صحافی جنہیں پاس جاری نہیں کیے جا سکے انہیں کورٹ روم نمبر6 اور7 میں آڈیو کی سہولت دی جائے گی، سائلین کو بیگ کی تلاشی کے بعد کورٹ بلڈنگ میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
ترجمان سپریم کورٹ نے بتایا کہ کمرہ عدالت کے اندر موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، سائلین سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ سیکیورٹی عملے کے ساتھ تعاون کریں گے۔
8
سپریم کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کی کسٹمز ایکٹ سے متعلق کیس سننے سے معذرت،کسٹمز ایکٹ کے سیکشن 221 اے کی آئینی حیثیت کے بارے میں آئینی بینچ میں اپیلوں پر سماعت ہوئی، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 8 رکنی آئینی بینچ نے سماعت کی۔دوران سماعت جسٹس عائشہ ملک کا کیس سننے سے معذرت کرلی، انہوں نے کہا کہ میں کیس نہیں سن سکتی، اس کی الگ سے وجوہات دونگی۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ کیس ایک ہفتے کیلئے ملتوی کریں، وکیل بیرسٹر صلاح الدین نے کہا کہ اس معاملے میں کافی تنازع ہے، اختیارات سے متعلق ایک آرڈر بھی آیا ہے، دیوان موٹرز کیس جلد سنا جائے۔جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ٹھیک ہے ہم کل ہی اس کیس کو سن لیتے ہیں، جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیے کہ میں کیس سے الگ ہونے کی الگ وجوہات دونگی، جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ ٹھیک ہے آپ اپنی وجوہات دے دیں۔
9
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے امریکی کانگریس مین الیگزینڈر گرین سے ملاقات کرکے افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی اور دراندازی کے واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہیوسٹن میں امریکی کانگریس اور کانگریس کی فنانس کمیٹی کے اہم ممبر الیگزینڈر گرین سے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکا تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کانگریس مین الیگزینڈر گرین کو افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی اور دراندازی کے واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا، وزیر داخلہ نے پاکستان میں آنے والے زلزلے اور سیلاب میں متاثرین کی بھرپور مدد پر کانگریس مین الیگزینڈر گرین کا شکریہ ادا کیا۔
10
عدت کیس؛ عمران اور بشریٰ کی بریت کیخلاف اپیل چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو ارسال،عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں بریت کے خلاف اپیل چیف جسٹس اسلام آباد کو بھیج دی گئی۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں بریت کے خلاف اپیلوں پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس اعظم خان نے کی، جس میں درخواست گزار خاور مانیکا کی جانب سے زاہد آصف چوہدری، اقبال کاکڑ و دیگر عدالت میں پیش ہوئے جب کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے علی بخاری، شعیب شاہین، نیاز اللہ نیازی و دیگر پیش ہوئے۔
زاہد آصف چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے 13 جولائی 2024 کا ایڈیشنل سیشن جج کا بریت کا فیصلہ چیلنج کر رکھا ہے۔ اس موقع پر شعیب شاہین نے کہا کہ دلائل دینے سے پہلے ہم کچھ کہنا چاہ رہے ہیں۔ آپ پہلے اپنا مائنڈ ڈسکلوز کر چکے ہیں، کیس کسی دوسرے بینچ کو منتقل کر دیا جائے۔
11
ملتان میں فہد ٹاؤن کے علاقے حامد پور چوک میں ایل پی جی گیس سے بھرے ٹینکر میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے سے آگ لگنے کے نتیجے میں ہونے والی آتشزدگی سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور پانچ گھنٹے طویل آپریشن کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ کے باعث ٹینکر پھٹنے سے بستی حامد پور کے کچھ گھروں میں بھی آگ پھیل گئی، جس سے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا اور گھروں کی چھتیں گر گئیں۔ بعض گھروں میں موجود مویشی بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔ریسکیو آپریشن میں 16 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا، کولنگ کا عمل ابھی تک جاری ہے۔
12
عمران خان کی ایک بار پھر اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات زر نہ بھیجنے کی اپیل،اتوار کے روز عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ترسیلات زر بھیجنے کا بائیکاٹ کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔عمران خان کے ایکس پیغام میں کہا کہ ’’میں ایک بار پھربیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ ترسیلات زر کا بائیکاٹ جاری رکھیں۔‘‘انہوں نے مزید لکھا کہ ترسیلات بھیجنے سے حکومت مضبوط ہوگی اور یہ حکومت عوام کے گلے میں پھندا ڈال رہی ہے۔
عمران خان کی جانب سے یہ اپیل ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان گزشتہ ماہ شروع ہونے والے مذاکرات میں رواں ہفتے تعطیل جوڈیشل کمیشن کے معاملے پر آیا۔عمران خان نے ملک بھر میں 8 فروری کو یوم سیاہ کے طور پر منانے اور خیبرپختونخوا میں بھرپور احتجاج و شٹر ڈاؤن کی ہدایت کی ہے۔
13
نجکاری کے عمل کے لیے جامع پالیسی فریم ورک کی ضرورت،وزیر اعظم کی جانب سے معاشی تبدیلی کے ایجنڈے کا بغور جائزہ لینے سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ بہت سے حکومتی ادارے جن میں کچھ انتہائی نقصان میں چل رہے ہیں وہ آج بھی سرکاری سرپرستی میں ہیں اور ان اداروں نے مالی سال 2021 میں سالانہ مجموعی طور پر 3 ارب 70 کروڑ ڈالر کے مساوی نقصان اٹھایا جو کہ مجموعی قومی پیداوار کا ایک فیصد بنتا ہے۔
جبکہ مالی سال 2022 میں ان کا خسارہ 2 ارب 90 کروڑ ڈالر تھا جو مجموعی قومی پیداوار کا صفر اعشاریہ 9 فیصد تھا۔ یہ ادارے نہ صرف مالی بوجھ بنے ہوئے ہیں بلکہ معیشت کی مجموعی کارکردگی کو بھی نقصان پہنچارہے ہیں، کہتے ہیں کہ مسئلے کی درست نشاندہی سے نصف مسئلہ حل ہوجاتا ہے لہذا وزیر اعظم کے معاشی ایجنڈے کا اگر جائزہ لیں تو یہ بات درست معلوم ہوتی ہے تاہم دیگر نصف مسئلے کو حل کرنے کے لیے سیاسی عزم درکار ہے۔
14
وزیراعظم کی ہدایت پر ’پرائم منسٹر یوتھ کونسل‘ کی تشکیل؛ حلف برداری کل ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ’’پرائم منسٹر یوتھ کونسل‘‘تشکیل دے دی گئی ہے، جو پاکستان کی پہلی نیشنل یوتھ پالیسی تشکیل دے گی۔یوتھ کونسل کے لیے پاکستان سے 100 اور دنیا بھر سے 13 پاکستانی نوجوان منتخب کیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں کامن ویلتھ ایشیا یوتھ سمٹ اور ایشیا ریجنل یوتھ منسٹرز میٹنگ آج ہوگی۔پرائم منسٹر یوتھ کونسل کے ارکان پالیسی سازی میں بطور وزیراعظم کے مشیر کام کریں گے ج ب کہ 28 جنوری کو یوتھ کونسل کی تقریب حلف برادری ہو گی، جس میں وزیراعظم حلف لیں گے۔
15
اسٹیٹ بینک آج مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا۔ذرائع کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کی زیر صدارت مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد 2025 کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔