1
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ امریکا نے 90 روز کیلئے امدادی پروگرام روکے ہیں تاکہ ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔امید ہے کہ امدادی پروگرام دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔ یو ایس اے آئی ڈی سمیت مختلف امریکی ادارے پاکستان میں کام کررہے ہیں۔ امید کرتے ہیں کہ تمام ادارے پاکستان میں اپنےمنصوبوں پر جلد کام شروع کریں گے۔
امریکا سے تارکین وطن کو نکالنے کا فیصلہ نئے ایگزیکٹو آرڈر کا حصہ ہے۔ حکومت وزارت داخلہ کی مدد سے ایسے پاکستانیوں کے کیسز میں مدد کرے گی۔چین کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی جتنی قدیم ہے اتنی ہی مضبوط ہے۔
2
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کےساتھ مذاکرات کیلئے ہم نے اپوزیشن کی پیشکش قبول کی تھی مگر پی ٹی آئی 28 جنوری کو کمیٹی میٹنگ میں شرکت سے بھاگ گئی۔ملک کسی انتشار سے مزید نقصان کامتحمل نہیں ہوسکتا، ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں، چاہتے ہیں ملک آگے چلے۔
کھلے دل سے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات میں بیٹھے، سچےدل سےتیارہیں کہ مذاکرات آگےبڑھیں، ہاؤس کمیٹی کیلئے تیارہیں، ہاؤس کمیٹی2014کے دھرنے کابھی احاطہ کرے، 2018 میں تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کی ایک میٹنگ بھی نہیں ہوئی۔
ابھی ہم نے میجرحمزہ اسرار شہید کا جنازہ پڑھا ہے، میجرحمزہ اسرارشہید نے خوارج کامقابلہ کیا، حمزہ اسراراورسپاہی محمدنعیم نےجام شہادت نوش کیا، افواج پاکستان کے جوان اورافسران قربانیاں دےرےہیں، قربانیوں کی تکریم اورتوقیر ہم سب کافرض ہے، امن نہیں ہوگا تو ملک میں ترقی کاخواب ادھورارہ جائے گا۔وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال
3
لاہور میں پانچ پولیس اہلکار ایک ہزار روپے کے لیے معطل ہوگئے۔شہری کی جیب سے تلاشی کے دوران ایک ہزار کا نوٹ نکالنے والے انکوائری میں قصور وار ثابت ہوگئے۔پولیس کےمطابق قلعہ گجرسنگھ کی حدود میں ناکہ لگائے پولیس اہلکاروں نے آزاد کشمیر کے رہائشی کی جیب سے تلاشی کےدوران ایک ہزار روپےنکال لیے،شہری نے ون فائیو پر کال کی تو اہلکاروں نے دباؤ ڈال کر جعلی کال کا بیان ریکارڈ کروا لیا۔
ایس پی سول لائن نےواقعےکی انکوائری کی تو پولیس اہلکار قصور وار پائے گئے،جس پر تین ہیڈ کانسٹیبلز اوردو کانسٹیبلز کو معطل کردیا گیا۔
4
وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ مالی سال 2025 کے پہلے 6 ماہ میں مہنگائی کی شرح 7.2 فیصد رہی، جو گزشتہ سال 28.8 فیصد تھی۔ دسمبر 2024 میں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد ریکارڈ کی گئی جو 80 ماہ (اپریل 2018 سے) کی کم ترین سطح ہے۔
وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شرح تبادلہ کے استحکام، مالیاتی نظم و ضبط اور بہتر سپلائی نے مہنگائی کم کرنے میں مدد دی جبکہ غیر قانونی فارن ایکسچینج کمپنیوں، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائیاں بھی اس کامیابی کی کڑی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایس پی آئی میں جنوری 2025 کے آخری 4 ہفتوں میں مسلسل کمی آئی۔ 23 جنوری 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے میں میں 0.77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ 51 اشیا میں سے 12 کی قیمتوں میں کمی، 14 کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 25 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
5
سپریم کورٹ میں ججزتعیناتی کیلئےجوڈیشل کمیشن کا 11 فروری کا اجلاس رکوانے کیلئےمتفرق درخواست دائر کر دی گئی۔متفرق درخواست لاہورہائیکورٹ بارکی جانب سےدائرکی گئی،درخواست میں موقف اختیارکیاگیا کہ 26 آئینی ترمیم کیس میں عدالت فریقین کونوٹس جاری کرچکی، 26ویں ترمیم سماعت کے بعد سپریم کورٹ میں ججز تعیناتی کیلئےجوڈیشل کمیشن اجلاس بلایا گیا۔تاثر ہے 26ویں ترمیم کے بعدسپریم کورٹ میں تعینات ہونےوالےججز آزاد نہیں ہوں گے،جوڈیشل کمیشن کا اجلاس مؤخرکرنے کا حکم دیا جائے۔
6
ایف بی آر کے نوٹیفکیشن سے جائیداد کی رجسٹریشن کا عمل رکنے کا دعویٰ،یہ الجھن 29 اکتوبر 2024 کو جاری ہونے والے ایف بی آر کے نوٹیفکیشن ایس آر او کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے، جو کثیر المنزلہ جائیدادوں کے ایف ایم وی کے تعین کے لیے واضح رہنما اصول فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے، جو ایس آر او 345 (آئی)/2022 کے تحت قائم سابقہ فریم ورک سے نمایاں طور پر مختلف ہے، جس میں جائیداد کی مختلف اقسام کے لیے مخصوص فارمولے موجود تھے۔
مسلسل غیر یقینی صورتحال سے حکومتی محصولات کی وصولی پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، ایف بی آر پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پراپرٹی مارکیٹ میں مزید خلل کو روکنے کے لیے ہر پراپرٹی کی قسم کی عملی مثالوں کے ساتھ فوری وضاحت جاری کرے۔
7
سوئیڈن میں قرآنِ کریم کی بے حرمتی کرنے والے شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیاغیر ملکی میڈیا کےمطابق قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے عراقی نژاد ملعون سلوان صباح مومیکا کو مبینہ طور پر سوئیڈن کے شہر سودر تلجے میں اس کے اپارٹمنٹ میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کےمطابق سلوان صباح مومیکا کو مبینہ طور پر بدھ کی رات فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ، پولیس نے پوچھ گچھ کے لیے پانچ مشتبہ افراد کو تحویل میں لے لیا۔