1
خیبر پختونخوا اسمبلی نے زرعی انکم ٹیکس بل 2025 کی منظوری دے دی۔یہ بل یکم جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔منظور شدہ بل کے مطابق اگر کسی کی سالانہ زرعی آمدن 15 کروڑ روپے سے تجاوز کرے گی تو اسے سپر ٹیکس کے زمرے میں شامل کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں، 50 ایکڑ زیر کاشت اراضی یا 100 ایکڑ سے زائد غیر کاشت شدہ اراضی پر بھی سالانہ زرعی ٹیکس لاگو ہوگا۔زرعی اراضی کو تین زونز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ ٹیکس کی شرح مقرر کی جا سکے۔زون ون: ساڑھے 12 ایکڑ سے 25 ایکڑ اراضی پر فی ایکڑ 1200 روپے ٹیکس عائد ہوگا۔زون ٹو: ساڑھے 12 ایکڑ سے 25 ایکڑ اراضی پر فی ایکڑ 900 روپے ٹیکس لاگو ہوگا۔زون تھری: ساڑھے 12 ایکڑ سے 25 ایکڑ اراضی پر فی ایکڑ 500 روپے ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔
منظور شدہ بل کے مطابق 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے سالانہ زرعی آمدن پر 15 فیصد ٹیکس عائد ہوگا جبکہ 12 لاکھ سے 16 لاکھ روپے سالانہ زرعی آمدن پر 20 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔
2
سینیٹ اجلاس: پی ٹی آئی کے شدید احتجاج کے باعث ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔ایوان بالا (سینٹ) اجلاس کا آغاز ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر کی صدارت میں ہوا۔کارروائی کے آغاز پر سینیٹر دنیش کمار، سینیٹر کامران مرتضی اور رانا محمود الحسن کی جانب سے نیپون ادارہ برائے جدید علوم کے قیام کا بل ایوان میں پیش کیا گیا، بل کو متعلقہ کمیٹی کے حوالے کردیا گیا۔
اس دوران پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر کی جانب سے پوائنٹ آف آرڈر پر بولنے کی کوشش کی گئی، ڈپٹی چئیرمین سینیٹ نے سینیٹر علی ظفر کو بات کرنے سے روک دیا، اس پر پی ٹی آئی کی جانب سے ایوان میں احتجاج کیا گیا، پی ٹی آئی ارکان نے ڈیسک بجانا شروع کردیے اور ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔
اس کے بعد پی ٹی آئی ارکان نے ایوان سے واک آوٹ کیا، اس دوران پیکا ایکٹ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں نے بھی سینیٹ کی پریس گیلری سے واک آوٹ کیا۔صحافیوں کے تحفظات سننے کے لیے سینیٹرز کا وفد پریس گیلری میں پہنچا، وفد میں پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی،اور جے یو آئی کے سینیٹر شامل تھے۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ یہ قانون لوگوں کے تحفظ کے لیے ہے ۔ قومی اسمبلی سے منظور کردہ بل کو اسی صورت میں منظور کیا جائے گا۔صحافتی تنظیموں نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم خود فیک نیوز کے متاثرین ہیں، فیک نیوز کے لیے قانون کے حامی ہیں لیکن موجودہ صورت میں بل ہمیں قبول نہیں ہے۔
3
وفاقی وزیر برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں سے متعلق نیا نظام لا رہے ہیں، وزیر اعظم کی ہدایت پر گیس کی قیمت میں ایک پیسے کا اضافہ بھی نہیں کیا گیا، یہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے ریلیف ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ اوگرا ہمیں بتاتا ہے کہ ہم نے کس بھاؤ گیس بیچنی ہے ، گیس کی قیمت کا تعین 1770روپے فی ملین کیوبک فٹ ہے۔حکومت کے جانے اور دوبارہ آنے تک گیس کی قیمت میں 70 فیصد اضافہ ہوا، وزیر اعظم نے فیصلہ کیا کہ گیس کی ایک روپیہ قیمت نہیں بڑھانی، ہم نے تجویز دی کہ 64فیصد عام لوگوں کو سستی گیس مہیا کی جائے۔
4
خیبرپختونخوا اسمبلی میں نگراں دورحکومت میں بھرتی سرکاری ملازمین کو فارغ کرنے کا بل منظور،منظور کردہ بل کا اطلاق 22 جنوری 2023 سے 29 فروری 2024 کے درمیان کی گئی بھرتیوں پر ہوگا، تاہم سن اور اقلیتی کوٹہ کےساتھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہونی والی بھرتیوں کو استثنی حاصل ہوگا۔
بل میں کہا گیا ہے کہ ملازمین کو نکالنے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے سات رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کے سربراہ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ہوں گے۔بل میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام ادارے نگران دور کی بھرتیوں کے حوالے سے 30 دن میں رپورٹ مرتب کریں گے۔
5
بنگلا دیش اور پاکستان میں فروغ پاتے تعلقات پر بھارت سیخ پا،شیخ حسینہ کے اقتدار کے خاتمے سے اب تک پاکستان اور بنگلا دیش کے بہتری کی جانب گامزن باہمی تعلقات نے بھارت کی پریشانی بڑھا دی۔بھارت کے ناقابل برداشت خطے میں اجارہ داری کے بھارتی منصوبے کی راہ میں پاکستان بنگلا دیش تعلقات چیلنج بن گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق بھارت کی پاکستان بنگلا دیش کے درمیان ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر ہے۔بھارتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔ حالیہ دنوں میں بنگلا دیش نے سرحد پر بھارت کی جانب سے باڑ لگانے پر کئی بار اعتراض کیا۔
رواں ماہ بنگلا دیشی فوج کے سیکنڈ ان کمان لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن کے پاکستان کےحالیہ غیر معمولی دورے پر بھی بھارت پریشان ہے۔ڈی ڈبلیو کے مطابق شیخ حسینہ کی حکومت ہمیشہ بھارت کے زیر سایہ رہی اور اس نے پاکستان کی جانب سے تعلقات میں بہتری کی کوشش پر کبھی مثبت جواب نہ دیا۔ایک سفارتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تعلقات شیخ حسینہ کے 15 سالہ دور اقتدار میں تعطل کا شکار رہے جس میں پس پردہ بھارتی کردار نمایاں رہا۔
6
خیبر میں نامعلوم مسلح افراد نے باڑہ بازار میں فائرنگ کرکے تین افراد کو ہلاک کردیا، ایک زخمی ہوگیا، مالاکنڈ میں نشئی نے فائرنگ کرکے تین افراد کو موت کی نیند سلادیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق واقعہ خیبر کے باڑہ بازار میں پیش آیا جس کے بعد ملزمان بآسانی فرار ہوگئے، جاں بحق افراد میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے جبکہ زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے4 افراد نشانہ بنے، واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔فائرنگ کا دوسرا واقعہ مالاکنڈ میں پیش آیا جس میں مخناولہ کے علاقے میں نشئی نے تین افراد کو قتل کردیا۔مقتولین میں دوبیٹے اور ایک بہو شامل ہیں، لاشیں درگئی اسپتال منتقل کردی گئیں جب کہ ملزم فرار ہوگیا
7
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئرعمرایوب نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی مدت ملازمت ختم ہوچکی، شرم و حیا ہوں تو ان کو اپنے عہدوں سے استعفیٰ دینا چاہیے۔ پشاور ہائیکورٹ ضمانت کرانے آیا ہوں، 26 نومبر کے متعدد کیسز ہمارے خلاف کئے ہیں، ایک ہی دن میں اتنے شہریوں میں کیسے جاسکتا ہوں۔
چیف الیکشن کمشنر کی مدت ملازمت ختم ہوچکی ہے، شرم و حیا ہوں تو ان کو اپنے عہدوں سے استعفیٰ دینا چاہیے، اسپیکر قومی اسمبلی اور سینیٹ چیئرمین کو ہم نے خطوط لکھے لیکن اس طرف سے اپنی تک کوئی جواب نہیں آیا، چیف الیکشن کمشنر کے لئے نام دیں گے۔
چیف الیکشن کمیشن کے نام پر مشاورت جاری ہے، ایک دو روز میں آپس میں مشاورت کرکے نام فائنل کریں گے، وزیراعلی کی تبدیلی کی باتوں میں کوئی سچائی نہیں۔پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت