1
ماڈل ٹاؤن کے رہائشی کے گھر چوری کرنے والی 4 خواتین کو گرفتار کرکے 60 لاکھ روپے نقد اور 30 لاکھ روپے مالیت کا سامان برآمد کر لیا گیا۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی خصوصی ہدایت پر ڈی آئی جی عمران کشور کی زیرِ نگرانی آرگنائزڈ کرائم یونٹ ماڈل ٹاؤن نے کامیاب کارروائی کی۔
گرفتار خواتین کے قبضے سے 60لاکھ روپے کیش سمیت جیولری، موبائل فونز، قیمتی گھڑیاں، پرفیومز اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔ خواتین میں ثناء زوجہ ہمایوں، انعم زوجہ نادر مسیح، شہناز زوجہ جاوید مسیح اور شیبہ دختر ہمایوں شامل ہیں۔پولیس ٹیم نے لاہور، قصور اور ملتان کے مختلف علاقوں میں ریڈ کر کے ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی۔
گھریلو ملازمہ ثناء اور شہناز نے انعم اور شیبہ کی معاونت سے چوری کی واردات کی، ملزمہ ثناء زوجہ ہمایوں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔
2
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کے پی میں نیا صدر علی امین گنڈاپور کی مرضی سے تعینات کیا گیا انہوں ںے عہدے چھوڑنے کے لیے عمران خان سے درخواست کی تھی۔ ہماری ایک ہی مذاکراتی کمیٹی بنی تھی اور ایک ہی جگہ مذاکرات ہو رہے تھے کہیں اور مذاکرات نہیں ہو رہے تھے، ہم فراغ دلی کے ساتھ ان کے ساتھ بیٹھے تھے لیکن بدقسمتی سے وہ مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکے، پی ٹی آئی 27 سال سے انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
ہم آزاد عدلیہ اور پارلیمان کے ساتھ 26 ویں ترمیم کے خلاف باقی حزب اختلاف کی جماعتوں سے ملیں گے، ہم عدالتوں میں جانے سمیت ہر قسم کی جدوجہد اور احتجاج کریں گے، بانی پی ٹی آئی نے واضح کہا ہے کہ لوگ علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کے حوالے سے غلط فہمیاں پھیلا رہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بتایا ہے کہ انہیں علی امین کا پیغام آیا تھا اور انہوں نے خود ملاقات میں بتایا کہ ان پر کام کا دباؤ بہت زیادہ ہے ان کی نیند تک پوری نہیں ہو رہی، عمران خان نے بتایا کہ علی امین گنڈا پور کی مرضی سے کے پی کے میں پی ٹی آئی کا نیا صدر مقرر کیا گیا ہے علی امین گنڈا پور کو ہٹانے کے حوالے سے صرف ڈس انفارمیشن پھیلائی جا رہی ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔
علی امین نے بانی پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ بہتر ہے پارٹی کے امور کوئی اور سنبھالے میں گورننس پر توجہ دوں، تحریک انصاف میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے، بانی پی ٹی آئی اے نے کہا کہ خیبر پختون خواہ میں کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا ٹاک
3
امریکا کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان کے دورے پر ہے، اس دوران سرمایہ کاری کے کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق امریکا کا اعلیٰ سطح کا سرمایہ کار وفد دو روزہ اہم دورے پر پاکساتن میں ہے، جس کی قیادت ٹیکساس ہیج فنڈ کے منیجر اور ٹرمپ خاندان کے قریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ کر رہے ہیں۔
نئی امریکی حکومت کے اقتدار سنبھالتے ہی سرمایہ کار وفد کا پاکستان آنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ امریکی وفد کے دورۂ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری، معاشی اور دو طرفہ تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی۔
4
چینی سرمایہ کاروں نے سندھ ہائی کورٹ میں پولیس کے خلاف دائر درخواست واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔ درخواست چینی سرمایہ کاروں کے وکیل پیر رحمٰن محسود ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے درخواست گزار چائینز کے الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنادی ہے، جس کے بعد درخواستگزار سندھ حکومت کے اقدامات سے مطمئن ہیں۔ درخواستگزار سندھ ہائیکورٹ میں زیر سماعت درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔
5
پی ٹی آئی کے سنیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ جب حکومت جوڈیشل کمیشن کا اعلان کردے گی تو ہم اس کے ساتھ مذاکرات کے لیے بیٹھ جائیں گے۔ پارلیمنٹرینز کو فلور آف دا ہاؤس میں بولنا چاہیے جہاں وہ اپنی ، تجاویز دے سکتے ہیں، آج بدقسمتی سے سینیٹ اجلاس میں قائد حزب اختلاف کو ہی بولنے نہیں دیا گیا ، لیڈر آف دی اپوزیشن اور لیڈر آف دا ہاؤس کسی بھی وقت اٹھ کر بول سکتے ہیں، اس ہاؤس میں اپوزیشن کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
جب ملک سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہو تو اس میں لامتناہی سلسلہ نہیں چلے گا، حکومت چاہتی ہے کہ یہ مذاکرات کامیاب نہ ہوں، تحریری مطالبات پر دن ضائع کیے ہیں۔ اسپیکر نے جو رول ادا کیا ہے ہم نے اس کی تعریف کی ہے، اصل سوال یہ ہے کہ مذاکرات کے فیصلے کون کرے گا، جب جوڈیشل کمیشن کا اعلان کردیں گے اس وقت ہم مذاکرات میں بیٹھ جائیں گے، اگر یہ کہہ دیں کہ ہم جوڈیشل کمیشن بنائیں گے اور سیاسی قیدیوں کو رہا کریں گے تو ہم بیٹھ جائیں گے۔سینیٹرعلی ظفر کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو
6
سندھ ہائیکورٹ کے 12 نئے ججز کل حلف اٹھائیں گے۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی نئے ججز سے حلف لیں گے۔ تقریبِ حلف برداری صبح ساڑھے دس بجے سندھ ہائیکورٹ میں منعقد ہوگی۔نئے ججز میں جسٹس میراں محمد شاہ، جسٹس تسنیم سلطانہ، جسٹس ریات علی سحر، جسٹس محمد حسن اکبر، جسٹس خالد حسین شاہانی، جسٹس عبدالحامد بھرگڑی، سید فیض الحسن شاہ، جسٹس جان علی جونیجو، جسٹس نثار احمد بھمرو، جسٹس علی حیدر ادا، محمد عثمان علی ہادی اور جسٹس محمد جعفر رضا شامل ہیں۔یہ تقرریاں عدالتی نظام کی بہتری اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہیں۔ حلف برداری کے بعد یہ ججز اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
7
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی علی امین گنڈا پور کو صدارت سے ہٹانے پر اصلی پی ٹی آئی کے ورکر یوم نجات منا رہے ہیں، عنقریب پی ٹی آئی ورکرز کو اچھی خوشخبری ملے گی۔پی ٹی آئی کو پتا چل چکا ہے کہ ان کی پارٹی میں میر صادق اور میر جعفر کا کردار کون ادا کررہا ہے، علی امین گنڈا پور کو صدارت سے ہٹانے پر اصلی پی ٹی آئی کے ورکر یوم نجات منا رہے ہیں، عنقریب پی ٹی آئی ورکرز کو اچھی خوشخبری ملے گی۔
پی ٹی آئی نے جس طرح صوبے کا ستیاناس کیا وہ سب کے سامنے ہے، گورنر ہاؤس میں پبلک ڈے پر لوگوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، صوبے کے امن و امان کیلئے ہم وہ کام کررہے ہیں جو صوبائی حکومت کو کرنے تھے، امن کانفرنس میں نے بلائی تھی یہ کس کا کام تھا؟ امن و امان قائم کرنے میں ہمارے صوبے کا وزیراعلیٰ ناکام ہوچکا ہے، پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وزیراعلی سے جلد از جلد استعفی لے تاکہ صوبے میں امن اور ترقی آسکےڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو
8
کرم میں مورچوں کی مسماری کا عمل جاری، مشران کا جرگہ آج ہوگااپر کرم اور پاڑا چنار کے مشران کا جرگہ کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں آج ہوگا، 25 جنوری کو ہونے والے جرگے میں مشران کی عدم شرکت کے باعث مذاکرات میں تعطل پیدا ہو گیا تھا۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور آئی جی پولیس اچانک ٹل کینٹ پہنچ گئے۔ ڈی سی ہنگو گوہر زمان کے مطابق، دونوں حکام ہیلی کاپٹر کے ذریعے ٹل کینٹ پہنچے اور وہاں سے کرم متاثرین کیمپ کا دورہ کریں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ بنکرز مسماری کا مقصد علاقے میں امن و امان کی بحالی اور کشیدگی کم کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مشران کے تعاون سے یہ عمل جلد پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔
9
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے ملٹری کورٹس میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت کل تک ملتوی کر دی، آئینی بینچ نے کہا کہ کل صرف ملٹری کورٹس ہی سنیں گے۔کیس کی سماعت کے دوران وکیل وزارت دفاع کے دلچسپ جواب پر عدالت میں قہقہے بھی لگے۔
وکیل وزارت دفاع سے جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ کیا فوجی عدالتوں میں ججز یونیفارم میں ہوتے ہیں؟ خواجہ حارث نے کہا کہ کورٹ مارشل میں ججز فوجی یونیفارم میں ہی ہوتے ہیں۔جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ یونیفارم فوجی افسر بطور جج کیسے غیرجانبدار ہو سکتا ہے؟ جس پر وکیل وزارت دفاع خواجہ حارث نے کہا کہ یونیفارم تو آپ ججز نے بھی پہنا ہوا ہے۔
خواجہ حارث کے جواب پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔جسٹس مسرت ہلالی نے دیے کہ آج کل تو یہاں بھی ججوں پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ کورٹ مارشل کے فیصلے اکثریت سے ہوتے ہیں۔بعدازاں، آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔


