1
پی ٹی آئی کی عدم شرکت پر مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ختم، کمیٹی برقرار رکھنے کا اعلان،ہ گزشتہ اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا کہ 7 ورکنگ دنوں میں دوبارہ اجلاس ہوگا، آج 7 دن پورے ہوگئے، اس متعلق ہم نے سب کو اجلاس کی دعوت دی، توقع تھی کہ اپوزیشن کے ارکان آئیں گے۔
ہم نے 45 منٹ انتظار کیا، ان کی طرف سے پیغام آیا کہ وہ نہیں آئیں گے،میں نے پی ٹی آئی سے رابطہ کیا ہے، پی ٹی آئی ارکان نے کہا ہے کہ ہم اپنی اعلیٰ قیادت سے رابطہ کرکے بتائیں گے، ہم اپنا اجلاس کریں گے اس میں دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔ اپوزیشن کی غیر موجودگی کی وجہ سے مذاکرات نہیں چل سکے، اس میٹنگ کو آگے رکھنے کا کوئی مقصد نہیں بنتا، اس لیے آج کی میٹنگ ملتوی کررہے ہیں لیکن میرے دروازے کھلے ہیں توقع رکھتا ہوں مذاکرات جاری رکھے جائیں گے۔اسپیکر ایاز صادق کی اجلاس سے قبل گفتگو
2
جسٹس عائشہ ملک نے کسٹم ریگولیٹر ڈیوٹی کیس سے علیحدگی کی وجوہات جاری کر دیں۔جسٹس عائشہ ملک نے اپنے نوٹ میں لکھا کہ بحیثیت جج ہمیں عدالتی احکامات اور انتظامی احکامات کے درمیان واضح فرق کو سختی سے برقرار رکھنا چاہیے اور عدالتی احکامات کی تقدس کو محفوظ اور برقرار رکھنا چاہیے، ہمیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ہمارے احکامات پر عمل ہو، ہمارے احکامات کسی کے ذریعہ نظرانداز یا خلاف ورزی نہ کی جائے۔
نوٹ میں لکھا کہ ججز کمیٹیوں نے عدالتی حکم کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بنچ سے کیس واپس لے لیا، عدالتی حکم انتظامی احکامات سے ختم نہیں کیا جا سکتا، عدالتی احکامات کو ہمیشہ عدالت میں احترام کی نظر سے دیکھنے کی روایت ہے، عدالتی حکم عدلیہ کی آزادی اور اختیارات کا مظہر ہوتا ہے، اگر عدالتی حکم سے اختلاف ہو تو عدالتی سطح پر ہی حل نکالا جاتا ہے، انتظامی احکامات سے عدالتی حکم کو مسترد کرنا عدلیہ کی آزادی اور تقدس کے خلاف ہے۔
جسٹس عائشہ ملک نے مزید لکھا کہ بطور جج یقینی بنانا چاہیے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیا جائے۔ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ کے فل کورٹ تشکیل کا آرڈر چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
3
مریم نواز کا فروری میں صوبہ بھر میں 20 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب میں بے گھر شہریوں کو مفت پلاٹ دینے کیلئے سکیم کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا، سفارشات اور تجاویز پر غور کر کے 9 ہزار 15 مکانوں کی تعمیر کے لئے 8 ارب 20 کروڑ روپے کے قرضے جاری کئے گئے۔ا
جلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 2050 افراد کو مکانات کی تعمیرات کیلئے قرض کی دوسری قسط بھی مل گئی، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 4841 گھر زیر تکمیل ہیں، اپنی چھت اپنا گھر پورٹل پر وزٹ کرنے والے شہریوں کی تعداد 7 لاکھ 28 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
بریفنگ کے مطابق اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کیلئے تقریباً 4 لاکھ سے زائد درخواستیں مکمل دستاویزات کے ساتھ آ گئی ہیں، 74 ہزار سے زائد ڈرافٹ درخواستیں بھی اپنی چھت اپنا گھر پورٹل میں جمع ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر 3 اور 5 مرلے کی ہاؤسنگ سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، عوام کو فری پلاٹ دینے کے لئے ٹی او آرز طے کرنے کے لئے 8 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی، وزیراعلیٰ نے پنجاب میں گھر بنانے کا ہدف پورا کرنے کا حکم دے دیا۔
4
وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی,ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کیا تھا۔تاہم اب ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا، اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی مصروفیت کے باعث ملتوی کیا گیا ہے۔
5
لاہور ہائیکورٹ نے جیلوں میں ہلاک قیدیوں کی پوسٹمارٹم رپورٹس طلب کرلیں۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے جیلوں میں قیدیوں پر تشدد روکنے اور سہولیات کی فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔
دوران سماعت آئی جی جیل خانہ جات نے عدالت کو بتایا کہ 2024 میں لاہور کی دونوں جیلوں میں مجموعی طور پر68 قیدی ہلاک ہوئے، مجموعی طور پر 49 قیدیوں کی طبعی موت ہوئی جبکہ ایک قیدی نے خود کشی کی۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ 2 ہزار قیدیوں کی گنجائش والی ضلعی جیل میں 6 ہزا ر 675 قیدی رکھے گئے ہیں جبکہ 2 ہزار 360 گنجائش والی سینٹرل جیل میں 3 ہزار 810 قیدی موجود ہیں۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعات رپورٹ ہورہے ہیں،قیدیوں کو جیلوں میں بھیڑ بکریوں کی طرح رکھا جاتا ہے اور انہیں ناکافی سہولیات کا سامنا ہے، قیدیوں کو تحفظ اور سہولیات فراہم کرنا ملکی اور بین الاقوامی قوانین کا تقاضا ہے، عدالت جیل حکام کو قیدیوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنے کا حکم دے۔
چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا کہ لاہور میں خواتین کی الگ جیلوں کے علاوہ 3 جیلیں تعمیر کے آخری مراحل میں ہیں، بہت سی چیزیں ہونے جا رہی ہیں کل ہی اس حوالے سے اجلاس کیا ہے۔بعدازاں عدالت نے جیلوں میں ہلاک ہونے والے قیدیوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹس اور ان سے متعلق تمام دستاویزات طلب کرلیں اور کیس کی مزید سماعت 3 فروری تک ملتوی کردی۔
6
رمضان شوگر ملز ریفرنس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے ، مقدمہ کا مدعی کمرہ عدالت میں اپنے بیان سے منحرف ہو گیا۔لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت میں جج سردار محمد اقبال نے کیس پر سماعت کی، مدعی مقدمہ ذوالفقار اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت پیش ہوا۔
دوران سماعت مدعی ذوالفقار نے کہا کہ میں نے ایسی کوئی درخواست دائر نہیں کی، مجھے درخواست کے نکات کا بھی علم نہیں ہے، میں نہیں جانتا ریفرنس میرے نام سے کیسے فائل ہوا ،میں یہ درخواست واپس لیتا ہوں۔فاضل جج نے استفسار کیا کہ یہ کیسے ممکن ہے؟ آپکو پتہ ہے آپ کیا کہہ رہے ہیں؟ میں نہیں جانتا کہ درخواست میں کیا کہا گیا ہے، آپ ہمیں یہ بات بیان حلفی میں بتا دیں ،ہم آگے کارروائی کرتے ہیں۔مدعی مقدمہ نے جواب دیا کہ جی میں اپنے وکیل سے بیان حلفی تیار کروا کے لے آتا ہوں، کچھ وقت دیا جائے۔
7
فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت جاری ہے۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ سماعت کر رہا ہے، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی بنچ میں شامل ہیں، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن بھی بنچ کا حصہ ہیں۔وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث کے آج بھی دلائل جاری ہیں۔
8
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 6 مقدمات میں ضمانت میں 11 فروری تک توسیع کر دی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے بشریٰ بی بی کی ایک اور عمران خان کی 6 مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل انصر کیانی اور شمسہ کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل انصر کیانی نے عدالت سے استدعا کی کہ بشریٰ بی بی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا سنائے جانے پر گرفتار ہوئی ہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل میں قید ہیں ویڈیو لنک کے ذریعے ان کی حاضری لگائی جائے۔جج افضل مجوکہ نے کہا کہ میں آج پیکا کے تحت درج مقدمات میں مصروف ہوں اس لئے آج کچھ نہیں ہوگا، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری درخواست ضمانتوں میں 11 فروری تک توسیع کر دی۔
9
سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ ملک کو پی ٹی آئی پنجاب کا چیف آرگنائزر مقرر کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق بانی تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر چیئرمین بیرسٹر گوہر نے عالیہ حمزہ ملک کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ہ حال ہی میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا عہدہ لے کر ان کی جگہ جنید اکبر کو صدر مقرر کیا گیا تھا۔
10
پاکستان تحریک انصاف کا وفد آج مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گاپی ٹی آئی کا وفد آج سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا، تحریک تحفظ آئین کے قائدین بھی شامل ہوں گے۔سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں وفد ملاقات کرے گا، پی ٹی آئی کے وفد میں عمر ایوب اور صاحبزادہ حامد رضا سمیت دیگر رہنما شامل ہوں گے، ملاقات کے دوران سیاسی و پارلیمانی امور اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کےایجنڈے پر بات ہوگی جبکہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے مشترکہ نکات کو آگے بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اس حوالے سے صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ مولانا کو تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔وفد کی ملاقات سے قبل پی ٹی آئی رہنما حسین یوسفزئی نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر کے بانی پی ٹی آئی کا پیغام بھی پہنچایا ہے۔
11
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے امریکا کے کوچز کو پاکستان میں تربیت دینے کی پیشکش کر دی۔واشنگٹن میں محسن نقوی نے امریکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جوناتھن اٹکیسن سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے کرکٹ سیریز کے انعقاد کے منصوبے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے امریکا میں کرکٹ کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
محسن نقوی نے امریکی کوچز کو پاکستان میں تربیت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی تاکہ دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے، چیئرمین پی سی بی نے جوناتھن اٹکیسن کو آئندہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے میچز دیکھنے کیلئے پاکستان آنے کی دعوت دی۔پاکستان اور امریکا کے درمیان کرکٹ کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پی سی بی اس حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔
12
بھارتی وزیراعظم مودی اور نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری بار امریکا کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی،دونوں رہنماؤں نے عالمی امن اور خوشحالی کیلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ سے بات چیت ہوئی ہے، امریکا اور بھارت باہمی مفاد اور بھروسہ مند شراکت داری کے لیے پُرعزم ہیں، امریکا اور بھارت مل کر عوامی فلاح، عالمی امن و سلامتی اور خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔
13
یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے چینی 5 روپے فی کلومہنگی کر دی۔ذرائع یوٹیلیٹی سٹورز کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت 140 سے بڑھا کر 145 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے باعث چینی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا تاہم اس اضافے کے باوجود یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی اوپن مارکیٹ سے سستی ہے۔
14
وفاقی حکومت سرکاری ملازمین اور افسران کو مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے میں ناکام ہو گئی، رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران سرکاری ملازمین نے 8 ارب تیس کروڑ روپے سے زائد کی مفت بجلی استعمال کی۔دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران سرکاری ملازمین نے 23 کروڑ 71 لاکھ یونٹس سے زائد بجلی استعمال کی، بجلی استعمال کرنے والے ملازمین کی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار ہے اور ان میں سے ریٹائرڈ اور حاضر سروس ملازمین و افسران دونوں شامل ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ایک لاکھ 13 ہزار حاضر سروس افسران و ملازمین نے 5 ارب سے زائد کی مفت بجلی استعمال کی، حاضر سروس ملازمین و افسران نے چھ ماہ میں 14 کروڑ 96 لاکھ یونٹس استعمال کیے۔اسی طرح 88 ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین نے 3 ارب سے زائد کی مفت بجلی استعمال کی ،ریٹائرڈ ملازمین نے چھ ماہ میں 8 کروڑ 75 لاکھ یونٹس استعمال کیے، مفت بجلی استعمال کرنے والوں میں گریڈ ایک سے لیکر گریڈ 22 تک کے افسران و ملازمین شامل ہیں۔