1
عمران خان کی ہدایت پر علی امین گنڈاپور کا استعفی منظور، وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے تحریک انصاف خیبرپختون خوا کے صدر کی حیثیت سے استعفی دے دیا جسے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے منظور کرلیا۔یہ استعفیٰ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر منظور کیا گیا ہے۔
2
سیکیورٹی فورسز کی بنوں میں کامیاب کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک، 9 زخمی،آئی ایس پی آر کے مطابق 27 جنوری کو سیکورٹی فورسز نے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا، موقع پر دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔
بیان کے مطابق آپریشن کے دوران، سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، کارروائی کے نتیجے میں 3 دہشتگرد ہلاک جب کہ 9 زخمی ہوئے۔علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ملک کو اس لعنت سے پاک کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔
3
وفاق المدارس العربیہ کے تحت سالانہ امتحانات کا آغازیکم فروری سے ہوگاملک بھر میں ہونے والے امتحان میں625628 طلبہ وطالبات شریک ہوں گے، اس سال گزشتہ سال کی نسبت31078 طلبا کا اضافہ ہوا ہے، 108403 طلبہ وطالبات حفظ قرآن کا امتحان دیں گے جن میں 89436 طلبہ اور18967 طالبات شامل ہیں۔
وفاق المدارس نے عالمی سطح پر ایک سال میں سب سے زیادہ حفاظ و حافظات کے اپنے ہی عالمی ریکارڈ میں اضافہ کیا، ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان صوبہ خیبر پختونخوا کے ناظم مولانا حسین احمد نے جامعہ امداد العلوم مسجد درویش پشاور میں امتحانی عملہ کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
4
ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ نذرعباس کو بحال کردیا گیارجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے نذر عباس کے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کے عہدے پر بحالی کا آفس آرڈر جاری کردیا۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے عدالتی آرڈر کے باوجود بینچز اختیارات کیس سماعت کے لیے مقرر نہ ہونے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد گریڈ 21 کے افسر سپریم کورٹ میں تعینات ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذرعباس کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ کو معاملے کی جانچ پڑتال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، کسٹم ایکٹ سے متعلق کیس کو آئینی بینچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کیا جانا تھا، غلطی سے سپریم کورٹ کے معمول کے بینچ کے سامنے لگا دیا گیا۔
5
سندھ میں رواں سال پولیو وائرس کے خاتمے کا ہدف مقرر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے بچوں کو اس معذوری کا سبب بننے والی بیماری سے بچانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پولیو خاتمے کے حوالے سے صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس وزیراعلیٰ ہائوس منعقد ہوا، جس میں 2025 تک پولیو وائرس کے خاتمے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو اس معذوری کا سبب بننے والی بیماری سے بچانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی اہمیت پر زور دیا اور 10.6 ملین بچوں کو 1257 یونین کونسلز میں پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے اجلاس کو بتایا کہ 81000 سے زائد فرنٹ لائن ورکرزاورل پولیو ویکسین (او پی وی) مہم میں حصہ لیں گے۔
6
قلعہ عبداللہ میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ ناکام، دو خودکش حملہ آور سمیت 5 دہشتگرد ہلاک،دو جوان شہید 27 اور 28 جنوری کی درمیانی رات دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے جرات اور بہادری کے ساتھ حملے کو ناکام بنادیا۔
حملے کے بعد دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی چوکی کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، فائرنگ کے تبادلے میں تمام پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن میں دو خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔اس شدید مقابلے میں پاکستان کے دو بہادر سپوت، نائیک طاہر خان (39 سال، ضلع ٹانک کے رہائشی) اور لانس نائیک طاہر اقبال (26 سال، ضلع کرک کے رہائشی)، بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔
7
وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ اگلے مرحلے میں سرکاری آئی پی پیز کے ساتھ نظر ثانی معاہدے کرنے جا رہے ہیں۔ بجلی قیمتوں کا موجودہ نظام نہیں چل سکتا اس لیے تمام آئی پی پیز کے ساتھ نظر ثانی معاہدوں پر کام کر رہے ہیں۔ حکومت توانائی کے شعبے کی بہتری، بجلی کی قیمت میں کمی اور گردشی قرضے کے خاتمے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
حکومت نے پاور سیکٹر میں سروس لیول ایگریمنٹس تیار کر لیے ہیں، انڈسٹریل اسٹیٹس اور اکنامک زونز اپنا ڈسٹری بیوشن نظام چلا سکیں گے۔ چینی کمپنیاں کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں میں درآمدی کوئلے کے بجائے بتدریج تھر کے خطے سے نکالا جانے والا مقامی کوئلہ استعمال کریں گے، اس سے درآمدات پر لاگت میں کمی آئے گی۔اسلام آباد میں سمینار سے خطاب
8
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی کو وزیراعلیٰ یا کسی وزیر یا بیورو کریسی سے شکایت ہے تو مجھ سے کرے یہ صوبہ پیپلز پارٹی کا ہے کہیں اور جاکر چغلی کرنے کی ضرورت نہیں۔ کوشش کروں گا کہ تاجروں کے مسائل حل کرسکوں، کسی کو وزیراعلیٰ یا کسی وزیر یا بیورو کریسی سے شکایت ہے تو مجھ سے کرے یہ صوبہ پیپلز پارٹی کا ہے کہیں اور جاکر چغلی کرنے کی ضرورت نہیں۔کراچی میں تاجروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب
9
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں سیاست کرنے کا حق ہے، اگر بلاول بھٹو کو کوئی ایشوز پتا ہیں تو ہمیں بلائیں۔ 26 نومبر کو جب اپوزیشن ریلی پشاور سے چلی تب سے گولی چل رہی تھی چونگی نمبر 26 پر گولی کس نے چلائی؟ جس سے سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اٹک پل سے لیکر اسلام آباد تک دس بارہ مقامات پر تشدد ہوا وہاں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شہید ہوئے تشدد اس جتھے نے کی جو مسلح اسلام آباد پر چڑھائی کر رہا تھا ایسا تو نہیں کہ کسی نے چھاپہ مارا یا حملہ کیا۔
معاملہ یہ ہے کہ اسلام آباد پر مسلح چڑھائی کی گئی جو واقعہ جہاں ہوا، اس کا مقدمہ درج ہوا ہے، ایف آئی آرز درجنوں کی تعداد میں ہے سب کی انکوائری جاری ہے، تمام ایف آئی آرز کے عدالتوں میں چالان پیش ہونگے 22 میں سے 8 آئی ایف آرز عدالتوں نے ڈسچارج کردیں باقی ایف آئی آرز پر عدالتوں میں کارروائی جاری ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو


