1
جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں 3 ملزمان کی درخواست بریت خارج ہوگئی جبکہ مزید ایک گواہ کا بیان قلمبند کرلیا گیا۔عدالت نے لائسنس معطل ہونے کے باوجود وکالت نامہ جمع کرانے پر مشال یوسفزئی کا کیس مزید انکوائری کے لئے بار کونسل خیبرپختونخوا کو بھجوا دیا اور کے پی بار کونسل کی انکوائری مکمل ہونے تک مشال یوسفزئی کے اس مقدمہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
بدھ کے روز انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کی جس کے دوران 3 ملزمان ناصر محفوظ ، سعد سراج اور نوید عمر ستی کی درخواست بریت خارج کردی گئی جبکہ کیس میں مزید ایک گواہ کا بیان قلمبند کرلیا گیا۔
عدالت نے ٹرائل میں بیٹھنے کی اجازت سے متعلق بشریٰ بی بی کی درخواست پر جیل سپریٹنڈنٹ سے جواب طلب کیا اور بانی پی ٹی آئی کی وکیل مشال یوسفزئی کا معاملہ بارکونسل خیبرپختونخوا کو بھجواتے ہوئے ان کے خلاف ریفرنس پر مزید انکوائری کرنے کی ہدایت کی۔عدالت نے بار کونسل کی انکوائری مکمل ہونے تک مشال یوسفزئی کے مذکورہ مقدمہ میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی۔آئندہ سماعت پر استغاثہ ڈیجیٹل شواہد انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرے گا
2
سعودی شہزادہ محمد بن فہد انتقال کر گئے۔ان کی نماز جنازہ آج (بدھ کو) ریاض کی جامع امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی گئی۔سعودی ایوان شاہی نے منگل کو شہزادہ محمد بن فہد بن عبد العزیز کے انتقال کی خبر جاری کی، ان کی عمر 75 برس تھی اور وہ سعودی شاہ فہد کے بیٹے تھے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ایوان شاہی نے اعلامیہ میں بتایا تھا کہ شہزادہ محمد بن فہد بن عبد العزیز کی نماز جنازہ بدھ کو ریاض کی جامع امام ترکی بن عبد اللہ مسجد میں عصر کی نماز کے بعد ادا کی جائے گی۔
3
صدر مملکت کے دستخط، پیکا ایکٹ ترمیمی بل قانون بن گیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نےپریوینشن آف الیکٹرونک کرائمز (پیکا) ایکٹ ترمیمی بل 2025 پر دستخط کر دیئے۔
بدھ کے روز ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ صدر مملکت آصف علی زداری نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 پر دستخط کر دیئے ہیں۔اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت کے دستخطوں کے بعد پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 قانون بن گیا ہے۔
4
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیرکوعہدے سے ہٹادیا گیا، انہیں ہٹانے کی وجوہات بھی سامنے آگئیں۔حکومت نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کو ان کے عہدے سے ہٹادیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت ڈی جی ایف آئی کی کارکردگی سے خوش نہیں تھی، احمد اسحاق جہانگیر ایف آئی اے میں احتساب اور اصلاحات کا ٹھوس نظام بنانے میں ناکام رہے، انسانی اسمگلنگ میں ایف آئی اے اہلکاروں کے ملوث ہونے کے کیسز میں بھی اضافہ ہوا۔
وزیراعظم ذاتی طور پر ڈی جی ایف آئی اے کی پیشہ وارانہ کارکردگی سے ناخوش تھے، ڈی جی، ایف آئی اے انسانی اسگلنک کی روک تھام کا ٹاسک مکمل کرنے میں ناکام رہے، ادارے پر مکمل اور مضبوط گرفت نہ ہونا بھی ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی فراغت کا باعث بنا۔
5
آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ جاری، پاکستان کے نعمان علی ٹاپ 5 میں پہنچ گئے۔سعود شکیل ایک درجہ تنزلی کے باوجود ٹاپ 10 میں موجود ہیں۔
آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی، جس کے مطابق بولرز میں بھارت کے جسپریت بومرا بدستور سرفہرست ہیں، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز دوسر، جنوبی افریقا کے کاگیسوو ربادا تیسرے، آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ چوتھے نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے نعمان علی ویسٹ انڈیز کیخلاف شاندار کارکردگی پر4 درجے ترقی کرکے کیریئر بیرسٹ 5ویں پوزیشن پر آگئے ہیں، ساجد خان بھی 2 درجے ترقی کے بعد 21 ویں نمبر پر آگئے جبکہ ویسٹ انڈین اسپنر جومیل وریکن 16 درجے کی لمبی چھلانگ لگا کر 25 ویں پوزیشن پر آگئے۔
6
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر اعتراضات لگا دیئے۔رجسٹرار آفس نے اپیلیں واپس کرتے ہوئے اعتراضات دور کرکے دوبارہ دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔
رجسٹرار آفس کے مطابق اپیلوں کے ساتھ ضروری سرٹیفکیٹ منسلک نہیں کیا گیا جس میں یہ بیان ہونا چاہیے کہ یہ کیس کسی دوسری عدالت میں زیر سماعت نہیں ہے۔ رجسٹرار آفس نے کچھ صفحات پر دستخط نہ ہونے کا بھی اعتراض اٹھایا ہے۔
7
سعودی عرب میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں سعودی ریال 4 پیسے مہنگا ہوگیا، روپیہ ایک پیسے اور بنگلہ دیشی ٹکا 11 پویشہ سستے ہوگئے۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں ریال 4 پیسے مہنگا ہوکر 74.31 روپے پر آگیا۔رپورٹ کے مطابق بھارتی روپے کے مقابلے میں ریال ایک پیسہ کمی سے 23.07 روپے پر آگیا، بنگلہ دیشی ٹکے کا نرخ بھی 11 پویشہ کمی سے 32.42 ٹکے پر پہنچ گیا۔