1
کراچی؛ طالبات کی فیس لیکر فرار سرکاری کالج سپرنٹنڈنٹنٹ نے زہریلی دوا پی لی۔پولیس کے مطابق گورنمنٹ کالج فار ویمن ناظم آباد سے طالبات کی فیس لے کر فرار ہونے کے معاملے میں اہم موڑ آیا ہے۔ کالج کا سپرنٹنڈنٹ نفیس امتحانی فیس کی 9 لاکھ روپے سے زائد رقم لے کر فرار ہوا تھا، جس کے بعد پولیس نے ان کی گرفتاری کے لیے گھر پر چھاپا مارا۔
ایس آئی یو رضویہ پولیس کے مطابق ملزم نے گرفتاری کے خوف سے زہریلی دوا پی لی، جس پر ملزم نفیس کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ملزم کے معدے کو صاف کر دیا گیا اور اب حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسپتال سے ڈسچارج کے بعد ملزم سے رقم کی برآمدگی کے لیے تفتیش کی جائے گی۔
2
اسپیکر ایاز صادق کا مذاکراتی کمیٹی برقرار رکھنے کا فیصلہ،ذرائع اسپیکر آفس کے مطابق تحریک انصاف اور حکومت کی طرف سے مذاکراتی کمیٹیاں تحلیل کی جاچکی ہیں، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ابھی تک مذاکراتی کمیٹیوں کو باقاعدہ ڈی نوٹیفائی نہیں کیا۔ذرائع کے مطابق اسپیکر ایاز صادق اب بھی مذاکرات جاری رکھنے کے خواہاں ہیں،
3
26 نومبر احتجاج، بشریٰ بی بی کی 31 مقدمات میں ضمانت میں توسیع،بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں پیش نہ کیا گیا۔ بشریٰ بی بی کی عدم پیشی پر عدالت نے ضمانت میں 8 فروری تک توسیع کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کو تمام مقدمات شامل تفتیش کرنے کا حکم دیا۔
بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر آئندہ سماعت بھی اڈیالہ جیل میں کی جائے گی۔
4
وزیراعلیٰ کے پی کا کرپشن کے خلاف بڑا ایکشن، سخت اقدامات کا آغاز،کے پی حکومت کی جانب سے نئے اینٹی کرپشن ایکٹ کی منظوری کے بعد ہرکرپٹ شخص کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، چوروں، لٹیروں اور بدعنوان مافیا کے خلاف بلا تفریق احتساب کا آغاز کیا جائے گا۔
کے پی حکومت کے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبر پختونخوا میں محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے اہم اقدامات کیے گئے ہیں:کنوکشن ریٹ میں زبردست اضافہ کرکے موجودہ 2 کے بجائے 70 سے 80 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
لوٹی گئی دولت کی واپسی کے لیے براہ راست 50 کروڑ اور بالواسطہ 5 ارب روپے کی ریکوری کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔شفاف احتساب کے لیے سیاسی مداخلت سے پاک اور غیر جانب دار اینٹی کرپشن فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
5
وفاقی وزیر تعلیم و ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کا بحران 2024 نہیں بلکہ 2018 کے الیکشن کی وجہ سے ہے۔سیاسی بحران نے معاشی بحران بھی پیدا کیا ہوا ہے، پاکستان میں ٹریڈ ڈیفیسٹ نہیں ٹرسٹ ڈیفیسٹ کا مسئلہ ہے۔
برسوں سے سندھ میں کوٹہ سسٹم لگایا ہوا ہے، جن کے پاس اقتدار کبھی نہیں رہا مگر اختیار پورا رہا ہے، کراچی کا حق ادا کریں گے، 2018 میں جو آئے انہوں نے کراچی کے لیے آواز بلند نہیں کی۔ پاکستان میں جمہوریت کی ضرورت ہے، لنگڑی جمہوریت پاکستان کا مسئلہ حل نہیں کرسکتی، اب کراچی میں اس مرتبہ فنڈز ضائع نہیں ہونے دیں گے۔جامعہ بنوریہ امتحانی مرکز کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو
6
ادائیگی نہ ہونے پر 3 پاکستانی بنگلادیش پریمئیر لیگ چھوڑ گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش پریمئیر لیگ کی فرنچائز دربار راجشاہی نے پاکستان کے سعد نسیم، اسسٹنٹ کوچ افتخار انجم اور تجزیہ کار فیصل سمیت فرنچائز سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔
دربار بادشاہی کے کھلاڑیوں نے پہلے ہی پریکٹس سے انکار کرکے تنخواہوں میں تاخیر کے خلاف احتجاج کیا تھا لیکن انہیں لیگ اور بنگلادیش کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے حل کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔پلئیر سمیت معاون عملے کے دو اراکین نے اپنے خدشات سے متعدد بار فرنچائز کو آگاہ کیا لیکن کوئی حل نہ ہونے پر لیگ کو خیرباد کہہ دیا۔
7
حماس نے مزید 2 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق آج رہائی پانے والوں میں اوفر کالڈیرون، کیتھ سیگل اور یارڈن بیباس شامل ہیں۔
فلسطینی قیدیوں سے متعلقہ سوسائٹی نے کہا کہ غزہ میں قیدیوں کے چوتھے تبادلے میں 183 فلسطینی اسیران کو اسرائیلی جیلوں سے آزاد کر دیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق براہ راست ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا کہ حماس نے غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی یرغمالیوں کو ہلال احمر کے عہدیداروں کے حوالے کیا۔
8
حکومت نے رئیل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ کے شعبے میں عوام کے لیے مراعات کا پیکیج تیار کرلیا۔وزارت ہاؤسنگ کی 11 رکنی ٹاسک فورس نے سفارشات مرتب کرلی ہیں، جس کے تحت رئیل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ کے شعبے میں عوام کو مراعات دیے جانے کا پیکیج تیار کیا گیا ہے۔
حکومت نے پراپرٹی اور ہاؤسنگ سیکٹر میں گزشتہ بجٹ کے دوران لگائے گئے ٹیکسز پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے اور اس سیکٹر کی بحالی کے لیے جامع پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 11رکنی ٹاسک فورس کی سفارشات وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کردی گئی ہیں۔وزیراعظم نے سفارشات پرفیصلے کے لیے 3 فروری کو اہم اجلاس طلب کرلیا۔
9
جوڈیشل کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کیلئے 10 ایڈیشنل ججز کی منظوری دے دی۔رپورٹ کے مطابق عدالتوں میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس ہوا۔
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں پشاورہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس میں 9 ایڈیشنل ججز کی تعیناتیوں کیلئے 40 نام زیر غور تھے۔ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے پشاور ہائی کورٹ کے لیے 10 ایڈیشنل ججز کی منظوری دے دی۔


