1
سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار توہین عدالت کیس کے 2 رکنی بینچ کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ جس انداز میں توہین عدالت کا مرتکب قرار دیاگیا کمیٹی اجلاس میں نہیں جاؤں گا۔ سپریم کورٹ کے 6 رکنی بینچ نے ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس کو جاری شوکاز نوٹس کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران 2 رکنی بینچ کے توہین عدالت فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ایک مسئلہ ہے، یہ فیصلہ ہمارے سامنے چیلنج نہیں ہے، فیصلے کا جائزہ تب لے سکتے ہیں جب چیلنج ہوا ہو۔
جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ اگر فیصلے پرسوموٹو لینا ہے تو اس کا اختیار آئینی بینچ کے پاس ہے، جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ خدانخواستہ اس وقت ہم سب بھی توہینِ عدالت تو نہیں کررہے؟ جسٹس اطہر من اللہ نے وکیل سے سوال کیا کہ کیا آپ نے 2 رکنی بینچ میں فل کورٹ کی استدعا کی تھی؟ اس پر وکیل شاہد جمیل نے کہا کہ اس بینچ میں بھی استدعا کر رہا ہوں کہ فل کورٹ ہی اس مسئلے کو حل کرے۔
جسٹس مندوخیل نے کہا کہ اگر ہم آرڈر کریں اور فل کورٹ نہ بنے تو ایک اور توہین عدالت شروع ہوجائے گی۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار کی جانب سے درخواست واپس لینے پر کیس نمٹا دیا۔
2
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی صدارت علی امین گنڈا پور کے مخالف دھڑے کو ملنے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کے خلاف ماضی میں متحرک گروپ نے بانی پی ٹی آئی کو مبینہ شکایات لگائیں، گروپ میں شامل افراد نے جیل اور مقدمات میں پیشی کے دوران علی امین گنڈا پور کے خلاف شکایات کے انبار لگائے۔
علی امین گنڈا پور کے خلاف عمران خان کو مبینہ شکایات لگانے والوں میں عاطف خان، شکیل خان، جنید اکبر اور مشال یوسفزئی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ قاضی انور ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء نے بھی مبینہ طور پر علی امین گنڈا پور کے خلاف شکایت لگائیں۔
پی ٹی آئی میں کوئی دھڑے بندی نہیں، علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ قبول کیا اور جنید اکبر کو مبارک باد بھی دی۔ علی امین گنڈاپور پر دو عہدوں کا بوجھ تھا، علی امین گنڈاپور بحیثیت وزیراعلیٰ صوبے اور پارٹی کی خدمت جاری رکھیں گے۔
3
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ کو پنجاب کو دینے اور مریم نواز کو سندھ لانے کے بیان پر تاجر رہنما عتیق میر نے وضاحت کر دی۔گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کراچی میں تاجروں سے ملاقات کی تھی جس دوران تاجر رہنما عتیق میر نے ان سے درخواست کی تھی کہ کچھ عرصے کیلئے مریم نواز ہمیں دیدیں اور مراد علی شاہ آپ رکھ لیں۔
عتیق میر کے اس بیان پر ترجمان حکومت سعدیہ جاوید نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کسی خوشامدی سے رٹا لگوائی ہوئی بات کہلوانے سے زمینی حقائق تبدیل نہیں کیے جا سکتے۔مراد علی شاہ منتخب وزیر اعلیٰ ہیں، متعلقہ تاجر نے عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی ہے۔
4
سوڈان: دارفور میں سعودی اسپتال پر ڈرون حملہ، 70 افراد ہلاک،امریکی میڈیا کے مطابق حملے میں سعودی اسپتال کو نشانہ بنایا گيا جس میں اب تک 70 افراد کے ہلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔مقامی انتظامیہ نے حملے میں باغی فورسز کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جب کہ سعودی عرب نے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
5
بدین: جعلی عامل کے تشدد کے باعث 30 سال کی خاتون جاں بحق ہوگئیں۔پولیس کے مطابق مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں تاہم لاش پوسٹ مارٹم کےلیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔جعلی عامل اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیاجائےگا۔
6
الیگزینڈر لوکاشینکو مسلسل7 ویں مرتبہ بیلا روس کے صدر منتخب ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بیلا روس کے صدارتی انتخابات کے نتائج میں الیگزینڈر لوکاشینکو بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر مسلسل ساتویں مرتبہ صدر منتخب ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق الیگزینڈر لوکاشینکو نے تقریباً 87 فیصد ووٹ لے کر صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی جب کہ دیگر 4 صدارتی امیدواروں، جنہیں الیگزینڈر لوکاشینکو کا ہی حامی کہا جاتا ہے ان میں سے کوئی 5 فیصد ووٹ بھی حاصل نہ کرسکا۔بیلا روس کے الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں کل 70 لاکھ کے قریب لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل تھے، جب کہ الیکشن کے دن ٹرن آؤٹ 85 فیصد رہا۔


