اسلام آباد(ای پی آئی)معروف شاعر محسن نقوی کی 27ویںبرسی 15جنوری کو منائی جائے گی اس سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں تقریبات کا اہتمام کیاجائے گا جس سے اردو اور سرائیکی ادب سے وابستہ شخصیات اور دانشور خطاب کرتے ہوئے مرحوم محسن نقوی کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔

محسن نقوی 1955ء کو ڈیرہ غازی خان کے گائوں سادات میں پیدا ہوئے انہوں نے اپنی تعلیم ڈیرہ غازی خان،ملتان اور لاہورکے تدریسی اداروں سے حاصل کی یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ محسن نقوی کا اصل نام غلام عباس جبکہ محسن ان کا قلمی نام تھا لیکن وہ محسن نقوی کے نام سے مشہور ہوئے محسن نقوی کا شمار اردو ادب کے صف اول کے شعرا ء میں ہوتا ہے انہیں غزل آوارگی سے ملک گیر شہرت حاصل ہوئی۔

ان کی معروف ترین کتب میں ” عذاب دید ،خیمہ جاں،رخت شب،فرات فکر،روز حرف،برگ صحرا،بند قبا ” اور دیگر قابل ذکر ہیں وہ مسلک اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے ذاکر تھے وہ مرثیہ گوئی میں بھی ثانی نہیں رکھتے تھے۔محسن نقوی 15جنوری 1996ء کو لاہور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے۔