1
سٹیٹ بینک نے شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کر دی۔گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے بتایا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرح سود 13 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد کر دی ہے۔
پاکستان کے معاشی اعشاریے مثبت ہیں، مہنگائی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ خاطر خواہ کم ہوئے ہیں، مہنگائی مئی 2023 میں 38 فیصد تھی جو کم ہوکر 4.1 فیصد رہی، جنوری میں مہنگائی مزید کم ہوگی۔
کرنٹ اکاؤنٹ کھاتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں سرپلس رہا، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہنے کے سبب زرمبادلہ ذخائر بڑھے، جون تک مہنگائی کی شرح 5 سے7 فیصد بینڈ کی اوپرکی سطح پر رہے گی۔
2
وزیراعظم شہباز شریف نے سود میں کمی خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ چند ماہ میں بجلی کے نرخوں میں بڑی کمی ہوگی۔چند ماہ میں بجلی سستی ہونے سے ملکی معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہوگی، آج شرح سود میں مزید کمی ہوئی،بس چلے تو آج پورے پاکستان کا ٹیکس ریٹ 15فیصد کم کردوں۔
برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، امید ہے یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا، پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہیں، حکومتی اخراجات کم کرنے کیلئے کام جاری ہے۔ پی ڈبلیو ڈی کرپشن کا گڑھ تھا جسے بند کردیا، حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے ڈاؤن سائزنگ، رائٹ سائزنگ کی جارہی ہے، اضافی بوجھ کم کرنے کیلئے کئی سرکاری ادارے بند کئے جارہے ہیں، پی آئی اے کی نجکاری کیلئے نئی کاوشیں شروع کی جارہی ہیں۔
ہم پاکستانی سرمایہ کاروں کو دعوت دے رہے ہیں، پی آئی اے کا شفاف بڈنگ پراسیس ہوگا، قومی ایئرلائن کو شفاف نیلامی سے نجی شعبے کو دیں گے۔
3
ایڈیشنل رجسٹرار کی توہین عدالت کارروائی کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل واپس لینے پر خارج،سپریم کورٹ میں ایڈیشنل رجسٹرار کو جاری شوکاز نوٹس کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوئی، جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی۔
وکیل نذر عباس نے کہا کہ ہم اپنی انٹرا کورٹ اپیل واپس لینا چاہتے ہیں، جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ آپ اپنا کلیم واپس لے سکتے ہیں لیکن اپیل واپس نہیں لی جا سکتی۔جسٹس جمال خان مندوخیل نے نذر عباس کے وکیل سے مکالمہ کیا کہ آپ کمرہ عدالت سے باہر جانا چاہیں تو جا سکتے ہیں۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میرے موکل کیخلاف توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا گیا ہے، جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ جب توہین عدالت کی کارروائی ختم کر دی گئی تو آرڈر کیسے دیا گیا؟ اس فیصلے میں تو مبینہ طور پر توہین کرنے والوں میں چیف جسٹس پاکستان کو بھی شامل کیا گیا، کیا مبینہ طور پر توہین کرنے والے فل کورٹ تشکیل دیں گے؟ مرکزی کیس آئینی بنچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر ہے۔
4
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹرگوہر نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اور سیکرٹری کو آگاہ کردیا کہ کل کی میٹنگ میں نہیں بیٹھیں گے۔ ہم مذاکرات سے سیاسی مسائل کا حل نکالیں گے، مذاکرات کے حوالے سےہم نے 7 دن کا وقت دیا تھا۔ ہم کل کی میٹنگ میں نہیں بیٹھیں گے،سیکرٹری اور سپیکر کو آگاہ کردیا ہے۔
پیکا ایکٹ کا قانون متعلقہ کمیٹی کو بھجوایا جاتا ہے،یہ حکومت جب سے آئی جلد بازی میں قانون پاس کروا رہے ہیں، پیکا ایکٹ کے تحت جس کو بھی چاہے فیک نیوز کے زمرے میں اٹھا لیں گے، ہم میڈیا کے جائز حقوق کے ساتھ کھڑے ہیں۔میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، اس میڈیا سے ہمیں مسائل کے بارے میں پتہ لگتا ہے، حکمران آج میڈیا کی آواز دبانے کی کوشش کر رہے ہیں، اگر یہ قانون پاس بھی ہوجاتا تب بھی اس کو عدالت میں چیلنج کریں گے،امید ہے عدلیہ اس کو سنے گی۔
علی محمد خان،اسدقیصر و دیگر کے ہمراہ خیبر پختونخوا میں بیرسٹر گوہر کی میڈیا سے گفتگو
5
سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ متنازع پیکا ترمیمی بل ڈریکونین قانون ہے، کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ ہمیں سینیٹ میں بولنے کا موقع نہیں دیا گیا، صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا۔ متنازع پیکا ترمیم آئین کی خلاف ورزی ہے، متنازع پیکا ایکٹ میں فیک نیوزکی بھی ایک نئی تشریح کی گئی ہے، فیک نیوزکی نئی تشریح سے اظہار رائے کو کچلنے سے جمہوریت ختم ہو جائے گی۔
متنازع پیکا ترمیمی بل ڈریکونین قانون ہے، جواتھارٹی بنائی گئی ہےاس میں حکومت نے اپنے لوگ رکھے ہیں،عمران خان کا پیغام واضح ہے، متنازع ترمیم کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ ہم یہ نہیں چاہتے صحافی کو سوال کرنے پر جیل بھیج دیا جائے، رائے کا حق ختم کر دیں تو ملک میں جمہوریت ختم ہو جاتی ہے، تجویز دیتے ہیں کہ متنازع پیکا ایکٹ پر دوبارہ حکومت جوائنٹ کمیٹی بنائے اور جوائنٹ کمیٹی کی تجاویز پر عمل کیا جائے۔پارلیمنٹ کےباہرسینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس،حامد خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو
6
بلوچستان بلدیاتی انتخابی نتائج جاری: آزاد امیدوار سرفہرست، جے یو آئی دوسرے نمبر پر رہی۔صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں نے23نشتیں جیت کر میدان مار لیا، اسی طرح جمعیت علما اسلام ، پیپلز پارٹی اور پشتونخوا میپ کے امیدواروں نے مختلف اضلاع سے کامیابی حاصل کی ۔
الیکشن کمیشن کے نتائج میں بتایا گیا کہ جمعیت علماء اسلام کے 7 پیپلز پارٹی 5، پی کے میپ 4، نیشنل پارٹی 3، ن لیگ ، اے این پی اور بی این پی عوامی نے دو، دو نشستیں حاصل کیں۔علاوہ ازیں پی کے نیپ اور حق دو تحریک نے بھی ایک، ایک نشست حاصل کی۔
7
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 فروری کو صوابی میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے 8 فروری کو یوم سیاہ منایا جائے گا، خیبر پختونخوا اور شمالی پنجاب کے پی ٹی آئی کارکنان صوابی میں جمع ہوں گے۔
پی ٹی آئی کارکنان اور پارٹی قیادت صوابی میں احتجاج ریکارڈ کرائے گی، ملک کے دیگر شہروں میں بھی پارٹی کارکنان مظاہرے کریں گے۔
8
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بیٹوں سے بات کرانے اور جیل میں سہولتوں کیلئے درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو کل طلب کر لیا۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بیٹوں سے بات کرانے،ذ اتی معالج سے معائنہ اور جیل سہولیات کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کی، عدالت نے کیس میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو کل طلب کر لیا۔
دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل فیصل فرید اور جیل حکام عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے استفسار کیا کہ آخری سماعت میں جیل حکام سے فون کالز اور ملاقات سے متعلق رولز کا پوچھا تھا جس پر جیل حکام نے جواب دیا کہ فون کال 13 جنوری کو ہوئی تھی۔
9
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی شکایتوں پر علی امین گنڈا پور کو ہٹا دیا گیا۔ عمران خان نے صوبائی صدارت سے ہٹا کر علی امین گنڈا پور کو وفاق کی اکائیوں کو کمزور کرے کی وفاداری کا انعام دیا، ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو دوسرے صوبے پر چڑھائی کرنے کا حکم دے کر استعمال کر کے فارغ کر دیا گیا۔
عمران خان کی فطرت میں کسی کے ساتھ وفاداری ہے ہی نہیں، عمران خان ہر دوست، کارکن اور ساتھی کو اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کر کے ٹشو پیپر کی طرح پھینک دیتے اور لوگوں کو ملک کے خلاف سازش کیلئے استعمال کر کے بے یارو مددگار چھوڑ دیتے ہیں۔
علی امین کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹا کر عمران خان نے وفاداری کرنے والوں کی کمر میں چھرا گھونپنے کی اپنی روایت پھر دہرائی ہے، علی امین کی وفاداری کچھ کام نہ آئی بشری کی شکایتوں پر انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
10
جنگ بندی معاہدہ، ہزاروں بے گھر فلسطینی کھنڈر بنے گھروں کو لوٹنے لگے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز غزہ کے نام نہاد نیٹزارم کوریڈور سے پیچھے ہٹ گئیں ، شمالی غزہ میں دسیوں ہزار فلسطینی اپنے پیاروں کے ساتھ کھنڈر بنے گھروں کو لوٹنے لگے۔
اسرائیلی فوج نے دو مختلف راستوں سے فلسطینیوں کو اپنے علاقوں میں جانے کی اجازت دی، اسرائیل نے اربیل یہود کی رہائی کا بہانہ بناکر لاکھوں فلسطینیوں کی غزہ میں واپسی روک دی تھی۔عرب میڈیا کے مطابق شمالی غزہ میں تقریباً 80 فیصد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں، 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی بربریت میں 46 ہزار 306 فلسطینی شہید ہوئے۔
11
شہر قائد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محکمہ بلدیات کا ملازم قتل ہوگیا۔واقعہ طارق روڈ لبرٹی سگنل کے نزدیک کہکشاں بلڈنگ کے فورتھ فلور پر پیش آیا، 28 سالہ سراج احمد اپنے گھر سے بذریعہ سیڑھیاں نیچے کسی کام سے اتر رہا تھا کہ نامعلوم ملزم نے اس پر فائرنگ کردی۔
سراج کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج چل بسا، مقتول محکمہ بلدیات میں ملازم تھا، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش ملزم کی تلاش شروع کر دی۔
12
کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا شکار، ٹریڈرز کے اربوں روپے ڈوب گئے۔سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام 1360 پوائنٹس کمی سے 1 لاکھ 13 ہزار 5 سو پوائنٹس کی حد پر ہوا۔دوران ٹریڈنگ ہنڈرڈ انڈیکس کی بلند سطح 1 لاکھ 15 ہزار 596 اور کم ترین سطح 1 لاکھ 13 ہزار 482 پوائنٹس رہی۔
13
وزارت خزانہ کا نئے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے مشاورتی عمل شروع،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق پاکستان بزنس کونسل کے وفد کی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات ہوئی، وزارت خزانہ اور ایف بی آر کی ٹیمیں آنے والے دنوں میں تمام تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیں گی۔ ٹیکس پالیسی یونٹ کو ایف بی آر سے نکال کر وزارت خزانہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کا مقصد ٹیکس پالیسی کو ریونیو کلیکشن کے دباؤ سے محفوظ رکھنا ہے۔
حکومت کاروبار کے فروغ کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے، پاکستان کا موجودہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب تشویش ناک حد تک کم ہے، وزیر خزانہ نے اس تناسب کو اگلے تین سالوں میں 13.5 فیصد تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔


