اسلام آباد(ای پی آئی)اوزیراعظم میاں محمد شہبازشریف کاپاکستان مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد اورسابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
تینوں رہنمائوں کے درمیان پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل سے پیداہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعظم شہبازشریف گورنر پنجاب انجینئر میاں محمد بلیغ الرحمان کو کچھ اہم ہدایات دیں گے۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی جانب سے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملہ پر وزیر اعظم شہبازشریف اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ۔
ٹیلی فونک گفتگو میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کی صورت میں پیداہونے والی ممکنہ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس معاملہ پر بھی بات ہوئی کہ اگر ممکنہ طور پر مارچ یا اپریل میں عام انتخابات ہوں تو (ن)لیگ کی کیا حکمت عملی ہو گی اور کتنی پوزیشن مضبوط بنائی جاسکتی ہے اورپہلے ہونے والے سرویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی طے پایا کہ مریم نوازشریف کب پاکستان واپس آئیں گی اور اگر اسمبلیاں تحلیل ہوں گی تو نوازشریف کو کب واپس آکر پنجاب میں سیاسی معاملات کو آگے لے کرچلنا چاہیئے۔ نوازشریف سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد وزیر اعظم شہبازشریف نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ جبکہ وزیر اعظم شہبازشریف، گورنر پنجاب کو ٹیلی فون کرکے ان سے تبادلہ خیال کریں گے اورانہیں کچھ اہم ہدایات دیں گے۔


