1
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورکے بعد لاہور دوبارہ پہنچ گئی۔ٹرافی اس سے پہلے پاکستان میں 16 سے 25 نومبر تک پاکستان آئی تھی۔ذرائع کے مطابق ٹرافی 7 فروری کو قذافی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب میں اور 11 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب نمائش کے لیے رکھی جائے گی۔
ٹرافی 31 جنوری سے 2 فروری تک شیخوپورہ، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور کا دورہ کرے گی۔ ٹرافی 3 فروری کو لاہور واپس آئے گی اور 5 فروری کو سرگودھا کا ٹور کرے گی۔بعدازاں ٹرافی 6 فروری کو پشاور اور اسلام آباد کا دورہ کرے گی۔ٹرافی پاکستان کے دوسرے مرحلے کا دورہ 15 فروری کو ختم کرے گی۔
2
پی آئی اے سے متعلق سابق وزیر کے متنازع بیان کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری، جو کہ مذکورہ مبالغہ آرائی پر مبنی بیان کے محرکات کا پتا چلائے گی اور اس بیان کے نتیجے میں قومی ائیر لائن اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا بھی تخمینہ لگائے گی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔وفاقی کابینہ کو وزارت قانون انصاف کی جانب سے 2020 میں پارلیمنٹ میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائین کے پائلٹس کے حوالے سے دئے گئے بیان پر بریفنگ دی گئی-
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایک سابق وفاقی وزیر کی جانب سے پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائینز کے پائلٹس کے حوالے سے دیا گیا بیان غیر ذمہ دارانہ اور مبالغہ آرائی پر مبنی تھا جس سے نہ صرف ملک اور قومی ائیر لائین کا تشخص شدید متاثر ہوا بلکہ قومی خزانے کو بھی شدید نقصان ہوا۔
بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی سفارش پر مڈل ایسٹ گرین انیشیئیٹو کے چارٹر کی توثیق کر دی-اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان مذکورہ چارٹر کے بانی اراکین میں سے ہے، اس انیشئیٹو کے تحت 200 ملین ہیکٹرز زمینی رقبے کی بحالی کی جائے گی اور 50 بلین درخت اگائے جائیں گے۔
بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر حکومت پاکستان اور یورپین یونین کے مابین ٹیرف ریٹس کوٹہ کی تقسیم کے حوالے سے معاہدے کی منظوری دے دی۔
3
سوشل میڈیا پر مذہبی توہین آمیزمواد پھیلانے پر 2 ملزمان کو سزائے موت سنادی گئی۔سزائے موت اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے سنائی، ملزمان کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد پھیلانے پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد میں مقدمہ درج تھا۔
ملزمان ایاز بن طارق اور آفاق احمد کو دفعہ 295 سی میں سزائے موت اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔ملزمان کو دفعہ 295 بی میں عمر قید،دفعہ 298 اے میں تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔
ملزمان کو پیکا کی سیکشن 11 میں 7 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی، ملزمان کے خلاف 2021 میں ایف آئی اے سائبر کرائم سیل اسلام آباد نے مقدمہ درج کیا تھا۔
4
گاڑی کی ڈگی لاش ملنے کا معما حل، قریبی دوست ہی قاتل نکلے۔چند روز قبل اے آر بازار تھانے کی حدود میں گاڑی کی ڈگی سے ملنے والی لاش کا معما پولیس نے حل کرلیا، جس میں مقتول عبدالوہاب کے قریبی دوست ہی قاتل نکلے۔
پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان میں علی حسین، غلام حبیب اور فرید شامل ہیں، جنہوں نے معمولی رنجش اور تلخ کلامی پر اپنے دوست عبدالوہاب کو قتل کیا۔ ملزمان نے اپنا جرم چھپانے کے لیے لاش کو گاڑی کی ڈگی میں بند کر کے گاڑی تھانہ اے آر بازار کے علاقے میں کھڑی کردی تھی۔
5
گاڑیوں کا معاملہ اٹھانے پر ایف بی آر افسران نے قتل کی دھمکیاں دیں، فیصل واوڈا کا انکشاف، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال، کمیٹی کے ارکان اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایف بی آر افسران کی 1010 گاڑیاں خریدنے کے لیے معاہدے پر گرما گرمی ہوئی۔سینیٹر فیصل واوڈا نے انکشاف کیا کہ انہوں نے گاڑیوں کا معاملہ اٹھایا ہے تو انہیں ایف بی آر افسران نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جس کے شواہد موجود ہیں انہوں نے چند ایف بی آر افسران کے نام بھی لیے اور کہا کہ ایف بی آر کے 54 کرپٹ لوگوں کی لسٹ تیار کی ہے وہ دینے کو تیار ہوں۔
چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے فیصل واوڈا کی تائید کی اور کہا کہ یہ سنجیدہ معاملہ ہے آپ رکن پارلیمنٹ ہیں اور ایک اہم فورم کی نمائندگی کرتے ہیں اگر آپ کو دھمکی ملی ہے تو کل مجھے بھی مل سکتی ہے، اس معاملے کو ایسے ہی نہیں چھوڑا جائے گا، دھمکی کا معاملہ کرمنل انکوائری کیلئے انویسٹی گیشن ایجنسی کو بھجوایا جائے۔میں نے اپنی حکومت کے دور میں بھی ایسے معاملات کو فیس کیا ہے میں چاہتا ہوں اس معاملے میں وقت ضائع نہ کیا جائے۔
6
سرفرازاحمد ایک مرتبہ پھر پاکستان کی نمائندگی کیلیے تیار،پاکستان چیمپیئنز نے ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کے دوسرے ایڈیشن کے لیے سابق کپتان سرفراز احمد سے باقاعدہ معاہدہ کر لیا ہے۔قومی ٹیم کے سابق کپتان ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
7
ٹک ٹاک بنانے کے شوق نے ایک اور نوجوان کی زندگی نگل لی۔شاد باغ کے علاقے میں عبدالرحمٰن نامی نوجوان ٹک ٹاک بناتے ہوئے پستول سے اچانک گولی چلنے سے جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔نوجوان اپنی والدہ کے ساتھ ایک رشتے دار کی رسم چہلم میں شرکت کے لیے آیا تھا۔
8
ٹرمپ کوعدالتی محاذ پر شکست، پاکستانی نژاد امریکی خاتون جج کا اہم فیصلہ،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وفاقی فنڈنگ روکنے کا حکم عدالت میں چیلنج ہوا تھا۔جسے پاکستانی نژاد وفاقی خاتون جج نے قبول کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف فیصلہ سنایا۔
اس فیصلے کی بنیاد پر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا صدارتی حکمنامہ منسوخ کرنا پڑا۔اس عدالتی شکست پر ترجمان وائٹ ہاوس نے وضاحت کی کہ صدر ٹرمپ نے تمام اقدامات قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اُٹھائے ہیں۔ترجمان وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ اس فیصلے پر مزید عدالتی جنگ لڑنے کے لیے تیار ہیں۔
9
خدیجہ شاہ کی حفاظتی مقدمات میں توسیع، کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم،عدالت نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے خدیجہ شاہ کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلاب بھی مانگ لیں۔
پی ٹی آئی خاتون رہنما خدیجہ شاہ کی مقدمات تفصیل کے لئے دائر درخواست پر پشاور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ یہ سماعت جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے کی۔
خدیجہ شاہ کے وکیل عالم خان ادینزیی ایڈووکیٹ نے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف اسلام آباد اور پنجاب میں مقدمات درج کیے گئے ہیں، درخواست گزار کے خلاف کوئی مقدمہ ہوں تو اس کی تفصیلات دی جائیں۔
عدالت نے خدیجہ شاہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے خدیجہ شاہ کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کردی اور درخواست گزار کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دےدیا۔عدالت نے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت سے خدیجہ شاہ کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹ طلب کرلی۔بعدازاں عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔