اسلام آباد(ای پی آئی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی جو کہ اس وقت اعلی سطحی پارلیمانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں نے آسٹریا کی قومی کونسل کے صدر والٹر روزن کرینز سے ایک اہم ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون سمیت پارلیمانی روابط، عوامی رابطہ کاری سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی 2025-26 کے لیے کینڈیڈیچر کی حمایت پر اسٹریا کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی اسی جذبے کے ساتھ اسٹریا کی حمایت کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کے نظام کی کارکردگی کو بڑھانے کے لئے باہمی تعاون کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عالمی امن ، سلامتی اور ترقی کے لئے بہتر انداز میں کام کیا جاسکے ۔
ملاقات کے دوران ، چیئرمین سینیٹ نے صدر روزن کرانز کو پاکستان کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔ جسے آسٹریا کی قومی کونسل کے صدر نے قبول کیا ۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آسٹریا میں مستقبل کے پارلیمانی وفود میں کاروباری شعبے کے نمائندوں کو حکومت سے کاروبار (جی 2 بی) اور بزنس ٹو بزنس (بی 2 بی) تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے شامل ہونا چاہئے ، اس طرح دونوں ممالک کے مابین معاشی اور تجارتی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔
دونوں رہنماؤں نے اعلی تعلیم ، ٹکنالوجی ، قابل تجدید توانائی اور صنعتی ترقی جیسے کلیدی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے ںھی اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ رہنماؤں نے پارلیمانی سفارتکاری کو بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ ادارہ جاتی تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جایا جا سکے ۔
چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بین الپارلمانی تعاون کو فروغ دینے اور پالیسی سازی کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کے لیے وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا انتہائی اہم ہے اور ہمیں پارلیمانی سفارت کاری سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پاکستان آسٹریا پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ ایوان بالا میں قائم کیا گیا ہے اور یہ گروپ قانون سازی اور پالیسی سازی میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے کوشاں ہے چیئرمین سینیٹ نے آسٹریا کی جانب سے بھی اس طرز کے پارلمانی فرینڈشپ گروپ کی تشکیل کی تجویز دی۔
دونوں نے موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی جیسے بین الاقوامی چیلنجوں سے نمٹنے کی اہمیت کو تسلیم کیا۔
چیئرمین سینٹ نے ان شعبوں میں مشترکہ کاوشوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان اسٹریا کی کلین ٹیکنالوجی کی مہارت سے استفادہ کر سکتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ اور آسٹریا کی نیشنل کونسل کے صدر روزن کرانز نے عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے میں تعلیمی اور ثقافتی تبادلے کے کردار پر بھی زور دیا۔ انھوں نے ثقافتی اور سیاحت میں پاکستان کی وسیع صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے اور دوطرفہ سیاحت اور طلباء کے تبادلے کو فروغ دینے کے لئے ویزا پالیسیاں اور براہ راست رابطے سمیت سفر ی سہولت کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔
دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی رابطوں، معاشی تعاون ، اور مشترکہ عالمی اقدامات کے ذریعے پاکستان-آسٹریا کے تعلقات کو گہرا کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔