1
ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای نے فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی جدوجہد نے اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔غیرملکی خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق تہران میں سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کے دوران سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ چھوٹے اور محدود غزہ نے ایسی صہیونی حکومت کوگھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور کردیا، جو جدید اسلحے سے لیس اور امریکا کی مکمل حمایت حاصل تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے شہریوں کو مصر اور اردن یا کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی تجویز پرشدید تنقید کی۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ سیاسی جبر اور جغرافیائی مداخلت فلسطینیوں کو اپنی سرزمین چھوڑنے پر مجبور نہیں کرسکتی ہے کیونکہ غزہ فلسطینیوں کا ہے، ان کی مادر وطن ہے اور وہاں رہنے کے لیے انہوں نے بھاری قیمت چکائی ہے۔
2
نادرا کی جانب سے خصوصی افراد کےلیے تاحیات میعاد کےساتھ منفرد شناختی کارڈ کا اجرا کیا جائے گا۔ترجمان نادراکے مطابق حکومتِ پاکستان کی طرف سے نادرا (قومی شناختی کارڈ کے قوانین مجریہ 2002) میں ترامیم کی منظوری کے بعد پاکستان میں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وہیل چیئر کے لوگو والا خصوصی کارڈ جاری کیا جائےگا۔
خصوصی بچوں کےب فارم یا جووینائل کارڈ پربھی وہیل چیئر کا نشان ہوگا، خصوصی افراد کے لیےمتعلقہ وفاقی یا صوبائی اداروں میں اندراج ضروری ہوگا،اعضا عطیہ کرنے والےافراد کوبھی تاحیات میعاد کے ساتھ خصوصی کارڈ جاری کیا جائےگا۔
3
پنجاب میں ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے سی بی ڈی پنجاب اور ایس ٹی زیڈ اے کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے، جو مقصد پنجاب کو جدید ٹیکنالوجی حب میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق معاہدے پر دستخط سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین اور چیئرمین ایس ٹی زیڈ اے اظفر منصور نے کیے اور دونوں نے کہا کہ یہ شراکت صوبے کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگی۔
جدید ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کو فروغ دیں گے، یہ شراکت داری ٹیکنالوجی اور معیشت کے نئے مواقع پیدا کرے گی اوریہ شراکت داری جدید ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کو فروغ دے گی اور سرمایہ کاری کو راغب کرے گی۔سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین
4
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خیبرپختونخوا کے نئے صوبائی صدر جنید اکبر خان نے عہدے ملنے کے بعد اپنے آبائی حلقے کے دورے کے موقع پر کہا کہ علی امین گنڈاپور 5 سال تک وزیراعلیٰ رہیں گے، ان پر ذمہ داریاں زیادہ تھیں اس لیے صوبائی صدارت مجھے سونپ دی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے صوبائی صدرجنید اکبر کا پارٹی کا صوبائی صدر بننے کے بعد آبائی حلقے بٹ خیلہ پہچنے پر کارکنوں نے شان دار استقبال کیا اورریلی نکالی، جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات چیت کی۔آج بھی مزاحمت کا قائل ہوں، آئی جی کے پی کو خبردار کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ورکرز کو غیر قانونی طور پر گرفتارکیا گیا تواس تھانے کا گھیراؤکریں گے۔
غیرقانونی گرفتاریوں کے بعد کسی بھی ناخوش گوار واقعے کی ذمہ داری آئی جی خیبرپختونخوا پر ہوگی، ہم قانون ہاتھ میں لیں نہ کسی اور کو قانون ہاتھ میں لینے دیں گے اور اگرغیرقانونی ایف آئی آر کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا تومجبوراً پی ٹی آئی ورکرز آئی جی آفس کا گھیراؤ کریں گے۔
5
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پیکا ایکٹ کے خلاف تمام فورمز پر آواز اٹھائے گی، پیپلز پارٹی کسی بھی ایسے بل کا حصہ نہیں بنے گی جو آ زادی صحافت میں رکاوٹ بنے۔ گورنر پنجاب نے ان خیالات کا اظہارملاقات کے لیے آنے والے سینیئر پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ملاقات کر نے والوں میں امتیازصفدروڑائچ، عزیزالرحمان چن، نویدچیمہ،ابرارحسین شاہ، رائےوقاص،علامہ یوسف اعوان اور ایڈون سہوترا شامل تھے۔
گورنر پنجاب نے صحافیوں کے خلاف لائے گئے پیکاایکٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اور آ زادی صحافت کیلئے قربانیاں دیں، پیپلز پارٹی کسی بھی ایسے بل کا حصہ نہیں بنے گی جو آ زادی صحافت میں رکاوٹ بنے، پیپلز پارٹی ایسے تمام اقدام کی مخالفت کرےگی جس سے صحافی برادری کو نقصان پہنچے اورپیکا ایکٹ کے خلاف تمام فورمز پر آواز اٹھائے گی۔
6
طالبان نے افغان لڑکیوں کو پاکستان میں رہ کر تعلیم حاصل کرنے کی ’مشروط‘ اجازت دیدی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک اہم پیش رفت میں طالبان حکومت نے افغان طالبات کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کردی۔
تاہم طالبان حکومت نے شرط عائد کی ہے کہ طالبات کے ساتھ ان کے محرم کو بھی پاکستان کا ویزا دیا جائے تاکہ یہ طالبات محرم کے ساتھ رہ سکیں۔طالبان کی جانب سے یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے ہی سیکڑوں افغان طلبا نے پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں میں گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ کے پروگراموں میں داخلے کے لیے ٹیسٹ میں بیٹھے تھے۔
پاکستان میں افغان مہاجرین نے پشاور اور کوئٹہ میں ان امتحانات میں حصہ لیا جب کہ افغانستان میں طلبا آنے والے دنوں میں آن لائن ٹیسٹ دیں گے۔


