1
بانی پی ٹی آئی کی پارٹی رہنماؤں کو اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد بنانےکی ہدایت،تحریک انصاف کا وفد اسد قیصر کی سربراہی میں آج مولانا فضل الرحمٰن سے ملے گا،ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت اور مولانا فضل الرحمان اپوزیشن کی حکمت عملی پر مشاورت کرینگے،ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وفد مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کرے گا۔پی ٹی آئی کے وفد میں عمر ایوب اور صاحبزادہ حامد رضا سمیت دیگر رہنما شامل ہوں گے۔
ملاقات کے دوران سیاسی و پارلیمانی امور اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کےایجنڈے پر بات ہوگی جبکہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے مشترکہ نکات کو آگے بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
2
پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کے خاتمے کے دو ٹوک اعلان کے باوجود حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان اجلاس میں پہنچ کر اپوزیشن کی راہ تکتے رہے۔ حکومتی ارکان 45 منٹ انتظار کرتے رہے مگر پی ٹی آئی نہ آئی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم اگر اجلاس میں آئے تو کچھ نہ کچھ تو لے کرآئے ہوں گے اگر تحریک انصاف والے آجاتے تو اپنا جواب دے دیتے۔ اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق بولے اب مذاکرات کو آگے نہیں بڑھایا جاسکتا۔
حکومت اور اپوزیشن سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی درخواست کردی۔اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ ہم نے تقریبا 45 منٹ انتظار کیا میسج بھی کیا جواب یہی آیا کہ لگتا ہے کہ وہ شاید میٹنگ میں نہ آئے اس لیے اس میٹنگ کو کنٹینیو کرنے کا کوئی مقصد نہیں بنتا تو میرے دروازے پھر بھی کھلے ہیں اور میں پھر اپوزیشن سے اور گورنمنٹ سے توقع رکھتا ہوں کہ مذاکرات کا راستہ نکالا جائے۔
3
پنجاب میں بے گھر اور مستحق خاندانوں کو مفت پلاٹ دینے سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں بے گھر اور مستحق خاندانوں کو مفت پلاٹ دینے سے متعلق منصوبے کے ٹی او آرز طے کرنے کے لئے 8 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔
4
ایس آئی ایف سی کے تعاون سے سی پیک کے تحت معاشی بحالی کے لیے اسپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔حکومت کا ٹھٹھہ کے علاقے میں ’دھابیجی اسپیشل اکنامک زون‘ کے قیام کے لیے چینی اور مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے۔
دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کے کراچی کی بندرگاہوں کے قریب ہونے سے عالمی تجارتی راستوں سے بہترین رابطہ فراہم ہوگا جبکہ اس زون کے قیام سے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور 1 لاکھ سے زائد ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔
5
ایف بی آر نے پہلے 7 ماہ میں 440 ارب روپے ٹیکس شارٹ فال کا خدشہ ظاہر کردیاایف بی آر ذرائع کے مطابق رواں ماہ ٹیکس وصولی کا ہدف نو سو چھپن ارب روپے مقرر کیا گیا تھا لیکن اس کے مقابلے میں صرف نو سو ارب روپے تک کی وصولی کا امکان ہے۔ جنوری سے مارچ کے دوران ایف بی آر نے تین ہزار ایک سو ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف طے کیا ہے۔
مالی سال کی پہلی ششماہی میں ایف بی آر کو تین سو چھیاسی ارب روپے کا شارٹ فال ہوا تاہم فروری اور مارچ کے مہینوں میں ٹیکس وصولی میں تیزی آنے کی توقع ہے۔ذرائع کے مطابق پراپرٹی ٹرانزیکشنز پر ٹیکس ریٹ میں ممکنہ کمی سے ریونیو میں اضافہ متوقع ہے جبکہ قابلِ ٹیکس درآمدات میں پانچ فیصد سے بڑھ کر پندرہ فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔
6
حکومتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اگر تحریک انصاف نے مذاکرات کے چوتھے دور میں شرکت نہ کی تو مذاکراتی کمیٹی تحلیل کرنے پر غور کریں گے۔اپوزیشن کمیٹی نہ آئی تو اس کا مطلب ہوگا وہ مذاکرات نہیں چاہتے ۔ سات جماعتوں کے رہنماؤں کو بٹھا کر نہیں رکھ سکتے پھرکمیٹی تحلیل کرنے پر غور کریں گے ۔ یہ طے نہیں ہوا تھا کہ کمیشن بننا ہے یا نہیں، تیسری میٹنگ کے اعلامیے میں بھی ایسی کوئی بات نہیں تھی ۔
اپوزیشن نے باہر جاکراعلان کردیا کہ پہلےکمیشن بنائیں، اپوزیشن جان لے مذاکرات کیلئے کوئی اور دروازہ نہیں کھلے گا۔ سیاسی مذاکرات سیاستدانوں سے ہی ہوتے ہیں۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کے مطابق تحریک انصاف آج ہونے والے مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی۔
7
وزیراعظم کی اسلام آباد کو صحت سہولیات کا ماڈل شہر بنانے کی ہدایت،وزیراعظم کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے امور پر جائزہ اجلاس میں صحت کی سہولیات تک رسائی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس اور ریسرچ سینٹر کے کام کو تیز کرنے، مشینری اور آلات کی خریداری کے لیے پری کوالیفکیشن کا عمل بروقت شروع کرنے کا حکم دے دیا ۔ماہر کنسلٹنٹس کی نگرانی میں عمل مکمل کرنے، مشینری اور آلات کی خریداری کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے پر بھی زور دیا ۔