1
وفاق نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خدمات لینے کےلئے پنجاب حکومت سے رابطہ کرلیا۔ذرائع کا کہنا ہے پنجاب حکومت نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خدمات دینے سے انکار کردیا، وفاق کی جانب سے پہلے بھی دو بار رابطہ کیا گیا، لیکن بلاوجہ افسران کی تبدیلی قابل قبول نہیں، پنجاب نے وفاق کو آگاہ کیا۔
حکام کااپنے جواب میں کہنا تھا کہ ڈاکٹر عثمان انور بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں، اس لئے کوئی تبدیلی ضروری نہیں، یہ بات درست ہے کہ ہم ڈاکٹر عثمان انور کی خدمات دینے سے انکار کردیا۔
2
مشیر وزیر اعظم رانا ثنا اللہ سے قازقستان کے سفیر یرژان کستافین کی ملاقات،پارلیمانی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ، کرن عمران ڈار کی بھی ملاقات میں شریک تھیں، ملاقات کے دوران پاکستان اور قازقستان کے درمیان باہمی دلچسپی و تعاون کے دو طرفہ امور زیر بحث آئے۔اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں میں کھیل، سیاحت، علاقائی رابطہ اور ثقافت کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں قازقستان کی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہیں، سیاحت اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون سے پاکستان اور قازقستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
قازق سفیر یرژان کستافین نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین سپورٹس کے شعبے میں ایم او یو، جوائنٹ انٹر گورنمنٹ کمیشن کی میٹنگ میں سائن ہو گا۔ پاکستان قازقستان کا ایک اہم سٹریٹجک پارٹنر ہے، کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لئے قازقستان انٹر نیشنل کوچز کو پاکستان بھیجے گا۔
3
گورنر پنجاب نے مختلف نوعیت کے 12 بلوں کی منظوری دے دی۔سردار سلیم حیدر نے پنجاب متبادل تنازعہ حل (ترمیمی) بل 2025، پتنگ بازی کی پنجاب ممانعت (ترمیمی) بل،.مجرموں کا پروبیشن (ترمیمی) بل ، پنجاب ایجوکیشن، نصاب، ٹریننگ اور اسیسمنٹ اتھارٹی بل منظور کیا ۔
اسی طرح پنجاب پروٹیکٹڈ ایریاز (ترمیمی) بل، پنجاب وائلڈ لائف (تحفظ اور انتظام) (ترمیمی) بل، پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی بل، .ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی راولپنڈی (ترمیمی) بل ، پنجاب اسٹیبلشمنٹ آف سپیشل کورٹس (اوورسیز پاکستانی پراپرٹی) بل کیا گیا۔
4
عورت مارچ سے متعلق درخواست پر ضلعی انتظامیہ سے جواب طلب،لاہور ہائیکورٹ میں خواتین کے 12 فروری کو عورت مارچ کرنے کے پروگرام سے متعلق احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس انوار حسین نے خواتین لینہ غنی، نیلم حسین ، فاطمہ جان اور شیرین عمیر کی درخواست پر سماعت کی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان پیش ہوئے۔درخواست گزار خواتین کی جانب سے ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی آپریشنز اور سی ٹی او کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ ڈی سی لاہور کو عورت مارچ کیلئے اجازت کی درخواست دی لیکن ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔
دوران سماعت درخواست گزاروں کی جانب سے ایڈووکیٹ ذیشان ظفر ہاشمی نے موقف اختیار کیا کہ عورت مارچ درخواست گزاروں کا بنیادی حق ہے، کسی شہری کو پرامن احتجاج سے نہیں روکا جا سکتا۔ایڈووکیٹ ذیشان ظفر ہاشمی نے کہا کہ درخواست گزاروں کی جانب سے ڈی سی لاہور کو 10 جنوری اور 14 جنوری کو 12 فروری کو لاہور پریس کلب سے ایجرٹن روڈ تک منعقد ہونے والے عورت مارچ کی سکیورٹی اور تعاون کیلئے درخواستیں دائر کی گئیں۔
دوران سماعت استدعا کی گئی کہ عدالت ڈی سی آفس سمیت دیگر فریقین کو شوکاز نوٹس جاری کرے، فریقین کو ذاتی حیثیت میں طلب کرے اور کارروائی کے بعد توہین عدالت کی سزا سنائے، عدالت 2023 کے عورت مارچ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے فریقین کو ہدایت جاری کرے۔بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے عورت مارچ سے متعلق احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا سمیت دیگر سے 3 فروری تک جواب طلب کر لیا۔
5
انٹربینک میں آج روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 6 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 278 روپے 87 پیسے پر بند ہوا۔