1
امریکا؛ فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارہ تصادم کے بعد دریا میں گر کر تباہ؛ 18 لاشیں برآمد،غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا جہاں آرمی بلیک ہاک سے تصادم کے بعد طیارہ دریائے پوٹومیک میں گر کر تباہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کے شکار امریکن ایئرلائنز کے جیٹ طیارے میں 64 افراد سوار تھے۔ دریا میں سے اب تک 18 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔وفاقی حکام کے مطابق طیارہ بدھ کی شام آرمی کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا، حادثے کے بعد واشنگٹن ڈی سی کے رونالڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے اندر اور باہر پروازیں روک دی گئیں۔
2
عثمان خواجہ کی پہلی مرتبہ ٹیسٹ میں ڈبل سنچری، اہم ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔انہوں نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ڈبل سنچری اسکور کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ عثمان خواجہ پہلے آسٹریلوی بلے باز ہیں جنہوں نے سری لنکا کی سرزمین پر ڈبل سنچری بنائی۔
اڑتیس سالہ آسٹریلوی اوپنر نے 290 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ڈبل سنچری اسکور کی۔عثمان خواجہ سے قبل سابق آسٹریلوی کھلاڑی مارک ٹیلر، گریگ چیپل، ڈین جونز، میتھیو ہیڈن اور جیسن گلیسپی ایشیا میں ڈبل سنچری اسکور کر چکے ہیں۔ اس طرح، ایشیا میں ڈبل سنچری بنانے والے وہ چھٹے بلے باز ہیں۔
3
ملک میں پیٹرولیم مصنوعات ایک بار پھر سے مہنگی ہونے کا خدشہ، اضافہ 6 روپے فی لیٹر تک ہوسکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق پیٹرول ایک روپے 24 پیسے اور ڈیزل 4 روپے 49 پیسے تک مہنگا ہونے کا خدشہ ہے، لائٹ ڈیزل آئل 5 روپے 93 پیسے، مٹی کا تیل 5 روپے تک مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے باعث ملکی سطح پر قیمتیں بڑھیں گی۔رپورٹ کے مطابق انڈسٹری نے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق ورکنگ اوگرا کو بجھوا دی، اوگرا عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں کا تعین 31 جنوری کو کرے گا۔
4
اسرائیلی فضائی کارروائی میں ترکیے کے 3 شہری شہید،ترک وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ ہم اس غیرقانونی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں 3 شہری شہید ہوگئے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ شہید ہونے والے شہریوں کے جسد خاکی واپس لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ترک وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ جس طرح ہم ہر موقع پر زور دیتے ہیں کہ اسرائیل کو یہ جارحانہ پالیسیاں فوری طور پر ترک کردینا چاہیے کیونکہ ان پالیسیوں سے انسانی زندگیوں کی بے حرمتی ہوتی ہے اور خطے میں کشیدگی بھی بڑھ جاتی ہے۔
5
اسرائیلی وحشیانہ کارروائی میں 10 فلسطینی شہید، قیدیوں کے تبادلے کا تیسرا مرحلہ آج ہوگاعرب میڈیا کے مطابق تازہ ترین کارروائی مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے تممون میں کی گئی۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 10 فلسطینی شہید ہو گئے جب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ علاقے میں کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔
دوسری جانب حماس اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت اسرائیل 30 بچوں سمیت 110 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا اور حماس غزہ کے 8 یرغمالیوں کو رہا کرے گی۔رپورٹ کے مطابق حماس کی تحویل میں موجود 8 افراد میں 5 تھائی شہری اور تین اسرائیلی شامل ہیں۔حماس اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کے تحت آج تحویل میں موجود افراد کے تبادلے کا تیسرا مرحلہ ہوگا۔
6
سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کے دوران وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل مکمل کرلیے۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بینچ مقدمے کی سماعت کر رہا ہے۔
وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آج میں اپنے دلائل ختم کرلونگا، آئین میں عدالتوں کا ذکر آرٹیکل 175 میں ہے، فوجی عدالتیں الگ قانون کے تحت بنتی ہیں جو تسلیم شدہ ہے۔جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 175 کے تحت بننے والی عدالتوں کے اختیارات وسیع ہوتے ہیں، مخصوص قانون کے تحت بننے والی عدالت کا دائرہ اختیار بھی محدود ہوتا ہے، گزشتہ روز میری بات سے کنفیوژن پیدا ہوئی، میڈیا کی فکر نہیں لیکن کچھ ریٹائرڈ ججز نے مجھے فون کرکے رابطہ کیا، وضاحت کرنا چاہتا ہوں کل فیصلہ نہ ماننے کے حوالے سے ججز کا نہیں افراد کا ذکر کیا تھا۔
وقفے کے بعد سماعت شروع ہوئی تو بلوچستان حکومت کے وکیل سکندر بشیر مہمند روسٹرم پر آگئے، جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ آپ کیسے بلوچستان حکومت کی نمائندگی کر سکتے ہیں جسٹس محمد علی مظہر نے پوچھا کہ کوئی رولز آف بزنس یا قانون بتا دیں نجی وکیل حکومت کی نمائندگی کیسے کرتا ہے،وکیل بلوچستان حکومت نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں جس میں نجی وکیل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
7
سویلینز کا ملٹری ٹرائل کیس: جسٹس جمال مندوخیل کی اپنے گزشتہ روز کے ریمارکس پر وضاحت،سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کے دوران وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل مکمل کرلیے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بینچ مقدمے کی سماعت کر رہا ہے۔آج سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ گزشتہ روز میری بات سے کنفیوژن پیدا ہوئی، میڈیا کی فکر نہیں لیکن کچھ ریٹائرڈ ججز نے مجھے فون کرکے رابطہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کل خبر چلی میں نے کہا 8 ججز کےفیصلے کو 2 ججز غلط کہہ دیتے ہیں، وضاحت کرنا چاہتا ہوں کل فیصلہ نہ ماننے کے حوالے سے ججز کا نہیں افراد کا ذکر کیا تھا۔جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا تھا کہ کہنا چاہ رہا تھا کہ 8 ججز کے فیصلے کو 2 افراد کسی محفل میں کہہ دیتے ہیں کہ ایسا ہے ویسا ہے، کچھ میڈیا کے ساتھیوں نے اسے غلط انداز میں رپورٹ کیا، 21ویں آئینی ترمیم اس لیے ہوئی کیونکہ ملک حالت جنگ میں تھا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 175 کے تحت بننے والی عدالتوں کے اختیارات وسیع ہوتے ہیں، مخصوص قانون کے تحت بننے والی عدالت کا دائرہ اختیار بھی محدود ہوتا ہے۔
8
ٹرمپ کا حماس کے حق میں مظاہرے کرنے والے طلبہ کے خلاف بدترین اقدام کا فیصلہ،خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل مخالف مؤقف کے تدارک اور شہریت کے بغیر تعلیم حاصل کرنے والے کالج طلبہ کے بے دخلی اور فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں میں حصہ لینے والے دیگربیرونی شہریوں کے خلاف ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کریں گے۔
ٹرمپ کے آرڈر کے حوالے سے جاری فیکٹ شیٹ میں بتایا گیا کہ ٹرمپ جسٹس ڈپارٹمنٹ کو دہشت گردی کے خطرات، آگ لگانے اور امریکی یہودیوں کے خلاف کشیدگی پھیلانے والوں کے خلاف جارحانہ انداز میں سزائیں دینے کا حکم جاری کریں گے۔فیکٹ شیٹ میں ٹرمپ نے بتایا کہ وہ تمام شہری جو دوسرے ممالک سے تعلق رکھتے ہیں اور پروجہاد مظاہروں میں شرکت کرچکے ہیں ہم ان کو نوٹس پر رکھیں گے۔
9
بگ باس سے دوبارہ آفر ملی مگر ٹھکرا دی، وینا ملک کا انکشاف، اگر موقع ملے تو کوئی بھی اداکار بالی ووڈ کے خانز کے ساتھ کام کرنا پسند کرے گا، لیکن وہ خاص طور پر شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت میں گزارے گئے وقت کے دوران ان کی ملاقاتیں کئی مشہور بالی ووڈ ستاروں سے ہوئیں، جن میں خانز بھی شامل ہیں۔وینا نے انکشاف کیا کہ وہ سلمان خان سے ان کے فارم ہاؤس پر بھی مل چکی ہیں، تاہم انہوں نے کبھی ان ملاقاتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کیا۔
وینا ملک نے مزید کہا کہ انہیں دوبارہ بگ باس میں شرکت کی پیشکش ہوئی تھی لیکن انہوں نے اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے یہ موقع ٹھکرا دیا۔


