سرگودھا(ای پی آئی)وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے چین کے سفیر نونگ رونگ سے سفارتخانے میں ملاقات کر کے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر قیصر عباس نے چینی سفیر کوسرگودھا یونیورسٹی میں جاری تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔انہوں نے یونیورسٹی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنا سٹڈیز اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بتایا کہ یہ کس طرح پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں میں چین کے بارے میں بہتر تفہیم پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
ڈاکٹر قیصر عباس نے تانگ انٹرنیشنل چائنیز ایجوکیشن جیسی چینی تنظیموں کے ساتھ اشتراک کے ذریعے یونیورسٹی میں ہنر پر مبنی تعلیم متعارف کرانے کے لیے اپنے مستقبل کے منصوبوں اور بہتر پیداواری صلاحیت کے لیے کاروبار اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کے اپنے وڑن کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے چینی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے ترشاوہ پھلوں کی متعدد ضمنی مصنوعات کی تیاری کے لیے نئی ٹیکنالوجیز متعارف کروا کر ترشاوہ پھلوں کی قدر میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ چین کے سفیر نونگ رونگ نے سرگودھا یونیورسٹی کے چائنہ اسٹڈیز پروگرام کو سراہا اور اس سلسلہ میں یونیورسٹی کی مستقبل کی کوششوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مستقبل قریب میں دو طرفہ روابط، علمی تبادلوں اور مشترکہ تحقیق کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فضل الرحمان، چینی سفارت خانے کے ایگریکلچر کمشنر ڈاکٹر گو اور مس وانگ ییکی نے بھی ملاقات میں شرکت کیـ


