1
ایدھی فاؤنڈیشن لاہور کی ایمبولینس جنرل اسپتال میں واقع ایدھی سینٹر سے چوری ہوگئی۔ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق چوری ہونے والی ایمبولینس کا رجسٹریشن نمبر EA 1611 ہے۔ایدھی فاؤنڈیشن نے ایمبولینس کی چوری کی اطلاع فوری طور پر تھانہ کوٹ لکھپت میں دی جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
2
پی ٹی آئی کی رہنما عالیہ حمزہ کا کہنا ہے کہ ہم سڑکوں کی سیاست بھی کرنا جانتے ہیں لیکن تصادم نہیں مفاہمت کی ضرورت ہے اور اگر مفاہمت کرنی ہے تو پرچے کیوں درج کیے جا رہے ہیں۔ عوام کا فیصلہ نہیں مانا گیا اور بانی پی ٹی آئی کو بے گناہ جیل میں رکھا گیا ہے جس سے ملک تباہی کی طرف گیا لیکن ہم تو اس ملک میں استحکام چاہتے ہیں۔
8 فروری کو مینار پاکستان جلسے کی درخواست لے کر ڈپٹی کمشنر آفس جا رہی ہوں جہاں ہم جلسہ کریں گے۔مجھے آج تک فارم 45 یا فارم 47 نہیں ملا، لوگوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے لہٰذا مجھے میری سیٹ دی جائے اور اگر آپ جیتے ہیں تو کیوں فارم 45 فارم 47 نہیں دیے جا رہے۔لاہورمیں صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب کے باہر میڈیا سے گفتگو
3
پی آئی اے انتظامیہ کا ایئر کرافٹ ٹیکنیشنز کو بھرتی کرنے کا فیصلہ،پی آئی اے میں اپرنٹس شپ مکمل کرنے والے 100 سے زائد کو کنٹریکٹ پر بھرتی کے لیے انٹرویو شروع کر دیے ہیں۔ شعبہ انجینیئرنگ حکام نے اپرنٹس شپ کرنے والے امیدواروں کو طلب کرلیا۔پی آئی اے شعبہ انجینیئرنگ میں 100 سے زائد ٹیکنیشنز ڈیلی ویجز بنیاد پر بھرتی کرکے قلت کو پورا کرے گی۔
ایئرکرافٹ انجینیئرز کو بھرتی کرنے کے لیے فی الحال فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ایئرکرافٹ انجینیئرز کا آخری فریش بیچ 2016 میں بھرتی کیا گیا تھا۔ترجمان پی آئی اے نے تصدیق کی ہے کہ شعبہ انجینئرنگ ٹیکنیشنز کی قلت کو پورا کرنے کے لیے ڈیلی ویجز بنیاد پر بھرتی کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے امیدواروں کے انٹرویو شروع کر دیے ہیں۔سوسائٹی آف ایئرکرافٹ انجینیئرز کے ترجمان نے بھی نئی بھرتیوں کی تصدیق کر دی۔
4
ریلوے کی 13ہزار ایکڑ اراضی سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے قبضے میں ہونے کا انکشاف، دستاویزات کے مطابق پاکستان ریلوے کی 13 ہزار 381 ایکڑ سے زائد اراضی غیر قانونی طور پر آج بھی قابضین کے قبضے میں ہے۔سرکاری دستاویزات میں انکشافات سامنے آنے کے بعد بھی بااثر لوگوں کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔
ریلویز کی اراضی پر قبضہ کرکے قبضہ مافیا ماہانہ کروڑوں روپے کما رہا ہے اور بہت ساری اراضی پر کمرشل کاروبار ہو رہا ہے جبکہ سیکڑوں ایکڑ اراضی پر مکانات بن چکے ہیں۔دستاویزات کے مطابق 24 ہزار ایکڑ سے زائد لینڈ پنجاب حکومت کے قبضے میں ہے جس میں سے پنجاب حکومت نے بیشتر زمین پاکستان ریلوے کو منتقل کر دی ہے جبکہ سندھ حکومت نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔
5
گداگری اور جعل سازی میں ملوث خاتون سمیت 2 مسافروں کی بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام،ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلسازی اور گداگری میں ملوث خاتون سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان کی شناخت صحت خاتون اور احسان کے نام سے ہوئی۔اے ایس ایف کے مطابق ملزمہ صحت خاتون وزٹ ویزے پر بحرین جا رہی تھی۔ ملزمہ بیرون ملک گداگری میں ملوث ہے اور اس کا نام بلیک لسٹ میں شامل تھا۔ ریکارڈ کے مطابق صحت خاتون سعودی عرب اور قطر میں گداگری میں ملوث رہی ہے۔
اس سے قبل ملزمہ کو سعودی عرب سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔ ملزمہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے خدا بخش نامی ایجنٹ سے سعودی عرب جانے کے لیے رابطہ کیا تھا اور 2 لاکھ 50 ہزار روپے دئیے تھے۔
6
پشاور ہائیکورٹ نے اسد قیصر کو ضمانت دیدی، گرفتار نہ کرنے کا حکم،پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس اعجاز انور پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی، جس میں اسد قیصر کو حفاظتی ضمانت دے دی گئی۔
عدالت نے اسد قیصر کو 24 نومبر 2024 کے بعد درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی جاری کردیا۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سماعت میں بھی حفاظتی ضمانت دی گئی تھی، لیکن اس کا آرڈر تحریری شکل میں نہیں لکھا گیا تھا۔
انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ اس بار ضمانت کا آرڈر تحریری شکل میں جاری کیا جائے۔عدالت نے اسلام آباد پولیس کو 15 دن کے اندر رپورٹ جمع کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ اسلام آباد کے آئی جی سے رپورٹ طلب کی جائے گی، کمشنر سے رپورٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔


