1
ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کو عہدے سے ہٹا دیا گیااحمد اسحاق جہانگیر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق احمد اسحاق جہانگیر کو اسٹیبلشمنٹ میں او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈی جی ایف آئی اے کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کی، یونان کشتی حادثے سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش نہ کرنے پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کیا تھا، دیگر اہم انکوائریز کو بروقت مکمل نہ کرنے پر بھی وزیراعظم شہباز شریف ڈی جی ایف آئی اے کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے۔
2
وزارت دفاع نے سویلینز کے ملٹری ٹرائل کیس کا ریکارڈ آئینی بنچ میں پیش کردیاسپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوئی، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے آرمی ایکٹ کے تحت ملٹری ٹرائل کے طریقہ کار پر دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ جج، ایڈووکیٹ جنرل حلف اٹھاتا ہے کہ غیر جانبداری کو برقرار رکھے گا، سپریم کورٹ اس سماعت میں ہر کیس کا انفرادی حیثیت سے جائزہ نہیں لے سکتی۔
انہوں نے استدلال کیا کہ سپریم کورٹ کے سامنے آرٹیکل 184 کی شق تین کا کیس عدالت کے سامنے نہیں ہے جس پر جسٹس جمال خان مندوخیل نے استفسار کیا کہ ملٹری ٹرائل کس بنیاد پر چیلنج ہو سکتا ہے؟ وکیل وزارت دفاع نے کہا کہ مجاز عدالت نہ ہو، بدنیتی پر مشتمل کارروائی چلے یا اختیار سماعت سے تجاوز ہو تو ٹرائل چیلنج ہو سکتا ہے، اگر ملٹری ٹرائل میں کوئی ملزم اقبال جرم کر لے تو اسے اسلامک قانون کے تحت رعایت ملتی ہے۔
خواجہ حارث نے کہا کہ 9 ملزمان میں سے 4 چشم دید گواہ ہیں، آپ اتنی تفصیل سے ملٹری کورٹس کی دستاویزات دیکھ رہی ہیں اور ایسے سوالات اٹھا رہی ہیں، کل کو اپیل آپ کے پاس آنی ہیں، آپ کو کیس کے میرٹ سے متعلق سوال نہیں پوچھنے چاہئیں کہ یہ معاملہ ابھی آپ کے پاس اپیل میں آنا باقی ہے۔
جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ میرے ذہن میں جو سوال بنتا ہے وہ میں کروں گی کسی کو اچھا لگے یا برا۔بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر مزید سماعت کل تک کیلئے ملتوی کر دی۔
3
وزیراعظم کی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات، اقتصادی امور پر تبادلہ خیال،وزیراعظم شہباز شریف کی امریکا سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار جینٹری بیچ کی قیادت میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد سے ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد اور امید افزا اقتصادی صلاحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان میں کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے سازگار کاروباری ماحول، تیزتر و پائیدار عمل درآمد اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون کو یقینی بنا کر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
4
190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر اعتراضات عائد کر دیا گیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کر کے اپیلیں واپس کر دیں۔
رجسٹرار آفس نے اعتراض دور کر کے اپیلیں دوبارہ دائر کرنے کی ہدایت کی ہے، اعتراض میں کہا گیا کہ اپیلوں کیساتھ سرٹیفکیٹ منسلک نہیں، یہ کیس کسی دوسری عدالت میں زیر سماعت نہیں، سرٹیفکیٹ لگایا جائے۔
5
پی ٹی آئی نے مینار پاکستان لاہور پر جلسے کی اجازت کیلئے درخواست دیدی۔چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف پنجاب عالیہ حمزہ نے ڈی سی آفس میں درخواست جمع کروائی۔
درخواست کے متن میں کہا گیا پاکستان تحریک انصاف 8 فروری کو مینار پاکستان پارک میں جلسہ کرنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دی جائے۔متن میں کہا گیا کہ عالیہ حمزہ، احمد خان بھچر اور علی اعجاز بٹر جلسہ کا انعقاد کریں گے۔
6
شراب و اسلحہ برآمدگی کیس: علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ برقرار،سینئر سول جج مبشر حسن چشتی نے علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کی، علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے، تاہم وزیر اعلیٰ آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
علی امین گنڈاپور کے پیش نہ ہونے پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے گئے ہیں۔پولیس کی جانب سے آج بھی تعمیلی رپورٹ عدالت میں پیش نہیں کی گئی۔اس موقع پر علی امین گنڈاپور کے وکیل ظہور الحسن نے کہا کہ ان کا موکل شریف بندہ ہے عدالت میں پیش ہو جائے گا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر وہ واقعی شریف ہیں تو پھر انہیں اشتہاری قرار دے دیتے ہیں۔وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ پنجاب بار کونسل کا الیکشن لڑ رہے ہیں اور انتخابی مہم میں مصروف ہیں، اس لئے لمبی تاریخ دی جائے۔اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پھر تو آپ چاہیں گے کہ تاریخ دسمبر کے بعد کی دی جائے، اس کے ساتھ ہی عدالت نے کیس کی سماعت 25 فروری تک ملتوی کر دی۔
7
پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی پہنچی امریکی خاتون کا واپس جانے سے انکار،ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق محبت میں ناکامی پر مایوس خاتون نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامہ آرائی کی، امریکی خاتون نے پہلے امیگریشن کرانے سے انکار کیا اور پھر ڈیپارچر لاؤنج سے جہاز میں سوار نہیں ہوئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ خاتون حیلے بہانے کر کے کراچی ایئرپورٹ پر امریکا واپسی سے کتراتی رہی، دلبرداشتہ خاتون نے پرواز کیو آر 611 سے براستہ دوحہ نیویارک جانا تھا۔پولیس اور ایئر پورٹ سکیورٹی فورس نے امریکی خاتون کو حفاظتی تحویل میں ڈیپارچر لاؤنج تک پہنچایا تاہم خاتون نے جہاز میں سوار ہونے سے انکار کر دیا اور جہاز میں سوار کرانے کی تگ و دو کی وجہ سے پرواز 36 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی ایس او پیز کی وجہ سے مسافر کو زبردستی پرواز میں سوار نہیں کرایا جا سکتا۔


